عظیم مستشرق پروفیسر رائن ہاٹ ڈوزی کی کتاب "عبرت نامۂ اُندلس" (اصل نام: ہسپانوی اسلام، اسپین میں مسلمانوں کی تاریخ) جو کہ ڈیڑھ سو سال گزرنے کے بعد اس موضوع پر مستند ترین کتاب ہے۔ اس کتاب کی سب سے بڑی خوبی یہ ہے کہ پروفیسر موصوف نے یورپ میں اسلام اور مسلمانوں کے متعلق جو انتہائی غلط خیالات اور واقعات مشہور تھے ان کا رد کر کے اپنی تاریخ کو مستند عربی حوالوں کی مدد سے لکھا ہے اور اس کام میں انہیں بیس سال سے زیادہ کا عرصہ لگا، بقول پروفیسر موصوف کے "یورپ میں کوئی ایسا قلمی نسخہ نہیں ہے جسے میں نے اس کتاب کی تیاری کیلیے نہ دیکھا ہو۔"
یہ کتاب 1861ء میں ہالینڈ سے بزبانِ فرانسیسی (فرنچ) شائع ہوئی تھی۔ اسکا انگریزی ترجمہ 1913ء میں شائع ہوا اور اسی انگریزی ترجمے کا اردو ترجمہ مولوی عنایت اللہ دہلوی نے عثمانیہ یونیورسٹی حیدر آباد (دکن) سے 1929ء میں شائع کیا جبکہ توضیح و تخریج مولانا اسماعیل پانی پتی کی ہے، واضح رہے کہ کتاب کا نام "عبرت نامۂ اندلس" بھی مولوی عنایت اللہ دہلوی کا دیا ہوا ہے۔
حال ہی میں یہ کتاب "مشتاق بُک کارنر، لاہور" نے شائع کی ہے۔ ایک ہزار سے زائد صفحات پر مشتمل اس ضخیم کتاب کی قیمت 600 روپیہ ہے۔
مکمل انگریزی ترجمہ اس ربط پر پڑھا جا سکتا ہے۔