فواد – ڈيجيٹل آؤٹ ريچ ٹيم – يو ايس اسٹيٹ ڈيپارٹمينٹ
بعض رائے دہندگان اور ميڈيا کے تجزيہ نگاروں کی جانب سے امريکی وزارت خارجہ کے بيان کو ناقابل فہم طريقے سے توڑمروڑ کر اس انداز ميں پيش کيا گيا ہے کہ گويا امريکی حکومت کی جانب سے سرکاری طور پر کسی ايک فرد يا سياسی جماعت کی پشت پنائ کا عنديہ ديا گيا ہو جبکہ حقيقت تو يہ ہے کہ ہمارا بيان دنيا بھر ميں کہيں بھی منتخب جمہوری حکومت کے حوالے سے ہمارے سرکاری موقف کا اعادہ تھا۔
کيا آپ ايمانداری سے يہ سمجھتے ہيں کہ ہميں ايک ايسے جمہوری نظام اور اداروں کے خلاف مذمتی بيان جاری کرنا چاہيے تھا جسے لاکھوں پاکستانی ووٹروں نے منتخب کيا ہے؟
ريکارڈ کی درستگی کے ليے يہ واضح رہے کہ پاکستان کے ساتھ ہمارا تعاون اورطويل المدتی شراکت کسی ايک شخص يا سياسی گروہ سے بالاتر ہے۔ پاکستان کے اداروں اور منتخب حکومتوں کے ساتھ ہماری وابستگی اور تعاون، پاکستان کے لوگوں کے ساتھ مضبوط تعلقات کی ہماری خواہش کی مرہون منت ہے۔ اس حقيقت کا ناقابل ترديد ثبوت يہ ہے کہ اس وقت بھی درجنوں کی تعداد ميں يو ايس ايڈ کے منصوبے خيبر پختون خواہ ميں جاری ہيں جہاں حکمران جماعت اس وقت اسلام آباد ميں احتجاجی مظاہروں ميں مصروف ہے۔ يقینی طور پر صورت حال يہ نا ہوتی اگر ہم پاکستان ميں صرف ايک ہی مخصوص سياسی گروہ کی پشت پنائ کر رہے ہوتے۔
سياسی نظريات ميں موجود اختلافات اور مقامی آبادی کے ليے اختيار کيے گئے سياسی انداز عمومی طور پر منتخب حکومتوں کے سفارتی اور اسٹريجک تعلقات پر اثرانداز نہيں ہوتے اور باہم رضامندی سے جاری اور منظور شدہ منصوبے بدستور جاری رہتے ہيں باوجود اس کے کہ کسی ملک يا اس کے صوبے ميں کوئ مخصوص حکومت تبديلی کے عمل سے گزر رہی ہو يا اسے حزب اختلاف کی جانب سے ريليوں اور احتجاجی مظاہروں کا سامنا ہی کيوں نا ہو۔
پرامن احتجاج اور آزادئ رائے کا اظہار جمہوريت کے اہم پہلو ہيں۔ تاہم امريکہ کسی بھی طور فريقين کے مابين گفت وشنيد يا عمل کا حصہ نہيں ہے۔ اس کے برعکس ديا جانے والا کوئ بھی تاثر بالکل لغو اور فريقين کے مابين گفتگو کے ضمن ميں مددگار ثابت نہيں ہو گا۔
سياسی اختلافات کے حل کے ليے تشدد، نجی املاک اور سياسی عمارات کی توڑ پھوڑ قابل قبول لائحہ عمل نہيں ہيں۔ تاہم ہم سياسی نظام ميں غير آئينی تبديلی مسلط کرنے کی سخت مخالفت کرتے ہيں۔
امريکہ اس بات پر پختہ يقین رکھتا ہے کہ تمام فريقين کو پرامن ڈائيلاگ کے ذريعے اپنے اختلافات اس طريقے سے حل کرنے چاہيے جو پاکستان کے جمہوری اداروں اور قانون کی بالادستی کے عمل کو مستحکم کرے۔
فواد – ڈيجيٹل آؤٹ ريچ ٹيم – يو ايس اسٹيٹ ڈيپارٹمينٹ
www.state.gov
http://www.facebook.com/USDOTUrdu