اوپر والی تصویر میں میں نے خطاطی کے کچھ اصول واضح کرنے کی کوشش کی ہے سکینر کی عدم دستیابی کی وجہ سے انپیج کے حروف لے کر کمپیوٹر پر کچھ تبدیلی کر کے حروف کو نستعلیق خطاطی کے اصول کے مطابق ظاہر کرنے کی کوشش کی ہے۔
یوں تو ہر کاتب کا اپنا ایک انداز ہوتا ہے۔ لیکن ماہر خطاط نے کچھ اصول واضح کئے ہیں جن کو اپنانے سے نستعلیق بہت خوبصورت ہو جاتا ہے۔
اوپر والے تین گراف میں نستعلیق کے اصول واضح کئے گئے ہیں اور نیچے والے دو میں نفیس نستعلیق کا نستعلیق کے اصولوں کے ساتھ موازنہ کیا گیا ہے۔
سب سے پہلے ہم الف کو دیکھتے ہیں۔
عام طور پر الف ساڑھے تین قط کھڑا ہوتا ہے اور اس کی موٹائی آدھا قط ہوتی ہے
جبکہ نفیس نستعلیق تصویر میں خود بتا رہا ہے کہ میں کتنا موٹا اور کھڑا ہوں۔
"ب" عام طور پر 5 قط ہوتی ہے اور خوبصورت بھی پانچ قط ہی لگتی ہے۔ لیکن کچھ خطاط 6 قط بھی کر لیتے ہیں تو اس سے کوئی حرج نہیں ہوتا۔
نفیس نستعلیق کی "ب" کا مسئلہ 6 قط ہونا نہیں بلکہ باقی حروف سیدھے کھڑے رکھے گئے ہیں لیکن "ب" ایرانی طرز پر لکھی ہوئی ہے۔
جیسا کہ میں نے تیسرے گراف میں "س" اور "ج" اسی طرح 'ق' اور "ج" کو ملایا ہے اس سے یہ ثابت کرنے کی کوشش کی ہے کہ "س"، "ج" اور "ق" کا نیچے والا دائرہ ایک جیسا ہوتا ہے۔
جبکہ نفیس نستعلیق میں یہ فرق ہے۔
میرے خیال میں نفیس نستعلیق خطاطی کے معیار پر پورا نہیں اترتا۔ یہاں میں ایک بات واضح کر دوں کہ میں کوئی خطاط نہیں اور نہ ہی نفیس نستعلیق کی خطاطی کو سرے سے غلط کہہ رہا ہوں۔ میں نے تو بس موازنہ کیا تھا تو یہ پیش کر دیا ہے۔ ہو سکتا میں غلط ہوں۔
باقی یہاں عام طور پر لوگوں کو نوری نستعلیق کی عادت پڑ چکی ہے اس لئے ایرانی طرز کا نستعلیق یعنی تھوڑا سا ترچھا جو عماد نستعلیق میں استعمال ہوا ہے لوگوں کو اچھا نہیں لگتا۔ میرا مشورہ تو یہ ہے کہ سپیڈ کے لئے جو فانٹ بہتر لگے بنیاد بنا لیا جائے۔ لیکن جیسا کہ علوی امجد صاحب نے کہا ہے کہ عماد یا نفیس نستعلیق میں انپیج کے کریکٹر ڈال لئے جائیں تو بہتر ہے۔۔۔ میرا بھی یہی خیال ہے کہ کسی فانٹ کو بنیاد بنا کر اس میں انپیج کے نوری نستعلیق کے کریکٹر ڈال لئے جائیں۔ ویسے بھی نوری نستعلیق خطاطی کے اصولوں کے بہت قریب ترین ہے اگر کہیں کوئی فرق ہے تو مشینی اردو میں مسئلہ نہ آئے اس لئے رکھا گیا۔
اس کے بعد ایک کریکٹر بیسڈ فانٹ بنایا جائے اور پھر اسی کریکٹر بیسڈ فانٹ کی بنیادوں پر لیگچر بیسڈ بنا دیا جائے۔۔۔ ویسے بھی لیگچرز بیسڈ کے لے کریکٹر بیسڈ تو چاہئے۔۔۔
یہ میرا کچھ تجزیہ اور مشورہ تھا باقی جیسے سب کی مرضی ہو گی ویسا ہی ہو گا۔۔۔انشاءاللہ
////////////////////////////
مہوش بہن آپ نے کہا کہ خطاط حضرات کا پتہ کیا جائے اور لیگچرز لکھوانے کا ریٹ پتہ کیا جائے۔۔۔ خطاط بھی مل سکتے ہیں لیگچرز بھی لکھے جا سکتے ہیں۔(میرے استاد کے استاد ایم مشتاق صاحب بہت اچھے خطاط ہیں انہوں نے 20 سال ادارہ اسلامیات لاہور میں کتابت کی ہے۔) لیکن یہ کام اتنا بھی آسان نہیں جتنا سوچا جا رہا ہے۔ 18000 لیگچرز لکھوانا پھر سکین کرنا مزید ایڈیٹنگ کے بعد فانٹ میں داخل کرنا کافی وقت لے گا۔ اور یہ پروجیکٹ اگر راستے میں کسی وجہ سے رک گیا تو سارا کام خراب ہو جائے گا اور جس حضرت کو چندہ دے کر یہ کام کروانے کی ذمہ داری دی جائے گی تو پھر کچھ غیر ذمہ دار لوگ اس پر پیسوں کے الزام لگائیں گے۔ اس لئے یہ کام بھی ذرا دھیان سے اور ذمہ داری سے کرنا ہو گا۔ اگر ہم انپیج کے کریکٹر اور لیگچرز استعمال کریں تو فائدہ رہے گا۔ کام بہت آسان ہو جائے گا۔ لیکن کہیں نوری نستعلیق کے کاپی رائٹ کا مسئلہ نہ آ جائے۔
میں بار بار کہہ رہا ہوں کہ سب سے پہلے خطاطی کا فیصلہ کیا جائے کہ کونسی اور کہاں سے لینی ہے۔ پھر دوسرے کام کو دیکھیں گے۔۔۔ لیکن یہاں خطاطی پر چند باتیں اور بہت زیادہ بحث فانٹ کی سپیڈ پر ہو رہی ہے۔۔۔ جبکہ فانٹ کی سپیڈ خطاطی کا تعین کرنے کے بعد کیا جائے تو بہتر رہے گا۔
ورک فلو
• کون کون کیا کیا کام کرے گا۔۔۔ یعنی ایک ٹیم کی تشکیل؟٭٭٭
• خطاطی کا فیصلہ
• کونسا فانٹ بنیاد بنایا جائے؟
• کورل یا کسی دوسرے فانٹ میں خطاطی کی ایڈیٹنگ
• کریکٹر کو فانٹ میں داخل کرنا/وولٹ میں کچھ کام کرنا
• لیگچرز کی ایڈیٹنگ
• لیگچرز داخل کرنا
٭٭٭ لیکن چند ایک کے سوا کسی نے کوئی ذمہ داری نہیں لی فرض کریں ہم لیگچرز کی ایڈیٹنگ کرتے ہیں یا نئی خطاطی کرواتے ہیں یا کچھ بھی۔ فیصلہ ہو جاتا ہے کہ یہ کام کرنا ہے پھر وہ کرے گا کون؟ اور اسی بات پر پھر ایک نئی بحث اگر کوئی نہ ملا تو پروجیکٹ یہی رک جائے گا۔۔۔ اللہ نہ کرے۔۔۔
اس لئے دوستو میں بار بار کہہ رہا ہوں کہ ٹیم ورک ایسے نہیں ہوتا جیسا ہم کر رہے ہیں۔ پہلے اپنی منزل کا تعین ہوتا ہے پھر ٹیم کی تشکیل پھر سٹیپ بائی سٹیپ کام کرنے کا طریقہ بنایا جاتا ہے اور ہر کوئی اپنے اپنے کام لگ جاتا ہے۔ جسے بعد میں ملا کر منزل حاصل کی جاتی ہے۔ لیکن ہمارا حال یہ ہے کہ کوئی کسی مسئلہ پر بحث کر رہا ہے تو کوئی کسی دوسرے پر۔۔۔ ترتیب سے کسی ایک مسئلہ تو زیرِ بحث لاؤ ایک کام کا تعین کرنے کے بعد دوسرا دیکھو۔ اسی طرح سارا پیپر ورک مکمل کرنے کے بعد عملی کام کی طرف لگ جاؤ۔۔۔
انشاءاللہ اب کی بار یہ پروجیکٹ ضرور مکمل ہو گا۔۔۔
اللہ تعالٰی ہم سب کا حامی و ناصر ہو۔۔۔آمین۔۔۔