چھوٹی مکھیوں کو تو ہولے ہولے منھ سے پھونک کر بھی شہد والے مقام سے پرے کیا جا سکتا ہے۔ خاص کر تب جب سردیاں ہوں یا گرمی اور دھوپ زیادہ نہ ہو تاکہ مکھیاں قدرے سست ہوں۔ واضح رہے کہ شہد پورے چھتے میں نہیں ہوتا بلکہ چھتے کے مختلف حصے مختلف مقاصد کے لئے مخصوص ہوتے ہیں۔ شہد والا حصہ عموماً اوپر کی جانب ہوتا ہے اور قدرے ابھرا ہوا ہوتا ہے۔
شہد حاصل کرتے ہوئے کچھ اخلاقیات کا خیال بھی رکھنا ہوتا ہے۔ جس طرح دودھ والے جانوروں کے تھن سے دودھ نکالتے ہوئے ان کے بچوں کے لئے کچھ دودھ چھوڑ دیا جاتا ہے اسی طرح شہد مکھی کے چھتے سے شہد نکالتے ہوئے تقریباً ایک تہائی شہد چھتے میں رہنے دیتے ہیں جو کہ مکھیوں کی خوراک کے لئے کفایت کر جاتی ہے۔