بینظیر کے جلوس میں ہونے و الا دھماکہ میں کسی بنیاد پرست گروپ کا ہاتھ نہیں، آصف زرداری:
بے نظیر بھٹو کے شوہر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ بے نظیرت بھٹو کے استقبالی جلوس میں ہونے والا دھماکہ کسی بنیاد پرست گروپ کا کارنامہ نہیں بلکہ فوج کے ان حلقوں کی جانب سے کرایا گیا ہے جو پیپلز پارٹی کے مخالف ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ بے نظیر بھٹو نے ایک خط میں جنرل پرویز مشرف کو اس خطرہ سے آگاہ کیا تھا ۔ بے نظیربھٹو نے اس خط میں ان افراد کے نام بھی لکھے تھے ۔ تاہم انکے نام ابھی ظاہر نہیں کئے جا سکتے ۔ آصف علی زرداری نے کہا کہ بم دھماکہ میں جاں بحق ہونے والے کارکنان ان کے لئے کسی بھی رہنما کی طرح اہم اور ان کے خاندان کا حصہ تھے ۔ انہوں نے کہاکہ بے نظیر بھٹو سے ان کی کچھ دیر قبل فون پر ہونے والی بات چیت ہوئی ہے جس میں انہوں نے بم دھماکہ میں جاں بحق اور زخمی ہونے والوں کے لواحقین سے دلی افسوس کا اظہار کیا ہے ۔ آصف علی زرداری نے کہا کہ اس سے قبل بھی پیپلز پارتی کے خلاف سنگین سازشیں کی گئی تھی اور اس وقت القاعدہ وجود میں بھی نہیں آئی تھی ۔ انہوں نے کہا بنیاد پرستوں کو ہم سے خطرہ اس وقت ہو گا جب ہم حکومت میں ہوں گے ۔ ۔ انہوں نے کہا کہ وہ یہ تسلیم نہیں کرتے کہ فوج کے تمام ادارے جنرل پرویز کے طابع ہیں،انہوں نے کہاکہ ہم جانتے ہیں کہ حکومتیں کس طرح چلائی جاتی ہیں ۔ آصف زرداری نے کہا کہ مارنے والوں سے بچانے والا زیادہ بڑا ہو تا ہے اور اللہ تعالیٰ کا شکر ہے کہ اس نے بے نظیر بھٹو کو محفوظ رکھا ۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کو اپنی پالیسی پر نظر ثانی کرنا ہو گی۔ انہوں نے کہاکہ یہ واقعہ جمہوریت کے لئے کوئی اچھا پیغام نہیں ہے ۔