مریم افتخار
محفلین
السلام علیکم! میں ہوں آپ کی میزبان مریم افتخار اور میرے ساتھ ہیں محمد ظہیر، نور سعدیہ شیخ، فہد اشرف اور حمیرا عدنان. آئیے اردو محفل فورم کی تیرہویں سالگرہ کے موقع پر محفلین کے انٹرویو کے سلسلے کو آگے بڑھاتے ہیں. ہماری آج کی مہمان وہ ہستی ہیں کہ جن کا انٹرویو کرنا ہمارے لیے بڑی سعادت کی بات ہے. انہیں ہم میں سے بہت کم محفلین جانتے ہیں اور وجہ اس کی یہ ہے کہ جب سے اردو محفل ہے تب سے اس کے ناصرف رکن ہیں بلکہ اردو محفل کے اس سٹیج پر ان کا کردار بھی بڑا ہے تبھی تو منتظم اعلی نبیل بھیا نے انہیں اپنے پسندیدہ ترین محفلین میں سے قرار دیا، مگر اس کے باوجود ابھی تک ان کے ایک ہزار مراسلہ جات مکمل نہیں ہوئے. آج ہم سب یہاں نہ صرف ان کے بارے میں جاننے بلکہ یہ تمغہ اور منصب ہزاری بھی دلوانے کے لیے اکٹھے ہوئے ہیں. جہاں تک ہمارے ذہن کی آوارہ گردی کا تعلق ہے تو ان کا نام سنتے ہی ہمارے ذہن میں ہمارے فیورٹ 'سعادت حسن صاحب' کا خاکہ سا آتا ہے. ان کے بارے میں بقیہ تفصیلات جانتے ہیں ان ہی سے. آپ سب کی بھرپور تالیوں میں تشریف لاتے ہیں سعادت صاحب!