کیا وقت کو قید کرنے میں کچھ کامیابی ہوئی ۔؟
کسی حدتک
وقت میری نظرسے کاغذ پر اُترا تو ٹھہرگیا- میں نے اُسے زمانے سے چُرا کر اپنی انگلیوں میں محفوظ کرلیا
کیا کہیں گے آپ کہ محترم اشفاق احمد صاحب نے " تصوف " کو بہت آسان لفظوں میں عام کرنے کی کوشش کی ۔ اور اپنی کوشش میں کسی حد تک کامیاب بھی رہے ۔
کیا آپ اشفاق احمد صاحب کی سوچ کے کسی زاویئے سے اختلاف کرتے ہیں ۔ ؟
میں بابا کے لفظوں سے خیالات سے مہک رہا ہوں اُن میں سانس لے رہا ہوں- بھلا خوشبو سے بادصبا سے اختلاف کون کرے
بابا نے تصوف کوعام کرنے اس کو سمجھانے میں بڑا اہم کردار ادا کیا ہے اس سے کسی کو انکار نہیں ہوسکتا
کیا یہ گداز صرف آنکھوں میں نمی کی فراوانی ہی پیدا کرنے کا سبب یا یہ گداز کسی اور صورت معاشرے میں مہکتا نظر آتا ہے ۔؟
گداز نرمی اور تو طبیعت میں نرمی اور مزاج میں ٹھہراؤلاتا ہے - انسانی ہمدردی کے جذبے کو جلا ملتی، خلق خدا کی بہبود کا
کام چلتا ہے یہ گداز ایدھی بن کر بے لوث خدمت کی علامت بن جاتا ہے - راہ سے کانٹے پتھر اُٹھاتا ہے ماحول کو آلودگی سے
پاک کرتا ہے - چارہ ساز ہوتا ہے غمگسار ہوتا ہے
سو یہ کہا جا سکتا ہے کہ عشق حقیقی کی راہ گامزن سالک کا سب سے پہلا پڑاؤ بے وفائی کے درد کو چکھنا ہوتا ہے ؟
بے وفائی یہ بے ثباتی ہی جس سے آدمی کو اس کے فانی اور وقتی ہونی کی آگہی مل جاتی ہے- یہ بے وفائی عورت یا دولت
کسی بھی شکل میں ہوسکتی ہے- زمانے کا تغیر ہوسکتا- اس پانی کے بلبلے سی حیات کا ادارک ہوسکتاہے
( نایاب بھائی بھی میری گستاخی اور اس چھوٹے منہ کی بڑی بات کو معاف فرمائے گا)
اس قید تنہائی سے نجات کیسے ممکن ہے ؟
کیا اس سے نجات حاصل کی جا سکتی ہے ۔؟
اس قید کی معیاد مقرر ہے اس کو اسے جھیلنا ہوگا- فراق کی آگ میں جلنا اس کا مقدر ٹھہرا- کچھ روحیں
ریاضت اور مجاہدے کی بھٹی سے گذر کر کندن بن جاتی ہیں ، راہ پالیتی ، درشن ہوجاتے ہیں اشارے مل جاتے ہیں
جسم کی قید میں قرب سے فضیاب ہوجاتی ہیں - کسی مرشد کامل ، کسی راہنما کے ساتھ سفر کرنے لگتی ہیں،
قافلہءحق میں شمولیت کا شرف پاکرسکون پاجاتی ہیں
حسین بن منصور کی صدا کو آپ نے کیسے سنا ۔
کیا یہ صدا سوتوں کو جگانے کے لیئے تھی ۔ ؟
اس صدا کا مقصود کیا تھا ؟
حسین کی صدا کو سن پاتا تو مجذوب نا ہوجاتا ، میں نے تو اس صدا کی بازگشت سنی ہے کبھی سلطان باہو کے کلام میں
کبھی میاں محمد بخش کے لہجے میں، کبھی خواجہ فرید کی کافیوں میں تو کبھی شاہ حسین کی آہوں میں
حسین منصور سے راز آشکار ہوگیا محبوب کی محفل خلوت کی بات سرعام ہوگئی ، ظاہر کا مفتی اپنے منصب کا پاسدار تھا
اور حُسین منصور عشق کی مہک کو عام کرنے پر سولی چڑھا دیا گیا - مقصد یہ تھا کہ بات زیرلب ہوں آواز بلند ہوتو مفہوم
ومعنی میں جانچی جائے گی
( میری کم علمی کے سبب کوئی بات بُری لگے تو اسے خدرا نظرانداز کردیجئیے گا)
یہ وچھوڑا کون سا ہے جس کی دہائی دے رہے ہیں جناب شاہ حسین ؟
شاہ حسین ماں کے پیار سے اُس سترہزار زیادہ پیار کرنے والے کے وچھوڑے کی دہائی دیتے ہیں
اُس جنت گم گشتہ کی جلا وطنی میں تڑپتے ہیں جو اُن کو بخشی گئی تھی- معافی مانگتے ہیں ، گڑگڑاتے ہیں
کہتے ہین کہ ہر دور رہنے والا اجنبی نہیں اور ہر پاس ہونے والا دوست نہیں
تنہائی خیال سے ابھرتی ہے ۔ اور جیسے ہی اس خیال میں کوئی اجمال شامل ہوا ۔
تنہائی ختم ہو گئی ۔ اب خیال ہے اور اجمال ہے ۔ گفتگو ہورہی ہے ۔ روح ہنس رہی ہے رو رہی ہے ۔
اور روشنی کی جانب مصروف سفر قافلے میں شریک ہو رہی ہے ۔
جسم اکیلے ہیں اس دنیا کے میلے میں ۔
اس خیال کو اس سوچ کو آپ اپنے الفاظ سے آگے بڑھائیں گے۔؟
خوش نصیبی اور عطائے ربی کہ اس قیدی روح کو کوئی ہم نفس مل جائے کو ہم زباں ہو
پل بھر کا ساتھ صعبتوں کا مدوا بن جائے کوئی ہادی ، کوئی مرشد اسم سکھائے دے کی یہ
ہری بھری ہوجائےتو سبحان اللہ
اس عشق کا کچھ حال سنائیں گے ؟
وہ شہر جو ہم سے چُھوٹا ہے ، وہ شہر ہمارا کیسا ہے
سب لوگ ( شہر) ہمیں تو پیارے ہیں وہ جان سے پیارا کیسا ہے
نایاب بھائی جس شہر میں آپ کے اُستاد ہوں ، اسکول ہو، ہم جماعت ہوں، بچپن کی آہٹیں ہوں ، دوستوں کی مسکراہٹیں ہوں
زبان پر اس کے ذائقے ہو ، اس کی گلیوں کے منظر ، محلے کی مسجد کی اذان ہو تو
اس کے عشق کا حال تو تمام عمر چہرے پر رقم رہتا ہے
@آپ کسی سے پہلی ملاقات میں اس کی خوبصورتی اور رکھ رکھاو پر توجہ دیتے ہیں یا اس کی شخصیت کو جان کر توجہ سے نوازتے ہیں ۔
کبھی ایسا ہوا کہ کسی خوبصورت اور رکھ رکھاؤ کی حامل شخصیت کہ پردے میں کسی بدنما چہرے سے ملاقات ہوئی ۔؟
آپ کو فن مصوری سے شغف ہو تو خالق کائنات کا بنا ہر چہرہ دلکش دکھتا ہے - ہر کسی کے چہرے میں اک ضیاء سی ہوتی ہے
آنکھ کے ساتھ کان اگرفعال ہوں تو شخصیت کا پتا باآسان چل جاتا ہے - اخلاق ہو تہذیب ہو بات کرنے کی تمیز ہو تو شخصیت دلکش
وگرنہ ساری ظاہری چمک دو بُرے جملوں میں ماند پڑجاتی ہے- نایاب بھائی ظاہری دلکشی بس ایک ستائش کی نظر اور سبحان اللہ
اب اس سے آگے تو وصف ہیں جو متاثر کرتے ہیں
ویسے میرا واسطہ بہت کم بدنما لوگوں سے پڑا
@آپ صنف مخالف سے ابھرنے والی کشش سے کس قدر متاثر ہوتے ہیں ۔ ؟
@کیا آپ " قوت دافعہ اور قوت جاذبہ " سے رہنمائی لیتے ہیں ؟
صنف مخالف اگر انسان بعد میں اور صنف نازک پہلےثابت کرنے پر تُلی ہو تو بلکل متاثر نہیں کرتی بلکہ کبھی احساس کمتری اور کبھی
عدم تحفظ اور اعتماد سے محرومی کے سگنل دے کر ہمیں اس کو نظر انداز کرنے کے بھرپور موقعے فراہم کردیتی ہے:ُ)
@آپ اپنی گفتگو سے فنکارانہ مزاج کے حامل محسوس ہوتے ہیں ۔ اور سنا پڑھا کچھ ایسے ہے ان لوگوں کے بارے میں کہ یہ اپنے تخیل کی پرواز میں اس قدر محو جاتے ہیں ۔ لا شعوری طور پر ہوا سے باتیں کرنے لگتے ہیں ۔ اپنی انگلی کو قلم بنا اپنے سامنے پڑی کسی شئے یا ہوا میں چلانے لگتے ہیں ۔اور آس پاس موجود لوگ حیرانی سے انہیں دیکھتے ہیں ۔
کیا آپ کے تخیل نے کبھی آپ کو ایسے نمایاں کیا ۔؟
نہیں میں اپنے اندر کے فنکار، شاعر اور مجذوب کو سرعام نہیں ہونے دیتا
مناظر آنکھوں میں جذب ہوجاتے ہیں
وجد اندرونی دھمال ڈالتا ہے اور شعر خاموش نعرہء ستائش بلند کرتے رہتے
ہاتھ کار ول دل یار ول کی سی کفیت کہیں لیں یا اس کی نقل کی توفیق کہہ لیں
@اپنی شخصیت بارے آپ کا تجزیہ کیا ہے کہ آپ اجتماعیت پسند ہیں یا انفرادیت پسند؟
سر جی دونوں رنگ ہیں اور سب میں ہی ہوتے ہیں کچھ میں برابر کچھ میں کم زیادہ
مجھ میں کونسا کتنا ہے اسکی مجھے قطعی پرواہ نہیں تو تجزیہ کون کرے
@آپ کے کے مزاج میں نری سنجیدگی ہی سنجیدگی ہے یا مزاح بھی پایا جاتا ہے یا پھر دونوں وقت کی ضرورت کے لحاظ سے ؟
کافی حدتک سنجیدگی مگر مزاح کی لہر آئے تو
کاشف اکرم وارثی اور@شمشاد اس سے واقف ہیں
@کتنی زبانوں سے آپ کو آشنائی ہے اور کتنی پر عبور حاصل ہے ؟
پنجابی ، اُردو، انگریزی اور سندھی کی تھوڑی بہت سوجھ بوجھ ہے
اور ان میں سے پسندیدہ کونسی ہے ؟
پنجابی اور اُردو
@کیا آپ کو کھیلوں سے دلچسپی ہے؟
@کونسا کھیل زیادہ پسند ہے ۔؟
خلقت شہر میں جس ہار کے چرچے ہیں
میں وہ بازی کبھی کھیلا ہی نہیں تھا شاید
بقول میری والدہ کہ میں بوڑھا پیدا ہواتھا جسے کھیل( کود) سے کوئی واسطہ نہیں
@کیا آپ کو کھانا بنانا آتا ہے ؟
@ کوئی آپ کے کھانے کی تعریف کرے تو آپ کیا کرتے ہیں؟
جناب ایک عرصے تک جب بہن اور بھابی یہاں نہیں تھیں تو کسی ماہر شف کی طرح سب کچھ پکایا
اپنے انداز میں کسی ترکیب کو فالو کیے بناء میرے شادی شدگان دوستوں کو میرے بنائے کوفتے بہت پسند ہیں
جس کا اب کبھی وہ برملا اظہار اپنی بیگمات کے سامنے کردیں تو مجھے اُن کے گھر سے چائے بھی نہیں ملتی
مغل بچہ ہو تو ستائش اور صلے کی خاص پرواہ نہیں کرتا
@آپ کا پسندیدہ کھانا کون سا ہے؟
کدو، پالک، شلجم اور دال کریلے
@آپ کے روزمرہ کے مشاغل کیا ہیں ؟
کتابیں ، نیٹ اور ٹی وی
@آپ غصے میں کیا کرتے ہیں ؟ برتن توڑتیے ہیں یا جو سامنے ہو اسے۔۔۔ ۔؟
سر میں نے اپنے اندر کے غصیل جانور کو بڑا کس کے باندھ رکھا ہے ، پانی سے اس کو ٹھنڈا کرتا ہوں
لیکن کچھ موقعوں پر جب رسا تڑا کے باہر آیا تو اس نے مجھے زیادہ لہولہان کیا دوسروں کو تو بس حیرت میں
مبتلا کیا کہ یہ کون تھا؟ ویسے کبھی کوئی چیز نہیں توڑی اس نے کچھ سرپھروں کے بُت توڑے ہیں بس
@ دوسروں کی خوشی آپ کے لیے کیا معنی رکھتی ہے؟ اور کیا آپ لوگوں کو خوش رکھنے کی کوشش کرتے ہیں ؟
میرے والدین ، بہن بھائیوں ، دوستوں اور سب سے بڑھ کر اب تو اپنے سات لاڈلوں (بہن بھائی کے بچوں ) کی خوشی
میرے لیے بہت اہم ہے - لیکن اس میں حد سے تجاوز اور اپنی آزادی
کا خیال بھی پیش نظر رہتا ہے- تلخ کلامی
لڑائی جھگڑے سے اجتناب کی ہر ممکن کوشش( ہر انسان سے) میری ترجیحات میں شامل ہے - کسی کو خوش نہیں کرسکتے تو
دُکھ کا سامان بھی نہ کرو ہمارا ماننا تو یہ ہے