فارسی سے اردو میں ترجمے کے دوران یہ لغزش عام دیکھنے میں آتی ہے کہ مترجمین صوتی مماثلت کے باعث اکثر جگہوں پر 'تویی' کا ترجمہ 'تو ہی ہے' یا 'تم ہی ہو' کرتے ہیں۔ ذہن میں رکھنا چاہیے کہ فارسی میں 'تویی' کا مفہوم 'تو هستی' یا 'تم ہو' ہے، 'تم ہی ہو' نہیں۔ 'ہی' کا مفہوم فارسی میں 'فقط' یا 'تنها' وغیرہ سے آتا ہے۔
"تو را چنان که تویی هر نظر کجا بیند"
ترجمہ: تم کو، جس طرح تم ہو، ہر نظر کہاں دیکھ سکتی ہے؟
"تویی خورشید و ما پیشت چو ذرّه"
ترجمہ: تم خورشید ہو اور ہم تمہارے پیش ذرّے کی مانند۔۔۔
"شمسِ تبریزی تویی سلطانِ سلطانانِ جان"
ترجمہ: اے شمسِ تبریزی! تم سلطانِ سلطانانِ جاں ہو۔۔۔
بیا بیا که حیات و نجاتِ خلق تویی
بیا بیا که تو چشم و چراغِ یعقوبی
ترجمہ: آ جاؤ، آ جاؤ، کہ خَلق کی حیات و نجات تم ہو۔۔۔ آ جاؤ، آ جاؤ، کہ تم چشم و چراغِ یعقوب ہو۔