تاسف وارث بھائی اب ہم میں نہیں رہے

کیفیت
مزید جوابات کے لیے دستیاب نہیں

عمر سیف

محفلین
ابھی چند لمحے پہلے میری وارث بھائی مرحوم کی اہلیہ سے بات ہوئی ہے۔ بقول ان کے ان کو گردے میں انفیکشن کی کافی عرصے سے شکایت تھی جو کہ اب آ کر زیادہ ہی بگڑ گئی تھی۔ اس کے ساتھ ساتھ ان کو ذیابیطس، فشار خون، نیز دل کی بھی شکایت تھی۔ گو کہ علاج چل رہا تھا لیکن اس سب بیماریوں کا اکٹھا ہو جانا جان لیوا ثابت ہوا۔
میں نے اردو محفل کے تمام ارکین کی جانب سے ان سے تعزیت کی ہے۔

میرے پاس وارث بھائی مرحوم کا ہی نمبر تھا، جس پر میں نے کال کی تھی تو ان کی اہلیہ نے بات کی تھی۔
مجھے کل میرے چھوٹے کزن کا میسج آیا کہ کیا آپ کسی محمد وارث کو جانتے ہیں؟ میں نے کہا بس ایک ہی وارث بھائی کا علم ہے جو سیالکوٹ سے ہیں۔
اسی نے یہ خبر مجھ تک پہنچائی۔ وارث بھائی اور وہ ایک ہی جگہ کام کرتے تھے۔ اور ان کا انتقال ۱۴ یا ۱۵ دسمبر کو ہوا۔
 

عرفان سعید

محفلین
اپنی بے پناہ علمی جلالت کے باوجود انکساری کا قابل رشک نمونہ تھے جناب محمد وارث مرحوم۔
کبھی دل میں کسی محفلین سے ملنے کی خواہش جاگی تو انہیں کی شبیہ نگاہوں کے سامنے آئی۔ ملنے کی حسرت ہی رہ گئی۔ اللہ تعالی ان کے اخلاص کے بدلے کروٹ کروٹ انہیں رحمتوں سے نوازے۔ آمین۔
 

ابو ہاشم

محفلین
تمام احباب سے گزارش ہے کہ ایک دفعہ سورۃ فاتحہ اور تین دفعہ سورۃ اخلاص پڑھ کر درود شریف پڑھ کر اس کا ثواب ان کی روح کو ارسال کریں
 

غدیر زھرا

لائبریرین
انا للہ و انا الیہ راجعون ۔۔۔۔ اللہ غریقِ رحمت کرے۔۔ آج یہ اندوہناک خبر محفل پر کھینچ لائی ۔ انتہائی دکھ نے گھیرا ہے۔ کیسی عظیم شخصیت کھو گئی۔۔
 

سیما علی

لائبریرین
میرے پاس وارث بھائی مرحوم کا ہی نمبر تھا، جس پر میں نے کال کی تھی تو ان کی اہلیہ نے بات کی تھی۔
ہماری تھوڑی دیر پہلے ، وارث میاں کی اہلیہ سے بات ہوئی!!!اپنی اور تما م اردو محفل کے اراکین کی جانب سے تعزیت کی ۔۔ وہ آپ سب کی محبت اور دعاؤں پر جو وارث میاں کے لئے ہیں ۔ان کے لئے وہ انتہائی شکر گذار ہیں ۔۔۔اللہ پاک کے حضور دعا ہے کہ انکو اس صدمہ اور ناقابل تلافی نقصان کو برداشت کرنے کی ہمت ، طاقت و صبر عطا فرمائے ۔۔۔آمین
اللہ تعالیٰ وارث میاں کو اپنی خاص رحمت، اور مغفرت کے سائے میں جگہ عطا فرمائے۔۔آمین
 
آخری تدوین:

عرفان سعید

محفلین
کئی سال قبل جناب محمد وارث مرحوم سے ہونے والی ایک یادگار گفتگو
اقبال کا یہ شعر سینکڑوں بار سن کر بھی کچھ پلے نہیں پڑ رہا۔ احبابِ محفل سے مدد کی درخواست ہے۔
محفل کے شارحِ اعظم جناب محمد وارث سے التفات کی خصوصی استدعا ہے۔

پریشاں ہو کے میری خاک آخر دل نہ بن جائے
جو مشکل اب ہے یا رب پھر وہی مشکل نہ بن جائے
شارح تو خیر کیا ہونا ہے جناب، بس۔۔۔۔۔۔

جو کچھ مجھے سمجھ آیا ہے کہ انسان کی زندگی میں یہ ساری کشمکش، یہ سارا اضطراب، یہ جذب و کیف، یہ عشق و مستی سب دل کی وجہ سے ہے، اور بظاہر اضطراب و کشمکش سے انسان کو لگتا ہے کہ کوئی مشکل ہے جس میں وہ پھنس گیا ہے اور جب وہ مر جائے گا تو ان مشکلات سے اسے نجات مل جائے گی۔ لیکن اگر مرنے کے بعد جب انسان خاک میں مل کر خاک ہو جائے گا تو وہ خاک بھی تو اڑتی پھرے گی، یعنی اس میں بھی اضطراب ہوگا، وہ بھی پریشان ہوگی یعنی بکھر جائے گی اور یہی نشانیاں دل کی تھیں سو بہت ممکن ہے کہ یہ خاک پھر سے دل بن جائے اور جس مشکل سے سمجھے تھے کہ نجات مل گئی وہی مشکل پھر سے نہ بن جائے۔ بقولِ ذوق

مر کے بھی چین نہ پایا تو کدھر جائیں گے

بادی النظر میں یہ ظاہری سمجھ میں آنے والے معنی ہیں، باقی فلسفیانہ موشگافیاں فلسفیوں اور اقبال کے اسکالروں کا کام ہے۔ :)
 

عدنان عمر

محفلین
اک شخص سارے شہر کو ویران کر گیا۔۔

چند منٹ پہلے یہ خبر مجھ پر بجلی بن کر گری۔

اللّہ پاک وارث بھائی کی مغفرت فرمائے، انھیں کروٹ کروٹ جنت نصیب فرمائے۔ پس ماندگان کو صبر جمیل عطا فرمائے، آمین۔
 

ظہیراحمدظہیر

لائبریرین
انا للہ وانا الیہ راجعون !
بہت نقصان ہوگیا!
احمد بھائی کا پیغام آیا تو کچھ دیر کے لیے یقین نہیں آیا۔ اللہ کریم ان کی مغفرت فرمائے، اپنے رحم و کرم کا معاملہ فرمائے اور آگے کے تمام مراحل کو اپنے فضل اور رحمت سے ان کے لیے آسان فرمائے۔ آمین !
اللہ کریم ان کے لواحقین کو صبرِ جمیل عطا فرمائے اور مستقبل میں ہر قدم پر بے انتہا آسانیاں عطا فرمائے۔ آمین!
یہ بہت دکھ اور صدمے کا مرحلہ ہے ۔ اگرچہ معلوم ہے کہ ہر آنے والے کو جانا ضرور ہے اور یہ کہ وقتِ رخصت کبھی بھی آسکتا ہے لیکن وارث صاحب کے اس طرح یکایک چلے جانے کا یقین مشکل سے آرہا ہے۔
زمیں کھا گئی آسماں کیسے کیسے!
اللہ کریم ان پر اپنا رحم و کرم نازل فرمائے۔ اللہ کریم ہم سب کو اس دن کی کماحقہ تیاری کی توفیق عطا فرمائے اور خاتمہ بالخیر فرمائے۔ آمین!
 
اپنی بے پناہ علمی جلالت کے باوجود انکساری کا قابل رشک نمونہ تھے جناب محمد وارث مرحوم۔
کبھی دل میں کسی محفلین سے ملنے کی خواہش جاگی تو انہیں کی شبیہ نگاہوں کے سامنے آئی۔ ملنے کی حسرت ہی رہ گئی۔ اللہ تعالی ان کے اخلاص کے بدلے کروٹ کروٹ انہیں رحمتوں سے نوازے۔ آمین۔
تجھ سے نہیں ملا تھا مگر چاہتا تھا میں
تو ہمسفر ہو، اور کہیں کا سفر نہ ہو

ہم بھی حسرت دید رکھتے تھے عرفان بھیا
 
انا للّٰہ وانا الیہ راجعون
اللّٰہ تعالیٰ رحمتیں فرمائے
وارث بھائی بہت ہی اچھے انسان تھے۔ ان کو میں اپنا استاذ سمجھتا تھا۔ بہت سی باتوں میں رہنمائی کی درخواست کی اور وہ ہمیشہ ایک خوش مزاج ، بےلوث اور ہمدرد رہنما ثابت ہوئے۔
ان کی وفات پر بہت صدمہ ہے۔ اللّٰہ تعالیٰ آخرت کی تمام منزلیں آسان فرمائے۔ آمین ثم آمین
 
آخری تدوین:

انتہا

محفلین
انا للّٰہ وانا الیہ راجعون
اللھم اغفرله وارحمہ وعافہ واعف عنہ وادخلہ الجنۃ الفردوس
آمین
اردو محفل پر میرے سب سے پہلے مشفق و مربی! ہمیشہ ہر بات کا جواب انتہائی شائستگی اور علمی دلائل سے دیا۔ مذاق میں بھی کبھی حد سے تجاوز نہ کیا۔ نایاب بھائی مرحوم کے بعد اردو محفل کی ہنستی مسکراتی شخصیت ہم سے رخصت ہوئی۔
 

ظفری

لائبریرین
انا للہ وانا الیہ راجعون
کل یہ خبر پڑھی مگر ذہن اتنا ماؤف ہوگیا کہ لکھنے کی ہمت نہیں ہوئی اور الفاظ بھی نہیں سوجے۔ انتہائی ملنسار اور شفیق شخصیت کے مالک تھے۔ تقریبا ً 18 سال سے اردو محفل کے توسط سے واقفیت تھی ۔ اوائل میں کافی خط و کتابت رہی ۔ بعد میں بھی یہ سلسلہ چلتا رہا ۔ شاعری کے حوالے سے انہوں نے میری کافی مدد کی ۔ مجھے علم و عروض کے پلندے بھی ارسال کیئے کہ کسی طرح میں اپنی شاعری میں اوزان برقرار رکھوں ۔ اردو اور اردو محفل کے حوالے سے ان کی خدمات ہمیشہ یاد رکھیں جائیں گی ۔ مجھے اُمید ہے کہ اردو محفل کی انتظامیہ ان کی وفات کے حوالے سے ہر سال ایک تعزیتی اداریہ جاری کرے گی ۔تاکہ ان کی خدمات ہمیشہ ہمارے سامنےرہے۔ میرے نزدیک یہ اردو محفل کے لیئے ایک ناتلافی نقصان ہے جس کا ازالہ نہیں ہوسکتا ۔ اللہ مرحوم کو اپنے جوارِ رحمت میں جگہ دے اور لواحقین کو صبرِ جمیل عطا فرمائے ۔ آمین
 
کیفیت
مزید جوابات کے لیے دستیاب نہیں
Top