میں اس ہفتے یہ تین کتابیں پڑھ رہا ہوں:
۱) صادق ہدایت کا سفرنامہ 'اصفہان نصفِ جہان'۔
اصفہان جیسے اساطیری و الف لیلوی شہر کے بارے میں ہر دیار کے لوگ اب تک بہت کچھ لکھ چکے ہیں، لیکن اس سفرنامے کو مصنف کی داخلیت پسندی منفرد بناتی ہے۔ اس میں اصفہان اور اس کے لوگوں کی شرح و توصیف سے زیادہ مصنف نے اپنے دورانِ سفر گذارے لحظات سے اخذ کردہ شخصی تجربات کو پیش کیا ہے۔ صادق ہدایت ایران کے ابتدائی ادبی جدت پسندوں میں شامل تھا، اور یہی ادبی نظریہ اُس کے اس سفرنامے کی بنیاد میں بھی شامل ہے۔ مجموعی طور پر اچھی کتاب ہے۔ کتاب ۱۹۳۲ء میں شائع ہوئی تھی۔
اصفهان نیمی از جهان گفتند
نیمی از وصفِ اصفهان گفتند
(محمد تقی بهار)
ترجمہ: اصفہان کو جو یہ لوگوں نے دنیا کا نصف حصہ کہا ہے تو درحقیقت اُنہوں نے اصفہان کے نصف اوصاف ہی بیان کیے ہیں۔
۲) جون بِیمز کی کتاب 'گرامر آف دا بنگالی لینگوِج'۔
۱۸۹۱ء میں شائع ہونے والی اس نسبتاً مختصر مگر جامع کتاب میں ادبی بنگالی کے دستوری قواعد سہل و سادہ انداز میں مندرج ہیں۔ چونکہ بنگالی زبان بھارت کی سب سے زیادہ سنسکرت زدہ زبانوں میں سے ہے، اس لیے مصنف نے حسبِ ضرورت بنگالی میں مستعمل سنسکرت کے قواعد پر بھی روشنی ڈالی ہے۔ اگر پہلے سے بنگالی رسم الخط آتا ہو، اور تھوڑی بہت ہندی سے آشنائی ہو، تو یہ کتاب ادبی بنگالی میں اپنی بنیاد رکھنے کے لیے اچھی ہے۔ وسیع استفادے کے لیے یہ کتاب آرکائیو پر موجود ہے۔
۳) پوَن کمار ورما کی کتاب
Becoming Indian: The Unfinished Revolution of Culture and Identity کا ہندی ترجمہ 'بھارتییَتا کی اور: سنسکرتی اور اَسمِتا کی ادھوری کرانتی'
یہ کتاب میں اب تک نصف سے زیادہ پڑھ چکا ہوں اور مجھے بہت پسند آئی ہے۔ تہذیب و تمدن، تمدنی تکامل، برطانوی استعمار اور اُس کے عواقب و نتائج، پس استعماری معاشروں کے تضادات اور حقائق، مختلف پس استعماری معاشروں میں استعمار زدائی کی کوشش، ہندوستانی تہذیبی سلسلہ، تمدنوں کے مابین مکالمہ و تصادم، اپنی اصالت کی تلاش اور اپنی اصالت کی طرف واپسی، جدید دور میں شناخت کا بحران، اور اس جیسے دوسرے موضوعات میں دلچسپی رکھنے والے دوستوں کو میں یہ کتاب بہ طورِ خاص تجویز کرتا ہوں۔
یہ کتاب ۲۰۱۰ء میں شائع ہوئی تھی۔ نیٹ پر تلاش کرنے سے اصل انگریزی کتاب مل جائے گی۔
استعمار = کولونیلزم
پس استعماری = پوسٹ کولونیل
استعمار زدائی = ڈی-کولونائزیشن (زَدُودن = زائل کرنا، برطرف کرنا، محو کرنا، پاک کرنا، صاف کرنا)