تعبیر
محفلین
السلام علیکم دوستو!
کافی عرصے سے کچھ لکھا نہیں اور نا ہی پوسٹ کیا ہے سو یونہی کچھ پوسٹ کرنے کو دل چاہ رہا تھا سو یہ آئیڈیا کہیں سے کچھ پڑھ کر ذہن میں آیا ہے ۔اب پسند کرنے کے لائق ہے یا نہیں یہ آپ پڑھنے کے بعد فیصلہ کیجئے گا۔
ہاں تو بھائی لوگو یہاں ہر ممبر منفرد اور اہم ہیں
ان ممبران کو میں نے مختلف کیٹگریز/اقسام میں تقسیم کیا ہے
آپ خود فیصلہ کیجیے گا کہ آپکا شمار کس کیٹگری میں ہوتا ہے اگر ان میں سے کسی بھی کیٹگری میں نہیں ہوتا ہے آپ خود اس کیٹگری کی نشاندہی کر کے ہمیں شکریہ کا موقع دیں۔
1) گپ چپ/خاموش تماشائی محفلین
محفلین کی وہ قسم ہیں جنہیں ہر بات ،ہر پوسٹ ہر بات ہر ممبرکا پتہ ہوتا ہے لیکن یہ خود کبھی بھی کہیں بھی کچھ پوسٹ نہیں کرتے ۔بس سلیمانی ٹوپی پہنے محفل کا جائزہ لیتے رہتے ہیں۔
2) سمائلی کلک محفلین
محفلین کی وہ قسم جو الفاظ کی ذخیرہ اندازی کرتی ہے بس اپنے رپلائی میں صرف سمائلی اور زبردست،پسند،ناپسند والے آئیکون استعمال کرتی ہے۔
3) تعارفی محفلین
محفلین کی وہ قسم جو آتےاور جاتے (ایک ساتھ ہی) بس ایک تعارفی تھریڈ پوسٹ کر کے داخلی دروازے سے آتے ہی exit سے نکل جاتی ہے۔
4) choosy/سلیکٹو محفلین
ایسے محفلین جو صرف ایک سیکشن/زمرے تک ہی محدود رہتے ہیں باقی کی محفل میں کیا ہو رہا ہے اور کیا نہیں اس سے انہیں کوئی سروکار نہیں۔
5) خدائی فوجدار کاپی پیسٹ محفلین
محفلین کی وہ قسم جو ہر ٹاپک ہر پوسٹ کو اسلام اور مذہب سےکوٹ کرتی ہے اور authentic inauthenticحوالے کاپی پیسٹ کرتی ہے۔
6) درآمد برآمد محفلین
یہ محفلین کی وہ قسم ہے جو یہاں کا مواد/مال وہاں اور وہاں کا یہاں لاتی اور لے جاتی ہے،(یعنی کسی اور فورم کا)
7)(شرمیلے محفلین)
محفلین کی وہ قسم جو خود سے کبھی بھی کوئی تھریڈ نہیں پوسٹ کرتی لیکن اچھی گپ شپ اور بحث و مباحثے کو پسند کرتے ہیں سو اکثر تھریڈز میں اپنے دلچسپ جوابات اور مباحثے پیش کرتے رہتے ہیں۔
8 ) (مؤدب محفلین)
یہ محفلین شعرو ادب کو ہی اپنا اوڑھنا بچھونا سمجھتے ہیں باقی زمروں کو وقت کا زیاں۔ سو شعرو شاعری کے ہی رموز اوقاف اور واہ واہ میں ہی الجھے رہتے ہیں
9) (تخریب کار و نقاد محفلین)
محفلین کی وہ قسم جو کبھی بھی کسی بھی ٹاپک کی تعریف نہیں کرتے البتہ تنقید جتنی مرضی کر والیں اور اگر جو آپ سے غلطی سے غلطی ہو جائے ٹائپو کی صورت میں تو ان کے تو سمجھیں وارے نیارے۔
10) ڈرامہ کوئین/کنگ محفلین
ایسے محفلین جو شاید attention seekers ہوتے ہیں ان کے پاس پوسٹ کرنے کو کوئی مواد یا موضوع نہیں ہوتا اور کرنے کو کوئی بات نہیں ہوتی لیکن انہیں کچھ نا کچھ پوسٹ کرنا ضرور ہوتا ہے سو ان کے تھریڈز زیادہ تر ایک یا دو سطری ہوتے ہیں یا پھر وہ تھریڈز انکی اپنی ذات سے شروع ہو کر انکی اپنی ہی ذات پر ختم ہوتے ہیں۔اور کچھ نہیں تو یہ صرف سمائلیز سے بھی کام چلا لیتے ہیں۔
11) (عادی و مجذوب محفلین)
محفل کے نشے میں دھت محفلین جو صبح و شام محفل پر لاگ ان ہوئے ہوتے ہیں ۔پڑھنا یا رپلائی کرنا ہی انکا مشغلہ ہے محفل پر دنیا کی محفلون سے اکتا کر محفل کی دنیا سے دل لگایا ہوا ہے انہوں نے۔
12) نواں اے سھڑیا
جلد از جلد سب میں گھل مل جانے اور اپنی پوسٹس یا اسٹیٹس بڑھانے،جلد از جلد مقبول ہونے کے شوق میں کچھ بھی کرنے کے لیے تیار۔
13) انقلابی/جوشیلے /اسکالرمحفلین
باہر کی دنیا میں تو کوئی انقلاب نہیں لا سکتے لیکن اپنی بھڑاس بھی نکالنی ہے تو مذہبی اور سیاسی سیکشن ہے نا۔
14) تیز گام محفلین
ان کے پاس پتہ نہیں کونسا منتر یا وظیفہ ہوتا ہے کہ دنوں میں انکی پوسٹس ہزار دو ہزار تک پہنچ جاتی ہے اور پھر بھی رکنے کا نام ہی نہیں ہے۔
15) موڈی محفلین
آہم آہم(یہ کیٹگری لکھتے ہوئے پتہ نہیں کیوں گلا کھنکھارنے کا موڈ ہو رہا ہے )
یہ محفلین کی وہ قسم ہے جو محفل کو خالہ جی کا گھر سمجھتی ہے یا میکہ و سسرال کہ جب جی چاہا آگئے اور جب جی چاہا منظر سے غائب ۔آئے تو ایسے کہ جیسے محفل کے سوا دنیا میں رکھا کیا ہے
اور غائب ہوئے تو ایسے کہ جیسے جانتے نہیں پہچانتے نہیں
16)بین محفلین
ان کے بارے میں کیا کہنا کہ پردے میں رہنے دو پردہ نا اٹھاؤ پردہ جو اٹھ گیا تو-----
اللہ میری توبہ
باقی کا اگلی پوسٹ میں