؎ ماڈل ٹاؤن لاہور
ماڈل ٹاؤن لاہور کے لنک روڈ کے بالکل قریب، میٹرو کیش اینڈ کیری کے پچھم میں سی بلاک کا یہ قبرستان واقع ہے۔ بہت زیادہ بڑا نہیں لہذا آپ بہت زیادہ ڈھونڈنے کی خفت سے بچے رہیں گے۔ قبرستان میں داخلے کے بعد سامنے بیٹھے گورکن آپ کا استقبال کریں گے۔ ان سے ان دو احباب کا پوچھنے پر آسان راستہ بتا دیتے ہیں کہ یہ قبرستان ویسے بھی بہت بڑا نہیں۔
بابا جی اشفاق احمد رحمۃ اللہ علیہ
باباجی سے پہلی ملاقات 14 شعبان کی رات 2 بجے کے قریب ہوئی تھی۔ اس کے بعد ایک بار پھر بلاوا آیا تو حاضر خدمت ہوگئے۔ دوسری ملاقات میں گلہ کرنے لگے کہ تم ہمارے دوست فیض کے پاس نہیں گئے وہ بھی یہیں ہیں۔ سو دوسری ملاقات فیض صاحب تک لے گئی۔ محترمہ بانو قدسیہ صاحبہ ہر جمعرات فجر کے بعد یہاں حاضری دیتی ہیں۔
فیض احمد فیض رحمۃ اللہ علیہ
زوجہ فیض احمد فیض رحمۃ اللہ علیھا
فیض صاحب اپنی شریک حیات کے ساتھ ماڈل ٹاؤن کے قبرستان کے ایک گوشے میں آرام فرما ہیں۔ ان سے ابھی ایک ہی بار ملاقات ہوئی ہے وہ بھی مغرب کے تھوڑا بعد۔ فیض صاحب کی آرام گاہ تک جانا تھوڑا مشکل ہوجاتا ہے کہ بہت گوشہ میں ہے اور ہماری انتظامی کارکردگیاں۔۔۔۔ بہت دکھ ہوا کہ یہاں آنے والے بھی کم ہیں اور قبرستان انتظامیہ بھی صفائی کا خاص خیال نہیں رکھتی۔ قبرستان کا یہ حصہ ایسا اجاڑ ہے ڈر کے مارے کم ہی لوگ آتے ہوں گے۔ خیر فیض صاحب سے مل کر بہت اچھا لگا۔ بھلے انسان ہیں۔ لوگ ناجانے کیوں ان سے خفا ہیں۔۔۔۔ خیر وہ اپنی شریک حیات کے ساتھ خوش ہوں گے۔
گلوں میں رنگ بھرے باد نو بہار چلے
چلے بھی آؤ کہ گلشن کا کاروبار چلے