محترم اراکین ، ایک وضاحت کرنا مقصود ہے کہ اردو محفل میں ملالہ پر حملے کی سبھی اراکین نے مذمت کی ہے ۔ اپنی کہی گئی سابقہ بات کو پھر سے دہرا دوں کہ اختلاف رائے ملالہ پر حملے کے اسباب کا ہے اور دیگر پاکستانی بچوں کی جُملہ اموات پر میڈیا و مغرب کی خاموشی پر ، اسے طالبان کی حمایت پر محمول کرنا درست نہیں۔ ٹیوٹر اور فیس بُک جیسے سوشل میڈیا پر بہت کچھ ہوتا ہے اس کے مواد کی اُردو محفل پر ذمہ داری نہیں اور نہ ہی اُردو محفل کے اراکین کو اس کا ذمہ دار ٹھہرایا جا سکتا ہے لہذا اس میں شائع شدہ تصاویر اور پروپیگنڈہ کو اُردو محفل کےکسی رکن کے مؤقف کی وضاحت پر دال نہ کیا جائے۔
اپنے خیالات کے اظہار کا بہترین طریقہ خالصتاً اپنے فکر کو الفاظ کی صورت ڈھال کر اپنایا جاتا ہے نہ کہ دیگر مواد کو من وعن پیش کر کے اس پر لاحاصل بحث شروع کر کے۔ اگرچہ اپنی بات کی وضاحت کرنے کے لئے ناگزیر صورت میں اس کا سہارا لینے میں کوئی حرج نہیں لیکن بیرونی مواد کے من و عن پیش کر دینے سے ایک طرف تو ہمارے اپنے مؤقف کی درست عکاسی نہیں ہوتی دوسرے اس پر اٹھائے گئے سوالات کا جواب ہم سے نہیں بن پڑتا تب بحث برائے بحث ، الزام تراشی ، ہٹ دھرمی اور کینہ کو فروغ ملتا ہے جو مثبت اندازِ فکر کو تہس نہس کر دیا کرتا ہے۔
ملالہ کے بارے میں غیر ضروری بحث کافی طول پکڑ چکی ہے گزارش ہے کہ اب اسے ان نقاط پر لایا جائے جو واقعی اس سے متعلقہ ہوں۔ دوسروں کے مؤقف کا احترام بہر صورت کیا جانا چاہئیے نہ کہ اسے کسی مخصوص گروپ یا طاقت کی حمایت پر محمول کر کے خود بھی دوسروں ہی کی بات کو آگے بڑھانے کا کام کیا جائے۔ فورمز کا اصل مقصد اپنے خیالات کے اظہار کے لئے ایک پلیٹ فارم مہیا کرنا ہوتا ہے نہ کہ بیرونی مواد کا کاپی پیسٹ مارنا ۔ اس کام کے لئے سوشل میڈیا کی دیگر بہت سی سائٹس موجود ہیں وہاں یہ کام دل کھول کر کیا جا سکتا ہے۔