اسلام آباد: حکومت اور تحریک انصاف کے درمیان مذاکرات کا ایک اور دور بغیر کسی نتیجے کے ختم ہوگیا تاہم انہیں جاری رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق حکومتی مذاکراتی وفد اور تحریک انصاف کے درمیان مذاکرات تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین کی رہائش گاہ پر ہوئے، حکومتی وفد میں اسحاق ڈاراور زاہد حامد شامل تھے جبکہ تحریک انصاف کی جانب سے شاہ محمود قریشی اور جہانگیر ترین مذاکرات میں موجود تھے۔
مذاکرات کے بعد میڈیا سے مختصر بات کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ حکومت اور تحریک انصاف کے درمیان مذاکرات انتہائی حساس مراحل میں داخل ہوچکے ہیں جبکہ جہانگیر ترین نے کہا کہ مذاکرات آخری مراحل میں داخل ہوچکے ہیں تاہم دونوں جانب سے مذاکراتی عمل کو جاری رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس موقع پر اسحاق ڈٓار کا بھی کہنا تھا کہ اب مذاکرات فائنل راؤنڈ میں پہنچ گئے ہیں۔
واضح رہے کہ تحریک انصاف اور حکومت کے درمیان اب تک کئی بار مذاکرات ہوچکے ہیں تاہم دونوں جانب سے فریقین کسی حتمی نتیجے پر نہیں پہنچ پائے ہیں جبکہ اس سے قبل مذاکرات میں اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف سے تقریباً تمام معاملات پر اتفاق ہوچکا ہے۔
http://www.express.pk/story/287010/