کچن کارنر میں کلیجی پکانے کا کامیاب تجربہ !
بریکنگ نیوز چینل کے قارئین تک یہ خبر خوشی کے ساتھ پہنچائی جاتی ہے کہ اُردو محفل کچن کارنر میں کلیجی پکانے کا کامیاب دھماکہ اوہ معاف کیجئے گا تجربہ کر لیا گیا ہے ۔
تفصیلات کے مطابق :
مورخہ یکم اکتوبر 2006ء بروز اتوار کو اس سلسلے میں پہلا کامیاب دھماکہ (ایک بار پھر معاف کیجئے) تجربہ کیا گیا اور
کلیجی پکائی گئی۔ اور ٹھیک ایک دن بعد یعنی مؤرخہ 2 اکتوبر 2006ء بروز پیر دوسرا کامیاب تجربہ
کلیجی کے کباب بنا کر کیا گیا ۔
اس تجربے کا تمام تر سہرا ہمارے نہایت ہی محترم و معزز و ماہرِ باورچی خانہ جناب پیار کروگی صاحب کے سَر جاتا ہے۔ آپ ابھی مزید تجربے بھی کرنا چاہتے تھے مگر بُرا ہوا کہ عین وقت پر کلیجی ختم ہو گئی اس کے باوجود آپ نے عین اسی تاریخ کو بحالتِ مجبوری
کلیجی نمبر دو کو بھی آزمایا ، اور اسے بھی قابلِ استعمال پایا ، یوں یہ تجربہ بھی کامیاب رہا
مزید تفصیلات کے مطابق :
آپ (جناب محترم پیار کروگی صاحب) نے یہ تجربہ کامیاب بنانے کے لئے انتہائی محنت و مشقت کی ہے اور اس بڑے تجربے کی سو فیصد کامیابی کو یقینی بنانے کے لئے چھوٹے چھوٹے تجربے کرنے سے بھی گُریز نہیں کیا، جو آپ کے لئے سو فیصد سے بھی زیادہ کامیاب نتائج لانے کا سبب بنے ۔ آپ نے ان چھوٹے چھوٹے تجربوں کی آزمائش کے لئے دراصل بڑے بڑے کلیجوں کا انتخاب کیا ( اس انتخاب میں آپ کی ذہانت قصو وار تھی یا پھر کسی صاحبِ قصور کا مشورہ ، یہ ابھی تک معلوم نہیں ہو سکا) ۔ آپ کا طریقہ آزمائش نہایت ہی آسان ہے اور اس کے لئے آپ اپنے نِک (جو ہرگز نِکا (چھوٹا) نہیں ہے بلکہ کافی بڑا سا ہے) سے کام لیتے ہیں اور اپنے ہر پیغام کے آخر میں اسے چسپاں کر دیتے ہیں ۔
ماسی پھاتاں نے اپنی خصوصی رپورٹ میں درج کیا ہے کہ آپ لکھنے سے پہلے نہیں سوچتے بلکہ بعد میں سوچتے ہیں اس لئے اکثر اپنے پیغامات بعد میں مدون کر لیا کرتے ہیں۔ تاہم یہ بات بھی سامنے آئی ہے کہ کچھ مقامات پر آپ لکھنے کے بعد بھی سوچنے پر یقین نہیں رکھتے ورنہ اکثر اپنے پیغامات ضرور ایک سے زائد بار مدون کیا کرتے !
آپ رسموں پر یقین نہیں رکھتے اس لئے غیر رسمی لہجہ اپناتے ہیں اِس غیر رسمی انداز تکلم پر درجہ حرارت ایک دم بڑھتا دیکھا گیا ہے اور سننے میں آیا ہے کہ اکثر قاری کا کلیجہ صرف پکتا ہی نہیں بلکہ جَل بھی جاتا ہے ، بلکہ جَل کے راکھ ہو جاتا ہے
اور بعض قارئین تو اس کی تپش دل و دماغ تک پہنچتی محسوس کرتے ہیں ۔ آپ کے نِک کی تاثیر اس قدر جلالی ہے کہ زبان پہ لاتے ڈر لگتا ہے (اس
ڈر کی وضاحت حق گُو پہلے ہی نہایت وضاحت سے کر چکے ہیں مزید وضاحت اندیشہ ہے کہ مزید ڈر کا سبب نہ بن جائے کہیں!) اور لکھتے ہوئے اُنگلیاں کانپتی ہیں ۔ اس نکتے بلکہ ان نکات کو ملحوظِ خاطر رکھتے ہوئے بریکنگ نیوز چینل کچھ سفارشات اور احتیاطی تدابیر پیش کرتا ہے
:
1۔ آپ کا نِک لکھا نہ جائے بلکہ کاپی کر کے پیسٹ کر دیا جائے ۔ اس سے انگلیاں نہیں کانپیں گی۔
2۔ آپ کے نِک کو صرف نِک ہی سمجھا جائے جملہ نہیں ۔
3۔ نِک چونکہ کہیں سے بھی نِکا (چھوٹا) نہیں ہے اسلئے اپنی اپنی سہولت کی خاطر اسے جس طرح چاہیں نِکا بنا لیں۔ (اس ضمن میں اب تک کئے گئے اقدامات سے بھی مستفید ہوا جا سکتا ہے۔)
4۔ تمام خواتین و حضرات جنہیں اکثر و بیشتر
لو بلڈ پریشر کی شکایت رہتی ہو وہ اگر جناب پیار کروگی صاحب سے پیغاماتی مکالمہ کر لیں تو ہمارا دعوٰی بلکہ شرطیہ دعوٰٰی ہے کہ بلا تاخیر آپ کا بلڈ پریشر لو سے
ہائی ہو جائے گا اور یہ شکایت ختم ہو جائے گی ہمیشہ ہمیشہ کے لئے
وارننگ :
ہائی بلڈ پریشر کی شکایت رکھنے والے خواتین و حضرات جناب پیار کروگی صاحب سے اور محترم جناب پیار کروگی صاحب مذکورہ افراد سے، یعنی کہ آپ دونوں ایک دوسرے سے ایک مناسب فاصلے پر رہیں
یہ مناسب فاصلہ اگر ضرورت ہو تو نُوری فاصلے کے برابر رکھا جائے !!
[align=left:4427fb4eae](انتخاب از داستانِ آمدِ جناب محترم پیار کروگی صاحب در اُردو محفل)[/align:4427fb4eae]
۔