سعود بھیا ، دخل در معقولات کی پیشگی معذرت۔ بندہ پرور ، محفل سے طویل غیر حاضری کے بعد ماہِ گزشتہ سے دوبارہ فعال ہونے کے بعد محفل پہ بے رونقی شدت سے محسوس کر رہا ہوں۔ بہت پیارے پیارے لکھاری اب نظر نہیں آ رہے اور نئے اراکین کی آمد کا سلسلہ بھی کافی سست رو ہے۔ مجھے بھی عروسہ سیاست کے حجلے میں زیادہ تر اسی لئیے پناہ لینی پڑتی ہے کہ اس سے باہر تنہائی کی کڑی دھوپ ہے۔ امرِ تسلیم کہ گپ شپ اور چائے خانہ میں کسی حد تک رونق ہوتی ہے لیکن اردو زبان کے سب سے بڑے فورم پہ یہ کچھ بھی نہیں۔ تخلیقی کام کرنے والے اب عنقا ہوئے۔ یہ ایسے جواہر تھے کہ جن کا لکھا دیکھ کر مجھ ایسے اعجام کے تخیلیات کو بلاغت کی تحریک ملا کرتی تھی۔ کمپیوٹر اور تکنیکی امور کے صفحات میں اس سے متعلقہ افراد ہی مسلسل دلچسپی دکھا سکتے ہیں۔
سیاست اور مذہب کے زمرہ جات میں برداشت کرنے اور بات سننے کی مثبت تبدیلی بہت اچھی لگی۔ اب مختلف الخیال اراکین اظہار خیال کرتے ہیں اور الجھاؤ کی کیفیت کم ہی پیدا ہوتی ہے۔ طنز و مزاح ، مضامین اور ذاتی خیالات پر فی البدیہہ لکھنے والے چند افراد بھی واپس آ جائیں تو بہت بہتر ہو گا۔