فلم پدماوت کی ریلیز کے خلاف احمد آباد میں جلاؤ گھیراؤ
بالی ووڈ کی متنازع فلم ’پدماوت‘ کی ریلیز کے خلاف بھارتی ریاست گجرات کے شہر احمد آباد میں احتجاج کے دوران مظاہرین نے درجنوں گاڑیوں اور شاپنگ مالز کو نقصان پہنچایا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق کرنی سینا کے کارکنوں نے فلم کی ریلیز کے خلاف مشعل بردار مارچ کیا، جس کے بعد ہجوم بے قابو ہوگیا اور جلاؤ گھیراؤ کے دوران تین شاپنگ مالز میں توڑ پھوڑ کی اور 150 سے زائد گاڑیوں کے شیشے توڑد دیئےاور موٹرسائیکلوں کونذرآتش کردیا۔
کرنی سینا گجرات یونٹ کے چیف نے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اُن کے کارکنوں کا توڑ پھوڑ اور جلاؤ گھیراؤ سے کوئی تعلق نہیں۔
واضح رہے کہ ان شاپنگ مالز کے سنیما ہالز کے مالکان پہلے ہی اعلان کرچکے ہیں کہ وہ پدماوت کی نمائش نہیں کریں گے۔
دوسری جانب گڑگاؤں کے ڈپٹی کمشنر کا کہنا ہے کہ 25جنوری کو پدمات وت کی ریلیز کے موقع پر کسی بھی ناخوشگوار صورتحال نمٹنے اور امن و امان برقرار رکھنے کے لئے دفعہ 144 نافذ کردی گئی ہے۔
بھارتی سینسر بورڈ نے دسمبر کے آخر میں فلم کا نام ’’پدماوتی سے ’’پدماوت‘‘ رکھنے بعد نمائش کی اجازت دی تھی، لیکن انتہاپسند تنظیم کرنی سینا پھر بھی مطمئن نہیں ہوئی۔
بھارتی سپریم کورٹ نے فلم پر پابندی کے خلاف فیصلہ دیا تو کرنی سینا کے رہنماؤں نے فلم کی ریلیز کے موقع پر عوامی کرفیو کی دھمکی دیتے ہوئے کہا کہ سپریم کورٹ نے عوام جذبات کا احترام نہیں کیا۔
بھارتی دیگر ریاستوں اترپردیش اور مدھیا پردیش میں بھی فلم کی ریلیز کے خلاف احتجاج کا سلسلہ جاری ہے۔
فلم میں ’پدمنی‘ کا کردار ادا کرنے والی دپیکا پڈوکون نے فلم کی نمائش سے قبل ممبئی کے مشہور’ سادھویانک‘ مندر کا دورہ کیااور فلم کی کامیابی کے لئے دعا کی۔اس موقع پر سیکورٹی کے انتظامات سخت انتہائی کیے گئے تھے ۔
دپیکا پڈکون، رنویرسنگھ اور شاہد کپور کی یہ فلم ابتداء ہی سے مشکلات کا شکار رہی ہے۔ شوٹنگ کے دوران مختلف گروپس نے سیٹس پر توڑ پھوڑ کی تھی اور فلم کی شوٹنگ رکوا دی تھی۔
فلم کے خلاف مظاہروں اور پابندی کے باعث ’پدما وت‘ کی ریلیز کو ری شیڈول کر کے25 جنوری میں نمائش کے لئے پیش کرنے کا اعلان کیا گیا تھا۔فلم کو دسمبر میں ریلیز ہونا تھا۔