مؤدبانہ گزارش ہے کہ آج کل موسم بہت سہانا ہو رہا ہے۔ ایسے موسم میں کچھ ہٹ کے کرنے کو دل چاہتا ہے۔ دوسرے یہاں اس فورم پہ فدویہ بہت سے محفلین کو "کچھ ہٹ کے" کرتے ہوئے دیکھتی ہے تو احساسِ محرومی ہوتا ہے کہ آخر ہم نے کیا جرم کیا ہے! ہمیں بھی یہ حق ملنا چاہیے۔
جاسمن بہنا، آپ کی یہ چٹھی بذریعہ اردو محفل نجم الدولہ، دبیر الملک، مرزا نوشہ اسد اللہ خان غالب تک پہنچی ہے۔ اردو سے آپکی مستقل محبت کے باعث غالب آپکو اپنی بیٹی جانتے ہیں۔ کہتے ہیں کہ:
"بیٹی یہاں خدا سے بھی چھٹی کی توقع باقی نہیں، مخلو ق کا کیا ذکر، کچھ بن نہیں آتی ۔اپنا آپ تماشائی بن گیا ہوں جیسے کہ محفل کی بعض لڑیاں۔ بس یہی کیفیت رہے گی، ذرا فکر نہ کرو۔ جیسے کہ محفلین کو "کچھ ہٹ کے" کرتے ہوئے دیکھتی ہو تو احساسِ محرومی ہوتا ہے بعینہ ایسے ہی میں رنج و ذلت سے خوش ہوتا ہوں۔ یعنی میں نے اپنے کو اپنا غیر تصور کیا ہے ،جو دکھ مجھے پہنچتا ہے کہتا ہوں کہ لو، غالب کے ایک اور جوتی لگی۔ بہت اتراتا تھا کہ میں بڑا شاعر اور فارسی داں ہوں۔ آج دور دور تک میرا جواب نہیں۔ لے، اب قرض داروں کو جواب دے۔ سچ تو یوں ہے کہ غالب کیا مرا۔ بڑا ملحد مرا، بڑا کا فر مرا۔ بیٹی یہ راہ ایسی ہی دشوار ہے۔ چھٹی کے معاملے میں تم نے دیکھ ہی لیا کہ وہی حالت ہوئی جو کہ میری ہوئی تھی کہ وہ جو کسی کو بھیک مانگتے نہ دیکھ سکے اور خو د در بہ در بھیک مانگے، وہ میں ہوں۔"
اپنا ٹویٹ اکاؤنٹ ایکٹیویٹ کروں گی اور ہر فعال لڑی کو ٹویٹوٹویٹی کر دوں گی۔ ساری لڑیاں سج جائیں گی قسمے۔
"بیٹی کیا تم لڑیوں کو میرے محل سرا جیسا بنانا چاہتی ہو؟ کیا بتاؤں میں بڑی مصیبت میں ہوں ،محل سرا کی دیواریں گر گئی ہیں ۔پاخانہ ڈھ گیا ،چھتیں ٹپک رہی ہیں،چھت چھلنی ہے ۔ابر دو گھنٹے برسے تو چھت چار گھنٹے برستی ہے۔"
کھیل کے زمرے کی کسی لڑی میں غزل اور کسی میں بریانی نہ بنانے کی ترکیب پیسٹ کروں گی۔
"بیٹی تم ایک طوفانی بارش کی طرح محفل پر برسنا چاہتی ہو جیسا کہ بارش میرے بالاخانے پر برسی تھی۔ اس کا حال لکھ دیتا ہوں تاکہ تم جان لو کہ محفل کا بھی یہی حال ہو گا۔ بالاخانے کا جو دالان میر ے بیٹھنے اٹھنے ،سونے جا گنے، جینے مر نے کا محل، اگر چہ گرا نہیں ،لیکن چھت چھلنی ہو گئی ،کہیں لگن،کہیں چلمچی، کہیں اُگالدان رکھ دیا ۔قلم دان ،کتا بیں اٹھا کر توشہ خانے کی کوٹھری میں رکھ دیے۔ کشتیٔ نوح میں تین مہینے رہنے کا اتفاق ہوا، اب نجات ہوئی ہے۔ بس تم زمروں کو چھت اور لگن، چلمچی اور اُگالدان کو غزل، بریانی اور کھیل سمجھ لو۔"