@ظہیراحمدظہیر کو بلانا پڑے گا کہ mussels کا ترجمہ بتائیں
بہت فکر انگیز سوال ہے ۔ یوں تو اردو کا دامن سائنسی اصطلاحات کے معاملے میں خاصا تنگ رہا ہے لیکن آبی حیاتیات کے شعبے میں تو اردو کو تہی دامن ہی سمجھیے۔ ایک وجہ تو اس کی یہ سمجھ میں آتی ہے کہ اردو نے سمندر اور ساحلی علاقوں سے بہت دور خشکی کے علاقوں میں پرورش پائی ۔ چنانچہ چند مشہور سمندری جانوروں کے علاوہ اور نام کم کم ہی ملتے ہیں ۔اور دوسری بڑی وجہ یہ کہ اردو میں سائنس پر کماحقہ کام ہو ہی نہیں سکا ۔اور بہت عرصے سے تو کام رکا ہوا ہے ۔ اب انگریزی نے اس کی کمی پوری کردی ہے۔ سچی بات تویہ ہے کہ اب مجموعی صورتحال کو دیکھتے ہوئے اردو ترجمے کا خیال دل سے نکال کر لاطینی اصطلاحات کو جوں کا توں اپنا لینا چاہیے ۔اس کے بعد بس واحد کام جو رہ جائے گا وہ ایک معیاری ٹرانسلٹریشن اور اس کو رواج دینے کا ہوگا۔
یوں تو اردو میں ہر crustaceanکو عمومی طور پر سیپی ، سیپ ، صدف یا صدفیہ کہا جاتا ہے لیکن mussels کے لیے خلول (بالفتح اول) کا لفظ استعمال ہوتا ہے ۔ اور مسلز کی کالونی کو" اُم الخلول" کہا جاتا ہے ۔ جامعہ عثمانیہ حیدرآباد دکن کے شعبۂ تالیف و ترجمہ نے بہت پہلے جو سائنسی اصطلاحات کی ایک فرہنگ شائع کی تھی اس میں مسلز کے لیے یہی لفظ استعمال کیا ہے۔
Barnacleکو بارنکل یا برنکل ہی کہا جاتا ہے ۔ میری معلومات کے مطابق عربی میں بھی برنکل ہی استعمال ہورہا ہے۔