چند ماہ قبل بیٹی نے سمسٹر کے آغاز سے پہلے سکول میں دو ہفتے کی جاب ڈھونڈ لی۔ جاب کے دورانیے اور سمسٹر کے آغاز میں کوئی پانچ چھ دن کا وقفہ تھا۔ اس نے سوچا کہ اس وقت میں کچھ سیر سپاٹا کیا جائے۔ پہلے اس کا ایک دوست کے ساتھ پلان بن رہا تھا لیکن پھر دوست کی مصروفیت آڑے آئی۔ اس نے مجھے کہا کہ میں اس کے ساتھ نیویارک میں ایک کنسرٹ اور یو ایس اوپن ٹینس دیکھنے جاؤں۔ ٹکٹ خریدتے ہوئے ہم نے ان دو دنوں کے ساتھ دو اور دن سیر سپاٹے کے بھی شامل کر دیئے۔
اگرچہ نیویارک کافی دفعہ جانا ہوا لیکن اب دس بارہ سال ہوئے گئے ہوئے۔ بیٹی کے لئے یہ فرق تجربہ تھا کہ وہ پچھلے سفر کے وقت چھوٹی تھی۔
میں یہاں سے جہاز پر نیو جرسی پہنچا اور بیٹی ٹرین پر نیویارک۔ میں نے ائرپورٹ سے نیویارک کی ٹرین لی اور ہم پین سٹیشن پر ملے۔ سٹیشن کے فوڈ کورٹ میں ہم نے لنچ کیا۔