زبانِ عذب البیانِ فارسی سے متعلق متفرقات

حسان خان

لائبریرین
برین/barin/барин

یہ ماوراءالنہری فارسی میں استعمال ہونے والا ایک حرفِ جر ہے جس کا کلاسیکی/معیاری ایرانی فارسی میں مطلب ہے: مانندِ، مثلِ، چون وغیرہ
جبکہ اردو میں اس کا ترجمہ یہ ہو گا: ۔۔۔ کی طرح، ۔۔۔ کی مانند، ۔۔۔ جیسا وغیرہ۔

اس کے استعمال کی مثالیں دیکھیے:

"احمد برین شطرنج باز را من تا حال ندیدم."
ترجمہ: میں نے احمد جیسے (کسی) شطرنج باز کو ابھی تک نہیں دیکھا ہے۔

"خون برین سرخ"
ترجمہ: خون کی طرح سرخ

"به مدرسه‌های بخارا داخل شدن و دانش گرفتن برای عینی برین فقیرزادگانِ علم‌جو خیلی مشکل بود."
ترجمہ: (صدرالدین) عینی جیسے علم جو فقیرزادوں کے لیے بخارا کے مدرسوں میں داخل ہونا اور علم حاصل کرنا بہت مشکل تھا۔

اس تاجکی حرفِ جر کی خاص بات یہ ہے کہ یہ اسماء کے بعد آتا ہے جبکہ فارسی کے دیگر جتنے بھی حروفِ جر ہیں وہ اسماء سے پہلے آتے ہیں۔ اس لفظ کا ایسا استعمال وسطی ایشیائی فارسی پر ازبکی ترکی کے عمیق اثرات کی وجہ سے ہے کیونکہ ترکی میں بھی اردو کی طرح حروفِ جر اسماء کے بعد آتے ہیں۔
دراصل، شوروی دور کی ابتداء میں تاجکستان اور ازبکستان کے نام سے دو الگ ریاستوں کی تشکیل سے قبل تاجکوں اور ازبکوں میں قومیت کا جدید تصور ندارد تھا، اور لوگ اپنے آپ کو تاجک یا ازبک کی نظر سے نہیں دیکھتے تھے، اس لیے ماوراءالنہر کی آبادی عموماً دولسانی تھی اور اور اگرچہ ادبی حلقوں میں فارسی کا غلبہ تھا لیکن اہلِ قلم حضرات فارسی اور ترکی دونوں میں روانی سے لکھا کرتے تھے۔ اس وسیع دولسانیت کی وجہ سے ازبکی ترکی اور تاجک فارسی نے ایک دوسرے پر بہت گہرے اثرات مرتب کیے ہیں۔
یہ ذہن میں رکھنا چاہیے کہ موجودہ زمانے میں اکثر تاجک ادباء ایرانی اسلوب کی پیروی کرتے ہیں اس لیے پس شوروی وسطی ایشیائی ادبی فارسی میں اس لفظ کا استعمال کم ہو گیا ہے۔
میں سمجھتا تھا کہ یہ لفظ صرف شُورَوی دور کی ماوراءالنہری ادبی فارسی میں استعمال ہوا ہے، لیکن اب معلوم ہوا ہے کہ اُس سے قبل بھی یہ لفظ وہاں کی ادبی فارسی میں استعمال ہو چکا تھا۔ صدرالدین عینی نے اپنے تذکرے 'نمونۂ ادبیاتِ تاجیک' میں ۱۳۱۱ ہجری میں وفات پانے والے شاعر شمس الدین مخدوم شاہین بخارائی کی ایسی دو غزلیں پیش کی ہیں جن کی ردیف 'برین' ہے۔ اُن غزلوں میں سے مثال کے طور پر ایک شعر دیکھیے:
تو بُخاری‌بچّه‌ای، جانا، تواضع‌پیشه باش
این قدر تُندی چه لازم مردمِ کابل برین؟
(شمس‌الدین مخدوم شاهین بخارایی)

ترجمہ: اے جان! تم بخارائی بچے ہو، تواضع کو اپنی عادت بناؤ؛ کابل کے مردم کی طرح اِس قدر تُندی کی کیا ضرورت ہے؟
 
ایران میں بیدل خوانی رائج نہیں جبکہ افغانستان کے خواندہ طبقات میں بیدل خوانی با ذوقِ بسیار رائج ہے۔ کیا تاجیکستان کے خواندہ طبقات میں بیدل خوانی رائج ہے؟
 

حسان خان

لائبریرین
ایران میں بیدل خوانی رائج نہیں جبکہ افغانستان کے خواندہ طبقات میں بیدل خوانی با ذوقِ بسیار رائج ہے۔ کیا تاجیکستان کے خواندہ طبقات میں بیدل خوانی رائج ہے؟
جی، تاجکستان کے ادبی حلقوں میں بھی بیدل خوانی کی روایت موجود ہے۔ حتیٰ کہ ازبکستان کے غیر فارسی دان ادبی حلقوں میں بھی بیدل کی مقبولیت برقرار ہے اور وہاں بیدل کی شاعری کے ازبکی ترکی ترجمے پڑھے جاتے ہیں۔
 
مندرجہ ذیل فارسی متن میں سیاہ رنگی جملوں کا ترجمہ کردیں برائے مہربانی۔علی شریعتی کی کتاب "آرے اینچنین بود برادر" سے اقتباس ہے:

یادداشتهایی کرده بودم تا امشب از آنچه که در این چند شب گفته‌ام، نتیجه‌گیری کنم، اما سخنان برادر عزیزم پرویز خرسند- که اگر نگویم «تنها کسی است»، ولی مطمئناً می‌توانم بگویم، قویترین نویسنده‌ای است که نثر امروز را در خدمت ایمان دیروز ما قرار داده است- آنچه را که می‌خواستم بگویم و احساسی را که داشتم و جهت تفکری را که تعیین کرده بودم، بکلی تغییر داد و به فکر افتادم که خاطره‌ای را که به خود ایشان گفته بودم، به شما نیز بگویم.
 

حسان خان

لائبریرین
پرداختن کا کیا مطلب ہے؟
یہ ایک کثیر المعنی مصدر ہے۔ آپ کا موردِ نیاز معنی سیاق و سباق دیکھ کر ہی دقیقاً بتایا جا سکتا ہے۔ لیکن لغت ناموں میں اس کے یہ معانی ملتے ہیں:
پیسے ادا کرنا، قرض ادا کرنا، مشغول ہونا، انجام دینا، آراستہ کرنا، مرتّب کرنا، فارغ ہونا وغیرہ
 

حسان خان

لائبریرین
مندرجہ ذیل فارسی متن میں سیاہ رنگی جملوں کا ترجمہ کردیں برائے مہربانی۔علی شریعتی کی کتاب "آرے اینچنین بود برادر" سے اقتباس ہے:

یادداشتهایی کرده بودم تا امشب از آنچه که در این چند شب گفته‌ام، نتیجه‌گیری کنم، اما سخنان برادر عزیزم پرویز خرسند- که اگر نگویم «تنها کسی است»، ولی مطمئناً می‌توانم بگویم، قویترین نویسنده‌ای است که نثر امروز را در خدمت ایمان دیروز ما قرار داده است- آنچه را که می‌خواستم بگویم و احساسی را که داشتم و جهت تفکری را که تعیین کرده بودم، بکلی تغییر داد و به فکر افتادم که خاطره‌ای را که به خود ایشان گفته بودم، به شما نیز بگویم.

قویترین نویسنده‌ای است که نثر امروز را در خدمت ایمان دیروز ما قرار داده است
وہ آج کی نثر کو ہمارے کل کے ایمان کی خدمت میں بروئے کار لانے والا قوی ترین مصنف ہے

بکلی تغییر داد
کاملاً تبدیل کر دیا

خاطره‌ای را که به خود ایشان گفته بودم
اُس یادداشت کو جو میں نے اُن سے کہی تھی
 
آخری تدوین:

حسان خان

لائبریرین
روی ھم چیدن کا بھی مطلب تحریر کردیں۔ یہ لفظ "ھم" فعل کے ہمراہ کس موقع پر آتا ہے؟
ویسے تو اس کا مطلب "بھی" ہے
یعنی ایک دوسرے کے اوپر چُننا یا جمع کرنا

'هم'، 'یکدیگر' اور 'همدیگر' کے معنی بھی رکھتا ہے۔ مثلاً:
با هم حرف می‌زدند.
وہ ایک دوسرے کے ساتھ گفتگو کر رہے تھے۔
 
آخری تدوین:

حسان خان

لائبریرین
فارسی زبان میں 'کے بارے میں' کے لیے عموماً 'در بارهٔ' اور 'راجع به' استعمال ہوتے ہیں۔ مثالیں دیکھیے:
در بارهٔ چه حرف می‌زنید؟
آپ کس چیز کے بارے میں‌ بات کر رہے ہیں؟
رومان‌های محفوظ راجع به زندگی در مصر هستند.
محفوظ کے ناول مصر میں زندگی کے بارے میں ہیں۔
 
لطفاً ذیل کے اقتباس میں سیاہ رنگی جملے کا ترجمہ کردیں:

دخمه هر یک از اهرام- اطاق اصلی مقبره- که محلی است بزرگ، فقط از شش قطعه سنگ یکپارچه و خام، ساخته شده است که چهار قطعه سنگ بزرگ- به عنوان چهار دیوار- و دو قطعه دیگر به عنوان کف و سقف اطاق. برای تصور قطر و وزن قطعه سنگی که سقف را تشکیل می‌دهد، کافی است که بدانیم جنسش از رخام است و چندین میلیون قطعه سنگ بزرگ دو تنی را تا نوک اهرام روی همین سقف چیده‌اند و این سقف، پنج هزار سال است که این وزن را تحمل می‌کند.

(آرے اینچنین بود برادر از دکتر علی شریعتی)
 

حسان خان

لائبریرین
'هم'، 'یکدیگر' اور 'همدیگر' کے معنی بھی رکھتا ہے۔ مثلاً:
با هم حرف می‌زدند.
وہ ایک دوسرے کے ساتھ گفتگو کر رہے تھے۔
اِس کی ایک اور مثال دیکھیے:
بیگانگی نگر، که من و یار، چون دو چشم
همسایه‌ایم و خانهٔ هم را ندیده‌ایم

بیگانگی دیکھو کہ میں اور یار دو آنکھوں کی طرح ہمسایہ ہیں اور ہم نے ایک دوسرے کا گھر نہیں دیکھا ہے۔
 
آخری تدوین:

حسان خان

لائبریرین
لطفاً ذیل کے اقتباس میں سیاہ رنگی جملے کا ترجمہ کردیں:
چندین میلیون قطعه سنگ بزرگ دو تنی را تا نوک اهرام روی همین سقف چیده‌اند
دو ٹن وزن والے لاکھوں پتھر کے بڑے ٹکڑوں کو اہرام کی نوک تک اِسی چھت پر چُنا گیا ہے۔
 
آخری تدوین:
خواجہ نظیری کا ایک شعر ہے

سہل نبود بر صفِ آتش زدن
می نماید گرچہ از پروانہ خوش

اس کا لفظی ترجمہ کیا ہوگا؟

آسان نہیں ہے صفِ آتش میں جلنا۔ اگرچہ پروانے کو دیکھ کر اچھا لگتا ہے۔
 

حسان خان

لائبریرین
خواجہ نظیری کا ایک شعر ہے

سہل نبود بر صفِ آتش زدن
می نماید گرچہ از پروانہ خوش

اس کا لفظی ترجمہ کیا ہوگا؟

آسان نہیں ہے صفِ آتش میں جلنا۔ اگرچہ پروانے کو دیکھ کر اچھا لگتا ہے۔
صفِ آتش سے ٹکرانا آسان نہیں ہے؛ اگرچہ پروانے کا ایسا کرنا خوش نما نظر آتا ہے۔
نمودن، دِکھانا اور دِکھنا دونوں معنوں میں استعمال ہوتا ہے۔
که عشق آسان نمود اول ولی افتاد مشکل‌ها
 
Top