ذوالقرنین
لائبریرین
صفحہ97
کہ ان کے بجائے میں آیا ہوں اور خود اس کو ڈھونڈتا پھرتا ہوں۔ پیش کار کے پاس جا کر میں نے وکالت نامہ داخل کیا۔ عدالت کے کمرے سے نکلا ہی تھا کہ ایک گنوار نے مجھے سلام کیا، اس طرح کہ جیسے مجھ سے کچھ پوچھنا چاہتا ہے، اس نے مجھ سے میرے سینئر کے بارے میں پوچھا کہ کیوں صاحب آپ بتا سکتے ہیں کہ وہ کیوں نہیں آئے؟" میں نے اس کے جواب میں اس کا نام لے کر پوچھا کہ تمہارا نام یہ ہے، اس نے کہا ہاں، میں خوش ہوا کہ موکل مل گیا۔ میں نے اس سے کہا کہ " تمہارے مقدمہ میں ، میں آیا ہوں ان کی ججی میں ایک اپیل ہے۔" یہ سن کر اس کمبخت کا گویا دم ہی تو سوکھ گیا نہایت ہی بددل ہو کر اس نالائق نے دو چار آدمیوں کے سامنے ہی کہہ دیا کہ " انہوں نے (یعنی میرے سینئر نے) میرا مقدمہ پٹ کر دیا۔"
آپ خود ہی خیال کیجیے کہ اس گنوار کے اوپر مجھے کیا غصہ نہ آیا ہوگا۔ میں سخت خفیف سا ہوا اور دل میں ہی میں نے کہا کہ اگر ایسے ہی دو چار اور مل گئے تو پھر بقول منشی جی وکالت تو "بس چل چکی۔"
میں نے اپنی خفت مٹانے کو ہنسی میں بات ٹالنا چاہی اور کہا۔" کیا فضول بکتا ہے۔" مجھے خیال آیا کہ دس روپے منجملہ بیس کے اسی وقت واپس کردوں تاکہ یہ خوش ہو جائے، چنانچہ میں نے دس روپے کا نوٹ نکال کر اس کو دیا اور کہا کہ باقی میری دس فیس کے ہوئے اور یہ تمہیں واپس کیے جاتے ہیں۔
میرا روپیہ واپس کرنا گویا اور بھی سقم ہو گیا، گویا ساری قلعی کھل گئی۔ اس نے نوٹ تہہ کرکے اپنی جیب میں رکھتے ہوئے کہا۔" مجھے دس پانچ روپے کا ٹوٹا پھوٹا وکیل کرنا ہوتا تو میں ان کے پاس کیوں جاتا؟ یہیں کسی کو نہ کر لیتا۔"
اب تو جناب میں اور بھی گھبرایا، کیا بتاؤں کس قدر اس کم بخت نے مجھے خفیف کیا اور کیسا سب کے سامنے ذلیل کیا۔ مارے غصے کے میں کانپنے لگا مجھے معلوم ہوتا کہ یہ موذی مجھے اس بری طرح بھگو بھگو کر مارے گا تو میں سو روپے فیس پر بھی اس نالائق کے مقدمہ میں نہ آتا، ہائے میں کیوں آیا بس نہ تھا کہ ایک دم سے اڑ کر یہاں سے کسی طرح غائب ہو جاؤں مبادا کہ وہ اسی قسم کے فقرے چست کرے۔ میں اس پیشے کو دل ہی دل میں برا بھلا کہہ رہا تھا اور باہر اس لطیفے پر کچہری کے لوگ ہنس رہے تھے، لا حول ولا قوۃ ایسی بھی میری کبھی کاہی کو ذلت ہوئی ہوگی، اور یہ سب درگت محض دس روپیہ کی بدولت لعنت ہے اس پیشے پر، میں نے اپنے دل میں کہا۔
جب میں نے دیکھا کہ وہ موذی دور چلا گیا تو پھر برآمدہ میں نکلا۔ دور سے ایک درخت کے