1)۔ سعود کے بارے میں آپ کا پہلا تاثر کیا تھا؟ پہلے تاثر سے لےکر اب تک آپ نے ان کو کیسا پایا ہے؟
یہاں بہت سارے دوستوں نے کرشن چندر کا افسانہ "تائی ایسری" پڑھا ہوگا، اس میں اُن کے وہ مشہور جملے ہیں ” بہت سی عورتوں کو دیکھ کر یہ خیال بھی آتا ہے کہ جوانی میں کیسی رہی ہوں گی۔ مگر تائی ایسری کو دیکھ کر کبھی یہ خیال بھی نہ آیا۔ ہمیشہ یہی خیال آتا ہے کہ تائی ایسری شاید بچپن سے بلکہ جنم ہی سے ایسی پیدا ہوئی ہوں گی۔ پیدا ہوتے ہی انہوں نے اپنی ماں کو ہاتھ پھیلا کر آشیرواد دی ہوگی اور شاید بڑے میٹھے مہربان لہجے میں یہ بھی کہا ہوگا۔ تجھے میرے لئے بہت دکھ اٹھانے پڑے۔ اس لئے یہ لو ایک چونی!“
آج ہم یہی جملے سعود بھائی کے لیے پیش کر رہے ہیں، ایسا لگتا ہے یہ پیدائشی ہی ایسے ہی شفیق و مہربان اور میٹھی زبان کے حامل تھے اور ہاں! شاید انہوں نے بھی اپنی والدہ کو آشیرواد دی ہو
2)۔ پہلی دفعہ سعود سے جان پہچان/بات چیت کا آغاز کب اور کیسے ہوا یا ابھی تک بات چیت نہیں ہوئی (جو کہ ہے تو ناممکن)
معلوم نہیں پہلی بار بات چیت کب ہوئی۔ لیکن ایک مرتبہ بڑی مایوسی کا سامنا کرنا پڑا تھا مجھے جب گزشتہ سال انہیں ورلڈ کپ جیتنے پر مبارکباد پیش کی تو سعود بھائی نے جواب دیا کہ ہمیں چنداں دلچسپی نہیں کرکٹ میں۔ یوں ہم اپنا سا منہ لے کر رہ گئے
3 )۔ آپ کوسعود کی کون سی عادت سب سے اچھی لگتی ہے؟(انکی پسندیدہ عادت)
سعود بھائی کی دوسروں کے مسئلے کو اپنا مسئلہ سمجھنے کی عادت۔ مجھے معلوم نہیں کہ کبھی اپنا کوئی مسئلہ بیان کیا ہو تو انہوں نے دلچسپی سے نہ سنا ہو یا حل تجویز نہ کیا ہو۔ حتیٰ کہ اگر میں نے کسی تیسرے فرد کو بھی سعود بھائی سے رابطہ کرنے کو کہا ہے تو انہوں نے اسی طرح برتاؤ کیا۔ یقین کریں ایسا تو تمام تر کوشش کے باوجود مجھ سے نہیں ہو پاتا کہ کبھی کوئی مصروفیت ہوتی ہے، کبھی ذہنی یکسوئی نہیں ہوتی اور کبھی کوئی مسئلہ، لیکن حیران کن طور پر میں نے سعود بھائی سے جب بات کی انہیں اسی رویے اور لہجے کے ساتھ دیکھا۔
4)۔ کچھ ایسا خاص جو آپ نے سعود کی شخصیت سے سیکھا ہے
کہ "پھول کی پتی سے کٹ سکتا ہے ہیرے کا جگر"، یعنی اگر زبان اچھی ہو تو دلوں کو فتح کیا جا سکتا ہے اور یہ تو آپ جانتے ہیں کہ "جو دلوں کو فتح کرلے وہی فاتح زمانہ"
پھر اتنی عمدہ تکنیکی صلاحیتوں کے باوجود انہوں نے جس طرح اردو کے لیے خدمات انجام دی ہیں وہ ان کے خلوص اور زبان سے محبت کی عکاس ہیں۔ بس اس کی 10 فیصد کوشش بھی ہم کر لیں تو اردو کا مستقبل روشن ہو جائے۔
5)۔ مہمان شخصیت کے لیے کوئی پیغام ، سوال ،مشورہ/ رائے
اردو محفل کے آسمان پر یونہی جگمگاتے رہیں اور ہم جیسے راہیوں کو راستہ دکھاتے رہیں۔