سعادت بھائی کا انٹرویو

سعادت

تکنیکی معاون
7.کون سی مشغولیت وقت کا بڑا حصہ ہضم کر جاتی ہیں؟
انٹرنیٹ پر سائٹ گردانی—ٹوئٹر، ہیکر نیوز، ریڈِّٹ، کبھی کبھار محفل بھی۔ :)

9. اینڈرائڈ اور آئی او ایس میں کسے ترجیح دیتے ہیں اور کیوں
اینڈرائیڈ۔ کیونکہ اوپن سورس ہے، اور LineageOS کی بدولت گوگل کی پروپرائٹری ایپس سے بھی جان چھوٹ جاتی ہے۔ (موبائل کمپیوٹنگ کے حوالے سے میری ضروریات کافی محدود ہیں، اور اوپن سورس ایپس ہی سے میرا گزارا ہو جاتا ہے۔)
 
سعادت

تکنیکی معاون
8. مسئلہ کشمیر کو کس طرح حل کیا جانا چاہیے جس سے تینوں فریق خوش رہیں
میں اس سوال کا جواب دینے کی قطعاً اہلیت نہیں رکھتا۔ ایک سادہ سی رائے یہی ہے کہ کشمیریوں سے پوچھنا چاہیے کہ وہ پاکستان یا ہندوستان میں سے کسی سے الحاق چاہتے ہیں یا ایک الگ ریاست بننا چاہتے ہیں۔ اور پھر جو بھی اُن کا فیصلہ ہو، اُس پر سب کو اچھے بچوں کی طرح عمل کرنا چاہیے۔ :)
 
نبیل

تکنیکی معاون

میں اکثر دیکھ کر حیران ہوتا ہوں کہ مجھ سے کہیں کم عمر کے لوگ مجھ سے زیادہ میچیورٹی کے مالک ہوتے ہیں۔ :)
اور مجھ سے کہیں زیادہ عمر رسیدہ لوگوں کا رویہ دیکھ کر سعدی کی بات یاد آتی ہے کہ بزرگی بعقل ست نہ بسال۔ :)
 
نور وجدان

لائبریرین
اب سوالات میری جانب سے ...

۱.محفل کا پسندیدہ سیکشن؟ ( جہاں آپ زیادہ پائے جاتے ہوں)
۲.خود اپنا پوسٹ کیا ہوا پسندیدہ موضوع
۳.کچھ اپنے خاندانی بیک گراؤنڈ کے بارے میں بتائیں۔۔؟ آپ کا تعلق کہاں سے ہے اور وغیرہ وغیرہ؟
۴.خوشبو کونسی پسند ہے؟
۵.سردیاں زیادہ اچھی لگتی ہیں یا گرمیاں ؟
۶.سردیاں زیادہ اچھی لگتی ہیں یا گرمیاں ؟
۷.پھول کونسا پسند ہے؟
۸.پاکستان کے علاوہ کہاں رہنا پسند کریں گے؟
۹.پاکستان میں سیر کے لیے کہاں جانا پسند کریں گے؟
۱۰.دنیا میں سیر کے لیے کہاں جانا پسند کریں گے؟
۱۱.کسی سے پہلی ملاقات میں اس کے بارے میں رائے قائم کرتے ہوئے کس چیز کو اہمیت دیتے ہیں؟
۱۲.فیصلہ کرتے ہوئے سب سے زیادہ اہمیت کس بات کو دیتے ہیں؟
 
لاریب مرزا

محفلین
سعادت بھائی کے بارے میں بس اتنا علم تھا کہ ان کے اور ہمارے ستارے ملتے جلتے ہیں۔ :p
محفل کے انتہائی کم گو محفلین کا انٹرویو پڑھ کے خوشی محسوس ہو رہی ہے۔ :)
انٹرویو ٹیم کے سوالات ختم ہوں تو ہم بھی آپ سے کچھ سوال کریں۔ :)
 
سعادت

تکنیکی معاون
.محفل کا پسندیدہ سیکشن؟ ( جہاں آپ زیادہ پائے جاتے ہوں)
زیادہ تر تو ٹائپوگرافی کے زمرے میں پایا جاتا ہوں۔ اس کے علاوہ سائنس، ٹیکنالوجی، کتابوں، اور فلموں کی لڑیاں بھی اچھی لگتی ہیں۔

۲.خود اپنا پوسٹ کیا ہوا پسندیدہ موضوع
مدھم نیلا نقطہ
 
سعادت

تکنیکی معاون
۳.کچھ اپنے خاندانی بیک گراؤنڈ کے بارے میں بتائیں۔۔؟ آپ کا تعلق کہاں سے ہے اور وغیرہ وغیرہ؟
میرے ددھیال کا تعلق لکھنؤ سے ہے، اور ننھیال کا تعلق حیدرآباد دکن سے۔ تقسیم کے وقت تقریباً تمام بزرگ پاکستان آ گئے تھے۔
 
سعادت

تکنیکی معاون
۴.خوشبو کونسی پسند ہے؟
کوئی خاص preference نہیں ہے، لیکن عموماً ایسی خوشبو پسند کرتا ہوں جو دھیمی ہو۔

۵.سردیاں زیادہ اچھی لگتی ہیں یا گرمیاں ؟
مجھے معتدل موسم، خزاں اور بہار، زیادہ اچھے لگتے ہیں، لیکن آجکل تو یہ دونوں بالترتیب سردیوں اور گرمیوں میں گڈمڈ ہو کر رہ گئے ہیں۔ (خود سردیاں بھی تشویشناک حد تک سکڑتی جا رہی ہیں۔)

۷.پھول کونسا پسند ہے؟
چیری بلاسمز کی خوبصورتی کا مداح ہوں۔
 
سعادت

تکنیکی معاون
۸.پاکستان کے علاوہ کہاں رہنا پسند کریں گے؟
پاکستان کے علاوہ کہیں اور رہنے کا تجربہ نہیں، سو کچھ کہہ نہیں سکتا۔

۹.پاکستان میں سیر کے لیے کہاں جانا پسند کریں گے؟
۱۰.دنیا میں سیر کے لیے کہاں جانا پسند کریں گے؟
شہر سے باہر سیر (خصوصاً سفر) کے معاملے میں بہت سست ہوں۔ لیکن اگر کبھی وسائل میسر ہوئے تو وائلڈلائف سفاری کرنا پسند کروں گا۔
 
سعادت

تکنیکی معاون
۱۱.کسی سے پہلی ملاقات میں اس کے بارے میں رائے قائم کرتے ہوئے کس چیز کو اہمیت دیتے ہیں؟
گفتگو کا انداز دیکھتا ہوں۔

۱۲.فیصلہ کرتے ہوئے سب سے زیادہ اہمیت کس بات کو دیتے ہیں؟
معاملے پر منحصر ہے۔ Impulsive بھی ہوں اور کبھی کبھار جلدبازی میں فیصلہ کر جاتا ہوں۔
 
نیرنگ خیال

لائبریرین
میں اکثر دیکھ کر حیران ہوتا ہوں کہ مجھ سے کہیں کم عمر کے لوگ مجھ سے زیادہ میچیورٹی کے مالک ہوتے ہیں۔ :)
اور مجھ سے کہیں زیادہ عمر رسیدہ لوگوں کا رویہ دیکھ کر سعدی کی بات یاد آتی ہے کہ بزرگی بعقل ست نہ بسال۔ :)
اور ہم عمر؟
 
عثمان

محفلین
سعادت بھائی، ماشااللہ میری طرح آپ بھی جڑواں بیٹوں کے باپ ہیں۔ :)
اپنے بچوں کی پرورش کے حوالے سے کچھ تجربات شئیر کیجئے۔
Identical ہیں یا Fraternal ؟
کونسی سٹرولر استعمال کرتے رہے ہیں؛ Side by Side یا Tandem ؟
کیا دیگر رشتہ دار باآسانی چہروں میں فرق پہچان لیتے ہیں؟
دونوں کی شخصیات میں کتنا فرق محسوس کرتے ہیں؟ کیا ایسا محسوس ہوتا ہے جیسے دونوں کچھ عرصہ بعد عادات کا تبادلہ کرتے ہیں؟
جب دیگر بچوں میں لے کر جاتے ہیں تو دونوں دیگر بچوں میں آسانی سے گھل مل جاتے ہیں یا آپس میں ہی مصروف رہتے ہیں؟
جڑواں کو دیکھ کر کون لوگ زیادہ متوجہ ہوتے ہیں بزرگ خواتین یا دیگر چھوٹے بچے؟
اپنے بچوں کو کیا شوق سے پڑھانا پسند کرتے ہیں؟
روزمرہ کے کاموں میں وہ کونسا کام ہے جو آپ باقاعدگی سے بچوں کے ساتھ کرتے ہیں؟
 
سعادت

تکنیکی معاون
سعادت بھائی، ماشااللہ میری طرح آپ بھی جڑواں بیٹوں کے باپ ہیں۔ :)
اپنے بچوں کی پرورش کے حوالے سے کچھ تجربات شئیر کیجئے۔
بچوں کی پرورش کرنا شاید دنیا کا واحد کام ہے جو بیک وقت انتہائی rewarding بھی ہے اور انتہائی frustrating بھی۔ اور پھر جڑواں بچوں کے ساتھ تو سونے پر سہاگہ والا معاملہ ہو جاتا ہے۔ :)

Identical ہیں یا Fraternal ؟
آئیڈینٹکل۔ پریگننسی کے دوران جب پہلی بار علم ہوا کہ جڑواں ہیں تو میری اور بیگم کی خواہش تھی کہ ایک بیٹا اور ایک بیٹی ہونے چاہیئیں، لیکن الٹراساؤنڈ معائنے نے جلد ہی خبر دے دی کہ آئیڈینٹکل ہیں۔

کونسی سٹرولر استعمال کرتے رہے ہیں؛ Side by Side یا Tandem ؟
بڑے بیٹے کے لیے استعمال ہونے والی سٹرولر کافی کھُلی تھی، سو جڑواں کے لیے بھی وہی استعمال کرتے رہے۔ جب جڑواں چھوٹے تھے تو ان میں سے ایک سٹرولر میں ہوتا تھا تو اور دوسرا گود یا carry cot میں۔ کچھ بڑے ہوئے تو دونوں اُسی کھُلی سٹرولر میں آگے پیچھے بڑے مزے سے بیٹھ جایا کرتے تھے۔

کیا دیگر رشتہ دار باآسانی چہروں میں فرق پہچان لیتے ہیں؟
ایک کے گال پر ایک تِل ہے جس کی وجہ سے اب رشتےدار پہچان لیتے ہیں۔ دونوں کی ناک کی ساخت میں بھی ہلکا سا فرق ہے لیکن اس کی مدد سے گھر والوں کے علاوہ کسی اور کا پہچاننا کچھ مشکل ہے۔
 
سعادت

تکنیکی معاون
دونوں کی شخصیات میں کتنا فرق محسوس کرتے ہیں؟ کیا ایسا محسوس ہوتا ہے جیسے دونوں کچھ عرصہ بعد عادات کا تبادلہ کرتے ہیں؟
کافی فرق محسوس ہوتا ہے۔ :) ایک کچھ مؤدب اور تھوڑا کم ایتھلیٹک ہے، لیکن حیران کُن طور پر سلائیڈز اور دیگر جھولوں کے معاملے میں نہیں جھجکتا؛ دوسرا ذرا باغی طبیعت رکھتا ہے، اِدھر اُدھر چھلانگیں لگانے اور کھڑکیوں سے لٹکنے کا شوقین ہے، لیکن نجانے کیوں جھولوں وغیرہ کے معاملے میں کنزرویٹِو ہے۔ گلا پھاڑ کر گانا گانے کے دونوں ہی شوقین ہیں۔ :)

عادات کا تبادلہ ابھی تک تو محسوس نہیں کیا۔ ایک دوسرے کی دیکھا دیکھی کام ضرور کرتے ہیں (جیسے ایک کھڑکی پر لٹکا ہوا ہے تو دوسرا اسے دیکھ کر کوشش کرے گا اگرچہ اس معاملے میں اتنا باصلاحیت نہیں)۔

جب دیگر بچوں میں لے کر جاتے ہیں تو دونوں دیگر بچوں میں آسانی سے گھل مل جاتے ہیں یا آپس میں ہی مصروف رہتے ہیں؟
موڈ پر منحصر ہے۔ کبھی کبھار دوسرے بچوں کے ساتھ خوب کھیلتے ہیں (خصوصاً اگر بڑا بھائی بھی ان بچوں کے ساتھ کھیل رہا ہو)۔ کبھی میری یا بیگم کی گود میں بیٹھے رہتے ہیں۔

جڑواں کو دیکھ کر کون لوگ زیادہ متوجہ ہوتے ہیں بزرگ خواتین یا دیگر چھوٹے بچے؟
خواتین اور چھوٹی بچیاں زیادہ متوجہ ہوتی ہیں۔ کئی مرتبہ ایسا ہوا کہ ہم شاپنگ کے لیے باہر گئے اور سکول گرلز کی ایک ٹولی انہیں دیکھتے ہی فدا ہو گئی۔

اپنے بچوں کو کیا شوق سے پڑھانا پسند کرتے ہیں؟
بڑا بیٹا کہانیوں کا شوقین ہے، سو اس کے ساتھ اردو اور انگریزی کی چھوٹی چھوٹی کہانیاں پڑھتا رہتا ہوں۔ جڑواں بیٹے آج کل تصاویر کو دیکھ کر بہت خوش ہوتے ہیں، چاہے بڑے بھائی کی کسی کہانی کی کتاب میں ہوں یا کسی کافی ٹیبل بُک میں، سو ان کو تصاویر دکھا کر نام سِکھانے کی کوشش کرتا ہوں (دونوں نے ابھی مکمل بولنا شروع نہیں کیا)۔

روزمرہ کے کاموں میں وہ کونسا کام ہے جو آپ باقاعدگی سے بچوں کے ساتھ کرتے ہیں؟
کوشش کرتا ہوں کہ دن میں ایک وقت کا کھانا (عموماً ڈنر) ان کے ساتھ ضرور کھاؤں۔
 
آخری تدوین:

زیک

مسافر
بلاگنگ کب شروع کی؟

ڈائری ایکس پر بلاگ بنانے کی کیا وجہ تھی؟

بلاگنگ کب اور کیسے ختم ہوئی؟
 
سعادت

تکنیکی معاون
بلاگنگ کب شروع کی؟
۲۰۰۳ء میں۔

ڈائری ایکس پر بلاگ بنانے کی کیا وجہ تھی؟
سب سے پہلا بلاگ جو میں نے ویب پر دیکھا تھا، وہ ڈائری‌لینڈ کے پلیٹ‌فارم پر تھا۔ اس کے بعد بلاگ‌سپاٹ کے بلاگز بھی نظر سے گزرے۔ دونوں پر اپنا بلاگ بنایا، لیکن تھِیم کسٹمائزیشن کے معاملے میں مجھے دونوں ہی پسند نہیں آئے (وجہ یاد نہیں)۔ پھر ڈائری-ایکس کا علم ہوا، اُس کی تھِیمنگ کی ڈاکیومینٹیشن دیکھ کر ایک دو کامیاب تجربے کیے، اور پھر وہیں پر بلاگنگ شروع کر دی۔

بلاگنگ کب اور کیسے ختم ہوئی؟
پرانے بلاگ پر آخری پوسٹ ۲۰۱۳ء میں کی تھی (اور وہ بھی تقریباً دو سال کے وقفے کے بعد)۔ ’کیسے ختم ہوئی‘ کا جواب دینا کچھ مشکل ہے، ایک طرح کا ’بلاگرز بلاک‘ کہہ لیں (میرا بلاگ ویسے بھی سُست اپڈیٹس کی وجہ سے بدنام تھا :)

بلاگنگ مجھے اب بھی پسند ہے؛ ایک نیا بلاگ بھی بنا رکھا ہے، لیکن اس پر بھی ۲۰۱۴ء کے بعد سے کوئی نئی تحریر نہیں لکھی۔ (اُسے دوبارہ رواں کرنے کا ارادہ تو ہے، دیکھیے کیا بنتا ہے۔)
 
Top