یہ بھی پاکستان ہے
کل رات سے اب تک مسلسل جاگ رہے ہیں 102 پر بخار بھی ہے. 1800 جگہیں ایسی ہیں جہاں کٹ لگا کر فاضل پور کو بچایا جا سکتا تھا۔ساری رات انتظامیہ کی منتیں کرنے، بھاگ دوڑ کرنے کے بعد دوپہر میں جب ڈریٹ ہال فاضل پور (جو فاضل پور کی ادبی ثقافتی روایات کا امین ہے اور اس کے اوپر شاہنواز خاں مشوری کا گھر بھی ہے) کا بند ٹوٹنے لگا اور کوئی حل نظر نہیں آیا تو شاہنواز خاں نے جس کرب کے ساتھ کہا "بھائی جان واپس چلیں اب کچھ نہیں ہو سکتا" اس کرب کو لفظوں میں بیان نہیں کیا جاسکتا. سیلف میڈ بندے کا روپیہ روپیہ جمع کرکے بنایا گیا گھر ڈوبتے دیکھنا... یار بڑا حوصلہ چاہیے. (یاد رہے کہ میں گھر کا کہہ رہا ہوں.... گھر.. کیا ہوتا ہے آپ جانتے ہیں ناں)
پورے علاقے میں افراتفری ہے. لوگوں کی چھت چھن گئی. جیب خالی ہے. مال مویشی ڈوب گئے یا گم ہو گئے. جو بچے ہیں ان کو لے کر کہاں جائیں کہ کوئی آسرا تو ہو. باپردہ خواتین بھاگی بھاگی پھر رہی ہیں. انتظامیہ ابھی تک مبہم اطلاعات دے رہی ہے. آدھے سے زیادہ شہر ڈوب چکا ہے باقی کا کسی بھی وقت ڈوب سکتا ہے. 2010ء میں این جی اوز ہوتی تھیں کافی حد تک ریکور کر لیتی تھیں اب تو کوئی سہارا نظر نہیں آ رہا. چند لوگ ہیں جو اپنے طور پر مدد کر رہے ہیں. سردار وڈیرے بے حس بنے ہوئے ہیں. آتے ہیں تصویریں بنا کر چلے جاتے ہیں. لوگ بے یقینی کے عالم میں بھاگے بھاگے پھر رہے ہیں کوئی رو رہا ہے تو کوئی سوال طلب اور رحم طلب نظروں سے ہر ایک کو دیکھ رہا ہے.. نہیں دیکھا جا رہا. کچھ بھی... یقین مانیں.. خوف آرہا ہے. شدید خوف۔
Usman Karim Bhutta
20.08.2022