آج سے پانچ سال قبل تک دبئی کا مجھے تجربہ ہے کہ ہر چوک اور ہر سڑک پر ہر تھوڑی دیر بعد پولیس گذرتی تھی۔
یورپ میں البتہ پولیس کم دکھائی دیتی ہے، شاید کام کرتی رہتی ہوگی نا؟ جہاں میں پہلے رہتا تھا وہاں پولیس کی چوکی نہیں تھی بس دن میں دو بار ان کی موبائل گذرتی تھی اور دو دو پولیس والے ان پر سوار ہوتے تھے۔ یہ ان کی روزانہ کی گشت تھی۔ اب جہاں رہتا ہوں یہاں پولیس کا دفتر ہے لیکن آٹھ سے چار بجے تک۔ اس کے بعد آف پر تالا۔ نزدیکی بڑے شہر پر شاید پولیس کا دفتر یا تھانہ کہہ لیں، چوبیس گھنٹے کھلا رہتا ہے اور ادھر سے ہی پولیس کی گاڑیاں کبھی کبھار آس پاس کے قصبوں کا چکر لگاتی رہتی ہیں۔ ہمیشہ خوش اخلاقی سے اور تمیز سے بات کرتے ہیں۔
تمپرے شہر میںپولیس کو ایک بار دیکھا تھا کہ ہر اہم شاہراہ پر دو یا زیادہ گاڑیاں تھیں کیونکہ اس شہر میں فننش صدر محترمہ تاریا ہالونن اور یورپی یونین کے وزراء خارجہ کا اجلاس ہو رہا تھا۔ ورنہ چاہے جتنا بھی سفر کر لو یہاں دن بھر میں پولیس کی دو یا تین گاڑیاں ہی دکھائی دیتی ہیں۔
کچھ ماہ قبل یہاں ڈاکہ پڑا تھا اور بینک کی کیش وین لوٹی گئی تھی۔ لوٹ کا مال صرف پانچ یورو تھا اور دو سو سے زیادہ پولیس والوں نے آپریشن کر کے ستر کے قریب بشمول ملکی اور غیر ملکی مجرموں کو پکڑا تھا۔ پانچ یورو بھی اس لئے لٹے کہ پولیس کو مخبری تھی اور جرم ثابت کرنے کے لئے پانچ یورو کا نوٹ رکھا گیا تھا۔