Fawad - Digital Outreach Team - US State Department
ايک تاثر جو ميں کثرت سے اردو فورمز پر ديکھ رہا ہوں وہ يہ ہے کہ امريکی حکومت کے نزديک اس بات کی کوئ اہميت نہيں ہے کہ پاکستان کے عوام کيا سوچ رکھتے ہيں اور مختلف ايشوز کے حوالے سے ان کی رائے کيا ہے۔ يہ تاثر بالکل غلط ہے۔ ڈيجيٹل آؤٹ ريچ ٹيم کے توسط سے اردو زبان ميں امريکی حکومت کا موقف آپ تک پہنچانا اور آپ کی رائے سےامريکی حکام کو آگاہ رکھنا اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستانی عوام کی رائے اور سوچ امريکی حکام کے ليے اہميت کی حامل ہے۔
ذيل میں آپ کو امريکی سيکريٹری آف اسٹيٹ کونڈو ليزا رائس کا امريکہ اور پاکستان کے تعلقات کے حوالے سے موقف انھی کی زبانی پيش کر رہا ہوں۔
"مجھے ياد ہے کہ سيکريٹری آف اسٹيٹ کا عہدہ سنبھالنے کے پہلے سال میں پاکستان کے دورے پر تھی اور ايک عوامی تقريب ميں اس وقت کے پاکستانی وزير خارجہ کے ساتھ کھڑی تھی اور ميں نے ان سے کہا تھا کہ امريکہ اس بات کی توقع رکھتا ہے کہ آپ پاکستان ميں شفاف اور غير جانب دار انتخابات کا انعقاد يقينی بنائيں گے۔ اور يہ بات ميں نے ان سے ايک پبلک فورم پر کہی تھی۔
اس کے بعد سے اب تک پاکستان ميں جمہوری نظام کے قيام کے حوالے سے ہمارے موقف میں ذرہ برابر بھی تبديلی نہيں آئ۔ يہ درست ہے کہ دہشت گردی کے حوالے سے اپنے مشترکہ دشمن کے خاتمے کے ليے ہم نے مشرف حکومت کے ساتھ مل کر کام کيا ہے ليکن پاکستان ميں جمہوری نظام کے قيام کے ليے ہماری حمايت ميں کوئ تبديلی نہيں آئ ہے۔
ميرے لیے جو چيز تکليف دہ ہے وہ پاکستان ميں موجود يہ تاثر ہے کہ پاکستان کے ليے ہماری پاليسياں "خفيہ نوعيت" کی ہيں۔ شايد اس کی وجہ پبلک ڈپلوميسی ميں ناکامی ہے۔ ايسا محسوس ہوتا ہے کہ پاکستان ميں ہمارا يہ موقف پوری طرح واضح نہيں کيا گيا کہ شروع دن سے ہم پاکستان ميں آزاد اليکشن کے ليے آواز بلند کر رہے ہيں۔ ہم نے فوجی حکومت پر ہر ممکن دباؤ ڈال کر يہ يقينی بنايا کہ ملک ميں اليکشن کے بعد ايک فوجی وردی والے صدر سے ملک کا نظام سول حکومت کو منتقل کيا جائے۔
ليکن میں اپنے آپ سے يہ سوال کرتی ہوں کہ ہماری کوششيں اور ہمارا موقف پاکستانی عوام تک کيوں نہيں پہنچ سکا۔ ميرے خيال ميں مسلہ يہ ہے کہ پاکستان ميں لوگوں کا عام خيال يہ ہے کہ ہم پاکستان ميں ايک جمہوری حکومت کے مقابلے ميں ايک فوجی حکومت کو ترجيح ديتے ہيں۔ يہ تاثر بالکل غلط ہے۔ ميرے خيال ميں، اب جبکہ پاکستان نے جمہوريت کی طرف پيش قدمی شروع کر دی ہے، ہم پاکستان ميں جمہوری اداروں کے استحکام کے ليے بہت کچھ کر سکتے ہيں اور اس سلسلے ميں ہر ممکن تعاون اور مدد کے ليے تيار ہيں"۔
ميں جلد ہی پاکستان ميں امريکی سفير اين پيٹرسن کا موقف حاصل کرکے اسی فورم پر پيش کروں گا۔
فواد – ڈيجيٹل آؤٹ ريچ ٹيم – يو ايس اسٹيٹ ڈيپارٹمينٹ
digitaloutreach@state.gov
http://usinfo.state.gov