عدلیہ کو جج ارشد ملک کی مبینہ ویڈیو کا نوٹس لینا چاہیے، وزیراعظم
ویب ڈیسک ایک گھنٹہ پہلے
اپوزیشن کا کوئی حربہ کارگر ثابت نہیں ہوسکے گا اور احتساب کا عمل جاری رہے گا، عمران خان فوٹو:فائل
اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے حکومتی ترجمانوں کو ہدایت کی ہے کہ ن لیگ کی جانب سے اداروں پر حملوں کا منہ توڑ جواب دیا جائے جبکہ عدلیہ کو جج ارشد ملک کی مبینہ ویڈیو کا نوٹس لینا چاہیے۔
اسلام آباد میں وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت حکومتی ترجمانوں کا اجلاس ہوا۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ اداروں کو متنازع بنانے کی کوشش کی جارہی ہے، لہذا ن لیگ کے ہتھکنڈوں اور اداروں پر حملوں کا منہ توڑ جواب دیا جائے۔
وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ن لیگ ماضی میں بھی عدلیہ پردباوٴ ڈالتی رہی ہے، لیکن یہ نیا پاکستان ہے اور اب ایسا نہیں چلے گا، اپوزیشن کا کوئی حربہ کارگر ثابت نہیں ہوسکے گا اور احتساب کا عمل جاری رہے گا۔
جج ارشد ملک کی مبینہ ویڈیو پر وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ اس معاملے میں حکومت کو فریق نہیں بننا چاہیے، عدلیہ آزاد اور خود مختار ہے، عدلیہ کو مبینہ ویڈیو کا نوٹس لینا چاہیے۔
واضح رہے کہ مسلم لیگ (ن) نے نواز شریف کو العزیزیہ ریفرنس میں سزا سنانے والے احتساب عدالت کے جج ارشد ملک کی مبینہ ویڈیو جاری کرتے ہوئے الزام لگایا ہے کہ جج نے دباؤ میں سزا کا فیصلہ دیا جس کے لیے ان کی غیر اخلاقی ویڈیو سے انہیں بلیک میل بھی کیا گیا۔