سلسلہ: محفل کے سنہرے اصول

اردو محفل کی افادیت اور معیار کے تئیں تمام محفلین کی اجتماعی کاوشیں ذمہ دار ہوتی ہیں۔ لہٰذا عمومی بیداری و یاد دہانی کی غرض سے "محفل کے سنہرے اصول" کے عنوان سے ایک عدد نوٹس کا سلسلہ شروع کیا جا رہا ہے۔ امید ہے کہ احباب اسے مفید پائیں گے اور اس سلسلے کی تمام کڑیوں کو اپنے مشوروں اور تبصروں سے نوازیں گے۔ ہماری کوشش ہوگی کہ ایک نوٹ کو دو سے تین دن تک قائم رکھا جائے تاکہ زیادہ تر محفلین کی نگاہ پڑ جائے۔ احباب کی سہولت کے مد نظر نوٹس کو بند کرنے کی سہولت مہیا کرائی جا رہی ہے تاکہ ایک ہی نوٹ بار بار ظاہر ہو کر عاجز نہ کرے۔ نوٹ کو صفحہ سے ہٹانے کے لئے نوٹ کے اوپری بائیں گوشے میں موجود کراس نشان پر کلک کریں۔
 
محفل کے سنہرے اصول نمبر 1

عنوانات موضوع سے متعلق، مکمل اور درست املا کے ساتھ لکھیں۔ سجاوٹی آلائشوں سے پاک رکھیں اور اشتہاری عنوانات سے پرہیز کریں۔ اس سے تلاش میں بہتری آئے گی اور صارفین کی سہولت دو بالا ہوگی۔ مثلاً کچھ نا پسندیدہ عنوانات: "مدد کریں۔۔۔۔۔۔۔"، "کون؟"، "**$$$** محبت **$$$**" اور "ذلذلہ کے نقاسین"۔

مندرجہ بالا ناپسندیدہ عنوانات میں درج ذیل نقائص ہیں:

"مدد کریں۔۔۔۔۔۔۔": موضوع مبہم اور عنوان کو طول دینے کی خاطر لا یعنی سمبلز کی قطار۔ کس معاملے میں مدد مانگی جا رہی ہے عنوان سے اس کا کوئی اندازہ نہیں ہوتا نتیجتاً وہ لوگ بھی موضوع کھول کر دیکھنے پر مجبور ہوتے ہیں جو کوئی تعاون نہیں کر سکتے اور بسا اوقات وہ لوگ موضوع تک نہیں جاتے جو اگر جاتے تو تعاون کر سکتے۔

"کون؟": ابہام، اشتہار بازی اور ڈرامائیت کی بھر پور مثال۔

"**$$$** محبت **$$$**": غیر ضروری سجاوٹ جو کم از کم عنوانات میں انتہائی نا پسندیدہ ہے۔ اور سرچنگ کو بے طرح متاثر کرتی ہے۔

"ذلذلہ کے نقاسین": غالباً "زلزلہ کے نقصانات" لکھنے کی کوشش کی گئی ہے لیکن عنوان میں املا کی غلطی نہ صرف فورم مہمانان کی نظروں میں فورم کا معیار پست کرتی ہے بلکہ بعد میں تلاش کر کے موضوع تک دوبار آنا بھی مشکل ہو جاتا ہے۔

عنوانات کے تعلق سے مزید کیا عمومی خامیاں پائی جاتی ہیں؟ اپنی آراء سے ضرور نوازیں۔
 
عثمان رضا

محفلین
آپ کی تجاویز ، آرا اور شکایات میں عموما عنوانات میں ضروری ، درخواست ، اجازت وغیرہ کے عنوانات ہوتے ہیں
اس حوالے سے ایک آئیڈیا یہ ہے کہ ایڈمن ان کو ایڈٹ کرکے مناسب عنوان دیدے
 
آپ کی تجاویز ، آرا اور شکایات میں عموما عنوانات میں ضروری ، درخواست ، اجازت وغیرہ کے عنوانات ہوتے ہیں
اس حوالے سے ایک آئیڈیا یہ ہے کہ ایڈمن ان کو ایڈٹ کرکے مناسب عنوان دیدے

آپ نے بالکل درست نشاندہی کی ہے۔ یہ سچ ہے کہ سب سے زیادہ لا یعنی عنوانات آرا و شکایات نیز آئی ٹی کے سوال و جواب کے سیکشن میں پائے جاتے ہیں۔ ایڈمن اور موڈریٹر حتی المقدور عنوانات درست کرنے کی کوشش کرتے ہیں لیکن محفلین سے توقع رکھی جاتی ہے کہ وہ اس بات کا ادراک خود کریں اور منتظمین کا کام سہل بنائیں۔ بعض دفعہ اس وجہ سے بھی ترمیم سے گریز کیا جاتا ہے کہ صاحب مضمون خود اپنا مضمون نہ بھلا بیٹھیں۔ اس کے علاوہ بغیر کسی انتہائی سبب کے احباب کی تحریروں میں تدوین اخلاقی طور پر بھی درست محسوس نہیں ہوتی۔
 
شمشاد

لائبریرین
بہت اچھا کام کیا ہے سعود بھائی آپ نے۔

میں گاہے بگاہے عنوان درست کرتا رہتا ہوں۔
 
خواجہ طلحہ

محفلین
کچھ جگہ میں نے بھی بقول عارف کریم "وزن " کے لیے عنوان موضوع سے ہٹ کر دیے تھے۔ بعد میں مجھے وہ خودی بھلے معلوم نہ ہوئے تو تبدیل کردیے۔بہرحال یہ بہت اچھا سلسلہ شروع کیا ہے۔ کیونکہ ہم میں سے اکثر بشمول میرے قواعد و ضوابط پڑنے کی زحمت نہیں کرتے۔( بلکہ مجھے تو ابھی تک محفل کے قواعد و ضوابط کہیں ملے بھی نہیں) اس اعتبار سے دیکھا جائے تو یہ سلسلہ وقتاً فوقتاً ایک آدھ قاعدہ جاننے کا ایک عمدہ ذریعہ ثابت ہوسکتا ہے۔
 
برادرم طلحہ ہم نے پہلے سوچا تھا کہ قواعد پر مشتمل ایک عدد جامع مضمون تیار کر دوں پھر سوچا کہ اس طرح وقت بہت صرف ہو جائے گا اور کم ہی لوگ مکمل مضمون پڑھنے کی زحمت گوارا کریں گے۔ لہٰذا ایک ایک کرکے کچھ عرصہ بعد ہمارے پاس ان کا مجموعہ اکٹھا ہو جائے گا اور اکثر محفلین اس سے آگاہ بھی ہو جائیں گے اور نئے آنے والوں کو ایسے مفصل ڈاکیومینٹ کی جانب رجوع کرنے کو کہہ سکیں گے جو اس مجموعے کو اکٹھا کرکے بنائی جا سکے گی۔ اس طرح ایک ایک اصول کو فوکس کرنے کا ایک مقصد اور ہے کہ احباب کی رائے دہی کے بعد ہر اصول اپنے بہترین شکل میں تیار کیا جا سکتا ہے جو کہ فرد واحد کی کوشش سے اتنا مکمل کبھی نہ ہو سکتا۔
 
الف نظامی

لائبریرین
بہت اچھا سلسلہ ہے۔
ابن سعید : کیا وی بلیٹین میں سپل چیکر شامل کرنا ممکن ہے؟ اگر ایسا ممکن ہو تو ایک عدد سپل چیکر ضرور شامل کرنا چاہیے جو پوسٹ میں موجود املا کی غلطیوں کی نشان دہی کرے۔
 
خواجہ طلحہ

محفلین
بہت اچھا سلسلہ ہے۔
ابن سعید : کیا وی بلیٹین میں سپل چیکر شامل کرنا ممکن ہے؟ اگر ایسا ممکن ہو تو ایک عدد سپل چیکر ضرور شامل کرنا چاہیے جو پوسٹ میں موجود املا کی غلطیوں کی نشان دہی کرے۔
یہ تواردو ایڈیٹر میں شامل کیا جائے گا ناں۔
 
بہت اچھا سلسلہ ہے۔
ابن سعید : کیا وی بلیٹین میں سپل چیکر شامل کرنا ممکن ہے؟ اگر ایسا ممکن ہو تو ایک عدد سپل چیکر ضرور شامل کرنا چاہیے جو پوسٹ میں موجود املا کی غلطیوں کی نشان دہی کرے۔

کیا آپ کو نہیں لگتا کہ املا کی ڈکشنری شامل کرنے سے سائٹ اور بھی بھاری ہو جائے گی؟ اور اگر اجاکسیفائی کر دیا جائے تو سرور گھٹنے ٹیک دیگا بڑھی ہوئی ریکوئسٹ ٹریفک کے آگے۔ ویسے احباب براؤزر پلگ ان کی صورت میں اسپیل چیکر شامل کر سکتے ہیں۔ لیکن یہ رضاکارانہ شکل ہے اور ہر کسی کو مجبور نہیں کیا جا سکتا ایسا کرنے کے لئے۔
 
درست کہا آپ نے۔
اگر سپل چیکر کے الفاظ کی فہرست مختصر ہو مثلا 100 ایسے الفاظ پر مشتمل ہو "مذید بہت بھترین ذلذلہ" جو عموما غلط لکھے جاتے ہیں تو شاید یہ عمل سرور کے لیے قابل برداشت ہو۔
یا کوئی اسکرپٹ جو پوسٹ میں موجود عمومی اغلاط از خود معائنہ کر کے درست کر دے۔
 
محفل کے سنہرے اصول نمبر 2

عمومی فورم پیغامات، دستخط اور پروفائل ویزیٹر پیغامات میں ای میل پتہ شامل کرنے کی شدید ممانعت ہے۔ اس سے محفل میں ای میل ہارویسٹر باٹس کے حملے بڑھنے اور نتیجتاً محفل کی فعالیت متاثر ہونے کا خطرہ رہتا ہے۔ ضروری ہو تو ایسے رابطے ذاتی پیغامات کے ذریعہ ارسال کریں۔

برقی رابطے پبلک فورم میں شئیر کرنے سے نہ صرف محفل کی ریسورسیز کو خطرہ رہتا ہے بلکہ ای میل پر اسپیم کی تعداد بھی بڑھ جاتی ہے۔ تصویری شکل میں ای میل پتہ شامل کرنا کسی حد تک محفوظ ہے لیکن ای میل ہارویسٹرز آٹومیٹیڈ او سی آر انجنز کے ذریعہ ان کو بھی پڑھتے رہتے ہیں۔ لہٰذا بہتر یہ ہے کہ ان سے حتی المقدور بچا جائے۔ مزید یہ کہ پیغامات میں کسی کا فون نمبر شامل کرنا بھی اسپیم کالز اور ایس ایم ایس کو دعوت دینے کے مترادف ہے۔
 
جیلانی

محفلین
اگر ایسا ہی معاملہ ہے جیسا کہ آپ نے کہا تو یہ اصول سب کے لیے ہو۔۔۔۔ اور بہتر ہے کہ اردو محفل سے باہر کھلنے والے ربط بند کراۓ جائیں
مزید یہ کہ دوسری سائیڈوں پر ایسا نہیں ہوتا بلکہ ہماری محفل سے زیادہ وہاں ان چیزوں کی بھرمار نظر آتی ہیں اب وہ حفاظت کا کون سا طریقہ اختیار کرتے ہیں اسے بھی دیکھا جائے

برقی رابطے پبلک فورم میں شئیر کرنے سے نہ صرف محفل کی ریسورسیز کو خطرہ رہتا ہے بلکہ ای میل پر اسپیم کی تعداد بھی بڑھ جاتی ہے۔ تصویری شکل میں ای میل پتہ شامل کرنا کسی حد تک محفوظ ہے لیکن ای میل ہارویسٹرز آٹومیٹیڈ او سی آر انجنز کے ذریعہ ان کو بھی پڑھتے رہتے ہیں۔ لہٰذا بہتر یہ ہے کہ ان سے حتی المقدور بچا جائے۔ مزید یہ کہ پیغامات میں کسی کا فون نمبر شامل کرنا بھی اسپیم کالز اور ایس ایم ایس کو دعوت دینے کے مترادف ہے۔
 
الف نظامی

لائبریرین
اگر ایسا ہی معاملہ ہے جیسا کہ آپ نے کہا تو یہ اصول سب کے لیے ہو۔۔۔۔ اور بہتر ہے کہ اردو محفل سے باہر کھلنے والے ربط بند کراے جائیں
مزید یہ کہ دوسری سائیڈوں پر ایسا نہیں ہوتا بلکہ ہماری محفل سے زیادہ وہاں ان چیزوں کی بھرمار نظر آتی ہیں اب وہ حفاظت کا کون سا طریقہ اختیار کرتے ہیں اسے بھی دیکھا جائے

جیلانی صاحب برقی رابطے/ پتے email addresses کے حوالے سے کہا گیا ہے نہ کہ انٹرنیٹ ربط جو کہ کسی ویب سائٹ کا لنک ہوتا ہے۔
جب آپ برقی پتہ انٹرنیٹ پر کہیں لکھتے ہیں تو سپیم باٹ spambots اسے اچک لیتے ہیں اور سپیم برقی پیغامات بھیجنے کے لیے استعمال کرتے ہیں۔
 
Top