حکیم فضل الٰہی بہار کنجاہی ۔۔ آبائی مقام کنجاہ کی نسبت سے بہار کنجاہی کہلاتے تھے، دمِ وصال راولپنڈی میں مقیم تھے، زندگی کا بیش تر حصہ یہیں گزارا۔ طب اُن کا پیشہ بھی تھا اور شوق بھی۔ ایک پرچہ ہفت روزہ ’’جڑی بوٹی‘‘ اور ایک نیم ادبی مزاحیہ پرچہ ماہنامہ ’’حماقت‘‘ جاری کیا، دونوں پرچوں کے روحِ رواں بلکہ سب کچھ خود ہی تھے۔
مزاحیہ شاعری کرتے، اردو میں بھی پنجابی میں بھی۔ قد چھوٹا پایا تھا، مرنجاں مرنج شخصیت تھے، جہاں جس محفل میں بھی ہوتے ہنستے ہنساتے رہتے۔ اپنے بے تکلف دوستوں کو ’’سہیلیاں‘‘ کہا کرتے۔ ان کے حوالے سے دل چسپ اور ’’زعفرانی‘‘ گفتگو پھر کبھی سہی۔
فضل الٰہی بہار کا ایک شعر احبابِ ادب کی نذر:
میں اگرچہ خزاں رسیدہ ہوں
لوگ مجھ کو بہار کہتے ہیں
۔۔۔