10
ابو المظفر محی الدین محمد اورنگ زیب بہادر عالمگیر شاہ غازی کا بیان ولادت سے پادشاہ ہونے تک
خانی خاں نے اپنی تاریخ میں لکّھا ہے:_
"اورنگ زیب 1028 ہ 1619ء میں پیدا ہوا۔ اس کی تاریخ ولادت "آفتاب عالمتاب" ہے۔ "پادشاہ نامہ" میں تاریخِ ولادت 15/ ذیقعدہ 1027ہ اور ظفر نامہ میں شبِ یکشںبہ 15 ذیقعدہ 1028 ہ درج ہے۔ وہ دوہودر جو اصل میں دوحد ہے اور جس کی وجہ تسمیہ ہم نے پہلے لکّھی ہے۔ وہ اُجین سے سو 100 میل پر اور بڑودہ سے شمال مشرق میں 70 میل پر واقع ہے) میں پیدا ہوا۔ جو صوبہ احمد آباد اور مالوہ کی سرحد پر ہے۔ ایامِ شاہزادگی میں بلخ، بدخشاں کی تسخیر میں اور قندھار و دکن کی مہمات میں اور مست جنگی ہاتھی سے لڑنے میں جو کام اُس سے ظہور میں آئے۔ وہ ہم نے ظفر نامہ صاحب قرآنی میں مفصّل بیان کر دئے ہیں اس کے اعادہ کی ضرورت نہیں۔ مگر بعض واقعات کو یہاں لکھنا ضروری ہے۔ جن سے معلوم ہو کہ عالمگیر کیونکر تخت نشین ہوا۔
شاہجہان کی علالت اور حصولِ سلطنت کےلئے داراشکوہ کی جدوجہد
شاہجہان 7/ ذی الحجہ 1067ہ کو دارالخلافہ شاہجہان آباد (دہلی) میں بیمار ہوا۔ مرض کی شدّت سے روز بروز ضعف بڑھتا گیا۔ جس کے سبب سے وہ امورِ مملکت کے نظم و نسق میں مصروف نہ ہوا اور دستور کے موافق غسل خانہ میں بھی نہ آیا۔ اور نہ ہی خاص و عام کو اپنا چہرہ دکھایا۔ خلقِ خدا کو ہر روز اُس کی زیارت کی عادت تھی۔ جب وہ اس سے محروم ہوئے۔ تو ان کو اور خیالات پیدا ہوئے