1)۔ سعود کے بارے میں آپ کا پہلا تاثر کیا تھا؟ پہلے تاثر سے لےکر اب تک آپ نے ان کو کیسا پایا ہے؟
(یعنی اب تک ویسا ہی پایا جیسا پہلا تاثر تھا یا اب خیالات بدل چکے ہیں)
موصوف کے متعلق ہمارا پہلا تاثر یہ تھا کہ بھلے مانس آدمی ہیں اور جس قدر مکھن باز کوئی بھلا مانس ہو سکتا ہے اس سے چار ہاتھ بڑھ کر ہی ہیں۔۔۔
اب یہ اگر نہ پوچھا جاتا کہ وہ تاثر/خیال تبدیل ہوا یا نہیں تو شاید کچھ بات بنی رہتی مگر۔۔۔
خیر جانے دیں۔۔۔ ہم نے کوئی سچ بولنے کا ٹھیکا تو نہیں لے رکھا۔۔۔ حضرت کے متعلق ہمارا جو تاثر پہلے دن تھا وہی اب تک قائم ہے۔۔۔ ذرہ برابر تبدیلی نہیں آئی۔۔۔
2)۔ پہلی دفعہ سعود سے جان پہچان/بات چیت کا آغاز کب اور کیسے ہوا یا ابھی تک بات چیت نہیں ہوئی (جو کہ ہے تو ناممکن)
جان پہچان تو پانچ مئی 2010 کو ہوئی تھی۔۔۔ جب اچانک ہمارے متعلق انھوں نے من گھڑت جھوٹ پر مبنی ایک مراسلہ لکھا اور ہم حیران پریشان کہ یا خدا یہ کون آ گیا جو ہمارے متعلق ایسے ایسے نیک خیالات کا اظہار فرما رہا ہے اور ہم نے نام تک نہیں سنا کبھی اس کا:
45: فاتح
فاتح الدین بشیر صاحب کے بارے میں یہ کہا جاتا ہے کہ شہزادے آدمی ہیں۔ موصوف کی سادگی اور وسعت قلبی کے قصے ہر دوسرے مھفلین سے سنے جا سکتے ہیں۔ محفل کے سخن شناسوں میں سر فہرست ہیں۔
یہ تو تھی پہلی مرتبہ ان سے جان پہچان۔
بعد ازاں عروض کا سافٹویئر بنانے سے متعلق ان سے بات چیت کا آغاز ہوا جو فرہنگ جویندہ (ڈکشنری ایکسپلورر) کے سافٹویئر میں تبدیل ہوا اور خدا جھوٹ نہ بلوائے تو اب ہم پچھلے دو سال سے سوائے ان دو موضوعات کے باقی تقریباً ہر موضوع پر روزانہ گھنٹوں بے تکان گفتگو فرماتے ہیں۔
3 )۔ آپکوسعود کی کون سی عادت سب سے اچھی لگتی ہے؟(انکی پسندیدہ عادت)
ارے سعود بھائی! معذرت کہ ہمیں بھول گیا کہ آپ نے اس سوال کے جواب میں اپنی کون سی عادت بتانے کو کہا تھا۔۔۔
ذرا دوبارہ بتائیے گا یا خود ہی مراسلہ مدون کر کے شامل کر دیں۔ اللہ بھلا کرے گا۔
4)۔ کچھ ایسا خاص جو آپ نے سعود کی شخصیت سے سیکھا ہے
(مہمان شخصیت سے ابتک کیا سیکھا /کیا سبق سیکھا)
چغلیاں سیکھی ہیں، لوگوں کی برائی سیکھی
پر از انفاق لگائی و بجھائی سیکھی
کون سا ایسا شرر ہے جو نہ سیکھا ہم نے
الغرض ان سے ہر اک واہی تباہی سیکھی
5)۔ مہمان شخصیت کے لیے کوئی پیغام ، سوال ،مشورہ/ رائے
پیغام، سوال، مشورہ یا رائے یہاں کیوں دینے لگے ہم بھلا؟ ویسے بھی مہمان شخصیت ایسی چیزیں سنتی ہی کب ہیں۔
6)۔اور کچھ خاص جو کہنا یا پوچھنا چاہیں ( کوئی ایسی بات/ فرمائش جو آپ نے ابھی تک نہ کہی ہو تو بس ہو جائیے شروع )
اگر ہم یہاں "شروع" ہو گئے تو کچھ نا ہنجار ہمارے مراسلے کو رپورٹ کرنا شروع کر دیں گے جس سے ہماری صحت پر تو فرق نہیں پڑتا لیکن ان بے چاروں کی کچی ہو جائے گی جو ہمیں منظور نہیں۔