"میڈ آف دی مِسٹ" نامی کشتی (یا شاید جہاز) آبشار کے کافی نزدیک سے گزارتی ہے۔ ہمارے پلان میں اس کا "جھُوٹا" بھی شامل تھا۔ تاہم یہاں پہنچ کے علم ہوا کہ اکتوبر کے وسط کے قریب اس کو موسم سرما کے اختتام تک بند کر دیا جاتا ہے۔
سو ہم نے ان کی پارکنگ پلیس کی تصاویر پہ ہی اکتفا کیا۔
مزید آگے گئے تو آبزرویشن ڈیک دکھائی دیا۔ گرمیوں میں شاید اس پہ ٹکٹ بھی ہوتا ہے، تاہم سردیوں میں ٹکٹ ختم کر دیا جاتا ہے۔ ویسے اتنی سردی تھی کہ ہمارے خیال میں اس موسم میں اس پہ چڑھنے پہ کچھ پیسے ملنے چاہییں۔
آبزروین ڈیک کے بعد اگلی منزل لیونا آئی لینڈ تھا۔ یہ ایک چھوٹی سی جزیرہ نما جگہ ہے جو دو آبشاروں کے درمیان میں واقع ہے۔ اس جگہ سے آبشار کے انتہائی نزدیک آ جاتے ہیں۔ اتنا نزدیک کہ ہاتھ بڑھا کر پانی کو چھوا جا سکتا ہے۔
لیونا آئی لینڈ جانے کے لئے واپس پیدل چلے اور دریا کو ایک پل سے کراس کیا۔