سڑک پر رکشہ ڈرائیور کی ایسی حرکت کہ خاتون نے غصے میں آکر موقع پر ہی گولی مار دی
نئی دلی(نیوز ڈیسک)مردوں کی جانب سے خواتین کے خلاف جرائم کے واقعات تو روز سامنے آتے ہیں لیکن بھارتی شہر گروگرام میں الٹ ماجراپیش آگیا۔ غلط پارکنگ کر کے راستہ روکنے والے رکشہ ڈرائیور پر ایک خاتون کو ایسا غصہ چڑھ گیا کہ اس پر گولی چلا دی۔
ٹائمز آف انڈیا کے مطابق سنیل کٹاریا نامی رکشہ ڈرائیور نے ایک تنگ گلی میں اپنا رکشہ کھڑا کیا اور فون سننے میںمصروف ہو گیا۔ دریں اثناءپیچھے سے سپنا نامی خاتون اپنے سکوٹر پر آن پہنچی۔ جب سپنا کو راستہ نا ملا تو اس نے سنیل سے کہا کہ وہ رکشہ وہاں سے ہٹائے لیکن اس نے ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے فون پر
بات جاری رکھی۔ اسے اندازہ نہیں تھا کہ سکوٹر والی خاتون کو نظر انداز کرنے کا نتیجہ کیا ہو گا۔
سپنا اس وقت تو وہاں سے واپس مڑ گئی لیکن چند منٹ بعد ہی واپس آ گئی۔ اس بار اس کے ہاتھ میں ریوالور تھا اور اس نے آتے ہی سنیل پر گولی چلا دی۔ گولی جب کان کے قریب سے گزری تو سنیل کی ساری بدمعاشی ہوا ہو گئی اور وہ جان بچانے کے لئے وہاں سے بھاگ کھڑا ہوا۔ اسی دوران سپنا دوسری گولی چلانے ہی والی تھی کہ پاس کھڑے ایک شخص نے ریوالور اس کے ہاتھ سے چھین لیا، ورنہ شاید دوسری بار اس کا نشانہ خطانا جاتا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ اگرچہ رکشہ ڈرائیور نے راستہ روک کر بدمعاشی کا مظاہرہ کیا لیکن سپنا کی جانب سے اس پر گولی چلانا ایک سنگین جرم تھا۔ پولیس نے سپنا اور اس کے شوہر کو حراست میںلے لیا ہے جب کہ ان کے ایک عزیز کی تلاش جاری ہے جو مبینہ طور پر اس ریوالور کا مالک ہے جس سے گولی چلائی گئی تھی۔