کوینزٹاؤن پہنچ کر ہوٹل کا رخ کیا۔ چیک ان ٹائم سے جلدی پہنچے تھے تو خیال تھا کہ سامان ان کے پاس رکھ کر سیر کریں گے لیکن ہمارا کمرہ تیار تھا۔
اب ہمیں رینٹل کار کی ضرورت نہ تھی۔ واپسی کی آسانی کے لئے ڈاؤن ٹاؤن والے رینٹل آفس میں واپس کرنی تھی۔ ڈاؤن ٹاؤن پہنچے تو خوب رش تھا اور پارکنگ مفقود۔ دو تین چکر لگانے کے بعد پارکنگ کی جگہ ملی۔ ہرٹز کو کار کی چابی دی اور فارغ۔
بھوک لگ رہی تھی۔ لنچ کے لئے ایک فوڈ ٹرک ملا۔ وہاں سے فش اینڈ چپس کھائے۔
پھر کوینزٹاؤن پھرتے رہے۔ یہ شہر واکاٹپو جھیل کے کنارے آباد ہے اور اس کے گرد پہاڑ ہیں۔ سردیوں میں سکیئنگ کے لئے مشہور ہے۔
جھیل میں کوئی پیراسیلنگ کر رہا تھا۔