کرپال سنگھ ڈھلوں کی کتاب: Identity and Survival: Sikh Militancy in India 1978-1993
مصنف کئی دہائیوں تک انڈین پولیس کے رکن رہے۔ آپریشن بلیو سٹار، جس میں انڈین آرمی نے سکھوں کے مقدس ترین مقام گولڈن ٹمپل میں آپریشن کیا تھا کے فوری بعد مصنف کو پنجاب پولیس کا ڈائیرکٹر جنرل بنایا گیا تھا (پاکستان میں یہ عہدہ انسپکٹر جنرل یا آئی جی کہلاتا ہے)۔ اندرا گاندھی کے قتل کے وقت بھی یہ اسی عہدے پر تھے۔
مصنف نے بہت تفصیل سے سکھوں کی اس تحریک کا جائزہ لیا ہے۔ سکھوں کی مختصر تاریخ بھی اس میں آ گئی ہے اور برٹش انڈیا کی تقسیم سے پہلے سے شروع کر کے، پہلے متحدہ پنجاب کی تقسیم اور پھر بھارتی پنجاب کی تقسیم در تقسیم پر بھی بحث کی ہے۔ پولیس کے اعلیٰ ترین عہدے پر ہونے کی وجہ سے خالصتان کی تحریک کے عوامل پر بحث کے ساتھ ساتھ بہت سے حقائق پر سے بھی پردہ اُٹھایا ہے۔ اس ساری تحریک میں گیانی ذیل سنگھ کا متنازعہ کردار اور سیاسی پالسیاں بھی زیر بحث آئی ہیں، خاص طور بھنڈرانوالہ کی سرپرستی۔ ذیل سنگھ، اندرا گاندھی کے قتل کے وقت انڈیا کے صدر تھے لیکن اس سے پہلے وہ پنجاب کے وزیر اعلیٰ اور اندرا گاندھی کی حکومت میں وزیرِ داخلہ بھی رہ چکے تھے۔
المختصر، ایک لاجواب کتاب۔