آج خبروں میں سیالکوٹ اور سی ٹی آئی گراؤنڈ، جہاں پی ٹی آئی کا جلسہ ہونا تھا، کا بار بار ذکر ہو رہا ہے تو مجھے بھی سی ٹی آئی اسکول اور اپنے لڑکپن کے دن یاد آ گئے۔ سی ٹی آئی اسکول ایک قدیمی اسکول ہے، 1881 میں یہاں چرچ بنا تھا اور 1888 میں اسکول کا آغاز ہوا۔ اس خاکسار نے جب 1988 میں یہاں سے میٹرک کیا تو اس سال اسکول کا صد سالہ جشن منایا جا رہا تھا۔ میرے والد صاحب مرحوم، میرے مامؤں اور میرے بھائیوں نے بھی یہیں سے میڑک کیا تھا۔یہ مسیحی مشن کا اسکول تھا، بھٹو نے قومیا لیا تھا لیکن اب واپس مشن کے پاس ہے۔
اسکول کا بورڈ آف آنرز، جس میں خاکسار کا نام بھی موجود ہے، گو میری حیثیت اپنی کلاس میں اندھوں میں کانا راجا کے مصداق تھی اور میں کوئی بہت آؤٹ کلاس طالب علم بھی نہیں تھا لیکن اس لسٹ میں نام بہرحال آ گیا، جسے اب بھی دیکھتا ہوں تو دل خوش ہو جاتا ہے۔