چلو اس بار پھر آ گیا ہوں انٹر ویو دینے۔ اس کے بعد کان پکڑتا ہوں (اپنے نہیں!!!!)
آپکا مختصر سا تعارف آپکی زبانی
کئی بار ہو چکا ہے۔ پھر سہی۔ اصل نام اعجاز اختر، (تاریخی اعجاز بلند اختر، اب یہ نہ پوچھنا کہ تاریخی کیوں ہے؟)،، ادب میں اعجاز عبید کے نام سے مشہور یا گمنام ہوں۔
آپکا پسندیدہ پھل اور مٹھائی
آم، قلا قند (شاید، اس لئے کہ یہ پسند بدلتی رہتی ہے)
محفل میں آپ کی تین پسندیدہ سمائلیز
یہ کس چڑیا کا نام ہے؟
آپ کس طرح کی کتابیں پڑھنا پسند کرتے ہیں یا جمع کرتے ہیں ،
جمع تو صرف شاعری کی کتابیں، جو اکثر مفت مل جاتی ہیں۔ خریدتا صرف فکشن۔ افسانہ اور ناول کی کتابیں۔ پڑھنے میں ہر طرح کی ادبی کتابیں۔ تنقید پڑھنے میں البتہ بہت ’چوزی‘ ہوں۔
اپنی پسندیدہ تین کتابوں کے نام بتائیں جو آپ چاہیں کہ محفل کے باقی اراکین بھی ضرور پڑھیں؟؟؟
آگ کا دریا (عینی آپا) ، یا خدا (قدرۃ اللہ شہاب) اور برگِ نے (ناصر کاظمی) ، قید تین کی ہے اس لئے اتنا ہی، نام تو بہت یاد آ رہے ہیں۔
محفل پر آپ کے اپنے خود کے پوسٹ کیے گئے تین فیورٹ ٹاپکس
لنکس کے ساتھ
محفل میں نہ جانے کیا کیا پوسٹ کیا ہے۔ یاد رہ جانے والے ہی شاید اتنے اہم ہوں۔ لنکس ڈھونڈھنا پڑیں گے۔
املا کے تعلق سے کئی موضوعات
شمسی اور قمری حروف
ان کے علاوہ
’سمت‘ رلیز ہونے کی اطلاع دینے والے سبھی، جیسے
یہ
لائبریری میں پوسٹ کی ہوئی ساری ہی کتابیں
محفل پر آج تک پوسٹ کیے گئے آپکے تین آل ٹائم فیورٹ ٹاپکس اپنے لنکس کے ساتھ
جو کہ آپ ہم سب کو بھی recommend کرنا چاہیں؟؟؟
ان پیج کنورٹر سے متعلق
اور ؟؟؟؟
کل اور آج وقت کے ساتھ ساتھ محفل جوائن کرنے کے بعد محفل میں اور خود اپنے آپ میں بھی آپ نے کیا کیا فرق یا تبدیلیاں محسوس کی ہیں؟
علم اور عقلمندی میں اضافہ ہوا۔ یونی کوڈ اردو پر کمانڈ محفل میں جائن کرنے کے بعد ہی خاطر خواہ بڑھ سکی۔ پہلے فانٹ بنانے کا بھی شوق چرّایا تھا، لیکن اب فانٹ ڈیویلپر بہت ہو گئے ہیں، تازہ ترین اشتیاق زندہ باد۔ نستعلیق فانٹ در اصل وولٹ کے بنا نا ممکن ہیں، اس لئے اس سلسلے میں کچھ نہیں کر سکا، کاش کر سکتا تو علوی نستعلیق میں ضروری اصلاح کر دیتا۔
اگر آپ سپر مین ہوتے تھے کونسے تین کام ضرور کرتے؟؟؟
یہ سپر مینوں کے لئے چھوڑ دیتا ہوں۔ ویسے ہوتا بھی تو یہاں آنے کی ضرورت ہی نہ پڑتی شاید۔
عورتوں میں کس خوبی و خصوصیت/کوالٹی کو ضروری مانتے ہیں؟؟؟
ذہانت ہو تو اس عورت کی عزت میرے ذہن میں بڑھ جاتی ہے۔ محض باتیں بنانے والی نہیں ہوں۔
اگر آپکو موقع دیا جائے دنیا میں ایک ایک تبدیلی لانے کا تو آپ وہ کونسی تبدیلی لائینگے؟؟؟
میرا پیغام محبت ہے جہاں تک پہنچے
آپکی پسندیدہ آیت یا حدیث؟؟؟
لا یکلف اللہ نفساً الّا وسعَہ ۔۔۔۔۔ سورۂ بقرہ ، آخری آیت ۲۸۶
اپنی زندگی کے حالات اور واقعات سے آپ نے کچھ ایسا سیکھا جو آپ ہمیں بھی بتانا چاہیں؟؟؟
؟؟؟۔ جب انتقال فرما جاؤں گا تب سوچوں گا
اپنے دور(زمانے) میں اور آجکل کے دور میں کیا واضح فرق محسوس کرتے ہیں اور کیا کبھی ایسا محسوس کیا کہ کاش میں اس دور کے بجائے اس دور میں پیدا ہوا ہوتا اگر ہاں تو کیوں اور نہیں تو کیوں نہیں؟؟؟
میں تو اسی دور میں پیدا ہوا ہوں !!!۔ اس قسم کے لا یعنی فکروں سے آزاد ہوں۔ موجودہ حالات سے خوش اور راضی برضا،
ویسے تو نیکی اور گناہ کا ہم سب کو پتہ ہے لیکن آپ کی نظر میں سب سے بڑی نیکی کیا ہے اور سب سے بڑا گناہ کس بات کو سمجھتے ہیں؟؟؟
سب سے بڑا گناہ۔۔۔ دوسروں کا دل دکھانا
سب سے بڑی نیکی۔۔ دوسروں کا دل نہ دکھانا
- کچھ اپنی ادبی زندگی کے متعلق فرمائیں، اور یہ شوق کیسے پیدا ہوا؟ (بشکریہ وارثجی)
جیسا میں اکثر کہتا ہوں۔ پدرم استاد بود شاعری تو گھر میں ہی تھی۔ البتہ والد کلاسیکی قسم کے ہی شاعر تھے، اگرچہ لہجے میں کچھ حد تک جدت تھی۔ میرا با قاعدہ شوق دوستوں کے پاس سے رسالے لا کر پڑھنے سے ہوا، ’کتاب‘ لکھنؤ، ’شبخون‘ ، الہ آباد جو پس پردہ شمس الرحمن فاروقی نکالتے تھے۔ اس وقت ناصر کاظمی، منیر نیازی، بشیر بدر سے متاثر ہوا۔ لیکن کبھی اس پر غور نہیں کیا کہ کون کہاں کا ہے۔ جب ۱۹۶۸ میں علی گڑھ پہنچا تو پتہ چلا کہ بزرگوں میں رشید احمد صدیقی، آل احمد سرور، جذبی، منیب الرحمن وغیرہ وہیں ہیں۔ اور نسبتاً سینیر دوستوں میں خلیل الرحمن اعظمی،وارث کرمانی، وحید اختر، ابن فرید، قاضی عبد الستار، اسلوب احمد انصاری، امین اشرف اور شہریار وہیں کے ہیں۔ اور بشیر بدر عمر میں بڑے سہی، لیکن تھوڑے ہی سینئر ایم اے اردو کے طالب علم ہیں (جب میں نے بی ایس سی میں جائن کیا تھا) ۔ سب سے زیادہ بشیر بدر سے ہی تعلق رہا۔ دوستوں میں صلاح الدین پرویز، شہاب عراقی، مرزا خلیل احمد بیگ (جو ان دنوں مرزا خلیل کے نام سے شاعری کرتے تھے)، مرغوب حسن، وغیرہ تھے، بلکہ انہیں لوگوں کے ساتھ نشستوں وغیرہ میں حصہ لیا۔ بعد میں احتشام اختر بھی علی گڑھ آئے۔ اور ان کے ساتھ مدحت الاختر محض پی ایچ ڈی کرنے آئے۔ لیکن اس وقت میں ادب میں اتنا فعال نہیں رہا تھا۔ ایم ایس سی میں آ چکا تھا جس کے اپنے تقاضے تھے۔ بس علی گڑھ شعبۂ اردو کے مشاعروں میں برابر مدعو کیا جاتا رہا، اور اس میں پابندی سے حصہ بھی لیتا رہا، لیکن رسائل میں چھپنا موقوف ہو گیا تھا۔
اس کے بعد جب علی گڑھ چھوٹا تو یہ سارا ادبی ماحول بھی چھوٹ گیا۔ اور عرصے کے بعد (لیکن شاعری ترک نہ کر سکا اس عرصے میں بھی) مصحف اقبال توصیفی سے تعارف ہوا، اور حیدر آباد کے ادبی حلقے سے تعارف ہوا۔ جو اب تک بھی جاری ہے، لیکن محض انہیں کچھ دوستوں کی وجہ سے۔۔ یعنی مصحف اقبال توصیفی، رحمت یوسف زئی، خالد قادری، کچھ حد تک مغنی تبسم اور مجتبیٰ حسین (لیکن ان لوگوں سے بے تکلفی نہیں)۔
- آپ کن اُدبا اور شعراء سے متاثر ہیں، اور کیا آپ نے کبھی کسی شاعر کے رنگ میں کہنے کی کوشش کی؟(بشکریہ وارثجی)
سب سے زیادہ ناصر کاظمی سے ہی۔ ان کی زمینوں میں، یا کچھ تبدیل کردہ زمینوں میں ’روحِ ناصر کی نذر‘ بیسیوں غزلیں ہیں۔ کچھ غزلیں بشیر بدر کے لہجے میں بھی کہی ہیں لیکن شعوری طور ہر نہیں، ان کا ہر وقت کا ساتھ رہا اس لئے یہ ناگزیر تھا۔ لیکن کوشش کر کے تو ان کے سٹائل سے بچتا ہی رہا تھا۔
- کچھ اپنے ادبی احباب کے متعلق فرمائیے جن سے آپ کا تعلق رہا۔(بشکریہ وارثجی)
اوہو، یہ سوال یہاں کیا گیا ہے، اس کا جواب اوپر ہی دے چکا ہوں۔
- اپنی ادبی زندگی کا کوئی دلچسپ واقعہ یا قصہ؟(بشکریہ وارثجی)
وہی لطیفہ یاد آ گیا، جو شاید یہاں سنا چکا ہوں، پھر سہی۔ علی گڑھ کے دنوں میں جب میں نانی کے ساتھ تھا( والدین نے ہجرت نہیں کی تھی تب تک)، میرے منہ سے شہر یار اور بشیر بدر کا نام سنتے سنتے میری نانی (جن کو ہم سب ’بی‘ کہتے تھے) کے کان ان ناموں سے آشنا ہو گئے تھے۔ ایک بار میرے غیاب میں بشیر بدر گھر پہنچے، اور اپنا نام بتایا کہ میں آؤں تو اطلاع دے دیں۔ میں جب گھر پہنچا تو بی نے اطلاع دی۔ ’وہ تمہارے "شہر بدر" آئے تھے‘
- وہ جو کہتے ہیں کہ شعراء حضرات کیلیے 'دل کی چوٹ' بہت اہم ہوتی ہے تو کیا کبھی آپ کے دل پر بھی کوئی چوٹ پڑی؟(بشکریہ وارثجی)
چوٹ۔۔۔ کہاں کی بات کر رہی ہو تعبیر/ کر رہے ہو وارث۔
- آپ ہندوستان میں اردو شاعری کا بالخصوص اور اردو کا بالعموم کیا مستقبل دیکھتے ہیں؟(بشکریہ وارثجی)
اردو کا مستقبل تاریک تو قطعی نہیں کہ حکومت کی سپورٹ تو ظاہر ہے جاری رہے گی۔ بس سوال اردو بولنے والوں کا اپنا معاملہ ہے، وہ خود بھی اپنی نئی نسل کو اردو پڑھائیں۔ ہوتا یہ ہے کہ حکومت اردو میڈیم سکول کھولتی ہے، اور دو چار سال میں ان میں سے آدھے سے زیادہ بند ہو جاتے ہیں، کہ گاہک ہی نہیں آتے۔
اردو شاعری کے بارے میں بھی مستقبل تو روشن ہی نظر آتا ہے، پاکستان سے کم سہی۔ وہاں مشاعروں کی صورت حال بہتر ہے شاید۔ یہاں تو دیوناگری میں لکھنے والے اردو شاعری کی ترقی تو کر سکتے ہیں، لیکن اردو کی نہیں۔
- کیا آپ سمجھتے ہیں کہ اردو شاعری، ہندوستان، پاکستان اور ان تمام ممالک میں جہاں اردو بولی اور سمجھی جاتی ہے، ترقی کر رہی ہے یا رو بہ زوال ہے؟(بشکریہ وارثجی)
میں سمجھتا ہوں کہ اب سب جگہ رو بزوال ہے۔
- عصرِ حاضر کے کسی شاعر کے متعلق فرمائیے جس کے بارے میں آپ سمجھتے ہیں کہ وہ آنے والے وقت بہت نام پیدا کریں گے؟(بشکریہ وارثجی)
میں تو آج کل کی صورت حال سے بہت زیادہ واقف نہیں، خاص کر پاکستان کی نئی نسل سے، سوائے ان کے جو محفل یا فیس بک میں ہیں۔ ہندوستان میں البتہ بہت سے لوگ ہیں جن سے میں واقف ہوں۔ خورشید طلب، عالم خورشید، جینت پرمار، مراق مرزا، مشرف حسین محضر ، فہیم جاوید، عزیز نبیل (آخر الذکر دونوں اگرچہ سعودی میں ہیں فی الحال) وغیرہ۔
افوہ۔۔۔۔ کاپی پیسٹ کرکے بھی رنگ بھرنے اور لنک لگانے میں اتنا وقت ضائع ہو گیا!!!