صرف "تبصرہ" کہ یہ اردو محفل ہے اور اردو محفل کا سب سے خوبصورت دھاگہ ہے جسے ہماری پیاری بہن نے اپنی نستعلیق اردو معہ اپنی نستعلیق انگلش میں بڑے محبت و التفات اور کرّوفر کے ساتھ لکھا ہے۔
مقدس کی انشا پردازی کے تو ہم پہلے سے معترف ہیں تاہم ہماری یہ بہن ہر بار نئے سرے سے حیران کر دیتی ہے۔ سوچتا ہوں کہ اتنا سارا لکھنے کے باوجود تحریر کی شائستگی اور شگفتگی میں کوئی کمی واقع نہیں ہوئی بلکہ آخری وقت تک دلچسپی برقرار رہی، اور کہیں یہ خیال بھی نہیں آیا کہ یہ کیا بات لکھ دی۔ شاید مقدس محفل پر کم آکر بھی محفلین کو بہت اچھی طرح سمجھتی ہے۔ یہ الگ بات کہ اُسے شاعر ایک آنکھ نہیں بھاتے بلکہ شاعر بھیازز کے لئے اُسے دونوں آنکھیں استعمال کرنی پڑتی ہے۔
اندازہ تو ہمیں تھا لیکن مقدس کی تحریر پڑھ کر اس بات کا اعادہ ہوا کہ محفل پر ماشاءاللہ کس قدر شعراء موجود ہیں اور ماشاءاللہ سب ایک سے بڑھ کر ایک ہیں۔ اقبال نے شاعر کو قوم کی آنکھ قرار دیا تھا "شاعرِ رنگیں نوا ہے دیدہء بینائے قوم"۔ اب اگر شاعرِ مشرق اور
مصنفہء مغرب دونوں کے فرامین کو ذہن میں رکھا جائے تو محفل کا تصور ایک ایسی قوی الجثہ مخلوق کا سا بنتا ہے کہ جس کی بہت ساری آنکھیں ہوں۔ ہم تو خیر ایک سیکنڈ سے زیادہ اس بات کا تصور نہیں کر سکے اور جُھرجُھری لے کر الگ ہو گئے، آپ ذرا تصور کرکے دیکھیں۔
ہماری کوچہ آلکساں کی حمیت اس بات کو گوارا نہیں کرتی ورنہ ہم ہر ہر پوسٹ کا اقتباس لے کر التماس کرتے۔
سو ہم ایسی باتوں سے پناہ مانگتے ہیں۔
ایک بات کے لئے ہم مقدس کے شکرگزار ہیں کہ اُس نے ساری پوسٹس کا معیار اس خوبصورتی سے برقرار رکھا کہ ریٹنگ دیتے ہوئے ہماری کاہلانہ صلاحیتیں عود کر آئیں۔ ہم نے ماؤس کو ایک خاص ریٹنگ پر فکس کیا اور پھر اسکرولر اور کلک سے کام چلاتے رہے اور ماؤس کی جنبشِ بے جا سے خود کو صاف بچا لیا۔
ع ۔
راستے بند نہیں سوچنے والوں کے لئے
ہماری شاعری کے حوالے سے اکثر مقدس کی جلی کٹی باتیں پڑھ کر خیال آتا ہے کہ اگر ہم شاعر نہ ہوتے تو مقدس کی گُڈ بک میں ہوتے لیکن پھر سوچتے ہیں کہ اگر یہ شاعری کا بکھیڑا نہ ہوتا تو شاید ہم مقدس کی بک میں ہی نہ ہوتے کہ شاعری سے دلچسپی نہ ہوتی تو محفل پر آتا ہی کون۔
ع ۔ جس کو ہو "گوش و سر" عزیز اُس کی گلی میں آئے کیوں
سو ہم اس نتیجے پر پہنچے ہیں کہ یہ ہمارا مسئلہ نہیں ہے بلکہ مقدس کا ہے سو وہ جانے اور اُس کا کام جانے۔
ایک اچھی تحریر پر بہت سی مبارکباد!
بلکہ بہت ساری دار اور مبارکباد!
جیتی رہو!