بات لسوڑے کی پوچھی تو عرض کردوں کی لسوڑا اوسط قد و قامت کے پیڑ کا ایک چھوٹا پھل ہے جو شکل میں کسی حد تک گول بیر سے مماثلت رکھتا ہے۔ اگلا سرا قدرے نوکیلا ہوتا ہے۔ کسی بہت چھوٹے لٹو کی مانند۔ انگور جیسے چھلکے کے درمیان ایک سخت بیج اور درمیانی جگہ میں سنتھیٹک گوند جیسا لجلجا مادہ بھرا ہوتا ہے جس کے چپکنے کی صلاحیت کسی گوند سے کم تر نہیں ہوتی۔ پکنے کے بعد پھل کی رنگت ہلکی گلابی ہوتی ہے۔ ذائقہ ذرا سی مٹھاس لئے ہوتا ہے۔ یونانی ادویات میں بکثرت مستعمل ہے۔ کھانسی کے لئے اس کا کاڑھا اکسیر ہے۔