31 دسمبر
لاج میں رات کو جنریٹر بند کر دیتے ہیں اور پھر صبح کو دوبارہ چلاتے ہیں۔ سو اسی حساب سے ہم اٹھے۔ فریش ہو کر ڈائننگ روم پہنچے جہاں ابھی ناشتہ تو تیار نہ تھا لیکن لنچ کے لئے سامان موجود تھا۔ ہم نے سینڈوچ بنایا اور ساتھ پھل، چاکلیٹ اور ٹریل بار رکھ لی۔ اتنی دیر میں ناشتے کا وقت ہو گیا۔ ناشتہ کیا اور پھر جانے کو تیار ہو گئے۔
آج بارش تیز تھی۔ خیال تھا کہ موسم بھی سرد ہو گا کہ ہم نے اونچائی پر جانا تھا۔ لہذا رین جیکٹ کے نیچے ایک فلیس جیکٹ بھی پہن لی۔ کچھ دیر چڑھائی پر ہائک کی تو خیال غلط ثابت ہوا اور گرم جیکٹ اتارنے کے لئے رکے۔ بارش کی وجہ سے احتیاط بھی لازم تھی کہ جیکٹ یا بیگ گیلا نہ ہو جائے۔ بیگم اور بیٹی کو غصہ آیا کہ اچھے بھلے سب سے آگے جا رہے تھے اس چکر میں بہت سے لوگ آگے نکل گئے۔ خیر دوبارہ ہائکنگ شروع کی۔
کچھ دیر میں چڑھائی چڑھ کر ایک مقام پر پہنچے جہاں نیچے میکنزی جھیل نظر آ رہی تھی جس کے کنارے ہماری لاج تھی۔