سید عمران

محفلین
خط ببابت بد نظری
(۱)
حال: یونیورسٹی میں ہم سبق لڑکی سے بول چال شروع ہوئی جو آگے بڑھ کر دل کا خلجان بن گئی۔ اب دل میں ہر وقت اس کا خیال رہتا ہے۔ نماز تلاوت کسی میں دل نہیں لگتا۔ سونے لیٹتا ہوں تو دیر تک اسی کو سوچتا رہتا ہوں جس کی وجہ سے نیند میں بھی کمی ہونے لگی ہے۔ سر ہر وقت چکراتا رہتا ہے۔ پڑھائی میں بھی توجہ نہیں رہی۔ لیکچر نہ سمجھ آتا ہے نہ یاد رہتا ہے۔ اے میرے حکیم و طبیب مجھے اس عذاب سے نکالیں ورنہ دنیا آخرت دونوں برباد کر بیٹھوں گا۔
جواب: اسی لیے عرض کرتا ہوں عشقِ مجازی عذابِ دو جہاں ہے۔ حاصل وصول کچھ نہیں، خسرانِ دو جہاں الگ۔ اور حاصل ہوا بھی تو کیا مرنے گلنے سڑنے والی لاش؟ ؎
یہ مانا معصیت میں مجرمانہ تھوڑی لذّت ہے
مگر اس پالنے والے سے یہ کیسی بغاوت ہے

ذرا سی دیر کی لذّت ہمیشہ کی ندامت ہے
جنازہ آبرو کا دفن کرنا کیا حماقت ہے

تیری یہ سرکشی حق سے ارے کیسی جسارت ہے
خدا سے تیری بے خوفی بھی ظالم کیا قیامت ہے

یہ مرنا مرنے والوں پر کھلی کیسی حماقت ہے
اور انکی زندگی دونوں جہاں میں کیسی غارت ہے

عذاب نار سے بچنا ہے تو کر توبہ صادق
ضمانت مغفرت کی دوستو اشک ندامت ہے​
عشقِ مجازی کی اس آگ سے نکلنا ہے تو بجز ہمت کے کوئی چارہ نہیں۔ سب سے پہلے اس لڑکی سے جسمانی طور پر دور ہوجائیں۔ بات چیت بالکل بند کردیں۔ اللہ تعالیٰ نے عورتوں سے صرف نکاح کی اجازت دی ہے، نہ انہیں معشوقہ بنا کر کھلم کھلا بے حیائی کی اجازت دی اور نہ چوری چھپے بات چیت و آشنائی کی۔ کما قال اللہ تعالیٰ:
اِذَاۤ اٰتَیْتُمُوْہُنَّ اُجُوْرَہُنَّ مُحْصِنِیْنَ غَیْرَ مُسٰفِحِیْنَ وَ لَا مُتَّخِذِیْۤ اَخْدَانٍ (سورۃ المائدہ، آیت:۵)
(ان عورتوں سے نکاح کرکے انہیں) مِہر دو، نہ کھلی بے حیائی کرو اور نہ آشنا بناتے ہوئے چوری چھپے تعلقات رکھو۔
لہٰذا آئندہ آپ اس کی طرف نظر اٹھا کر دیکھیں بھی نہیں۔ یاد رکھیں بدنظری کرنا جتنا آسان ہے اتنا ہی بڑا گناہ بھی ہے، قلب کی پاکیزگی کو غارت کرنے والا اس جیسا کوئی گناہ نہیں۔ قرآن پاک میں اللہ تعالیٰ ارشاد فرماتے ہیں:
قُلْ لِّلْمُؤْمِنِیْنَ یَغُضُّوْا مِنْ اَبْصَارِھِمْ وَ یَحْفَظُوْا فُرُوْجَہُمْؕ ذٰلِكَ اَزْكٰى لَہُمْؕ اِنَّ اللہَ خَبِیْرٌۢ بِمَا یَصْنَعُوْنَ (النور:۳۰)
(اے نبی) مسلمان مردوں کو حکم دیجیے کہ اپنی نگاہیں نیچی رکھیں اور اپنی شرمگاہوں کی حفاظت کریں، اس میں ان کے لیے زیادہ پاکیزگی ہے، بیشک اللہ ان کے سب کاموں سے باخبر ہے۔
اللہ تعالیٰ نے بدکاری شروع کرنے والی پہلی منزل یعنی بدنظری پر ہی اپنے بندہ کو نفس کے منہ میں لگام ڈالنے کا حکم دے دیا۔ نہ بدنظری کرے گا نہ بات آگے بڑھے گی نہ کسی خبیث فعل میں مبتلا ہوگا۔ اسی بارے میں نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کا ارشاد ہے:
كُتِبَ عَلَی ابْنِ آدَمَ نَصِیبُہُ مِنَ الزِّنَا، مُدْرِكٌ ذَلِكَ لَا مَحَالَۃَ، فَالْعَیْنَانِ زِنَاہُمَا النَّظَرُ، وَ الْاُذُنَانِ زِنَاہُمَا الِاسْتِمَاعُ،وَ اللِّسَانُ زِنَاہُ الْكَلَامُ، وَ الْیَدُ زِنَاہَا الْبَطْشُ، وَ الرِّجْلُ زِنَاہَا الْخُطَا، وَ الْقَلْبُ یَہْوَى وَ یَتَمَنَّى، وَ یُصَدِّقُ ذَلِكَ الْفَرْجُ اَوْ یُكَذِّبُہُ (صحیح مسلم: 2657، مسند أحمد: 8695، سنن ابی داؤد: 2152)
آدم کے بیٹے پر زنا کا ایک حصہ لکھ دیا گیا ہے، وہ اس سے بچ نہیں سکتا۔ چنانچہ آنکھوں کا زنا نظر (بد) ہے، کانوں کا زنا (بری باتوں کا) سننا ہے، زبان کا زنا (بری باتوں کا) بولنا ہے، ہاتھوں کا زنا (ناجائز چیز کو) پکڑنا ہے، پیروں کا زنا (گناہ کی جگہ تک) چل کر جانا ہے، دل خواہش کرتا اور تمنا کرتا ہے، اور شرمگاہ اس (گناہ) کو سچ کر دکھاتی ہے یا جھٹلا دیتی ہے۔
لہٰذا آپ جب تک اس لڑکی سے میل جول ترک نہیں کریں گے، اس کی طرف نظر تک اٹھا کر نہ دیکھیں گے ، بدنظری کرنے سے نہیں بچیں گے اس مرض سے نجات نہیں ملے گی۔ اور جب اس کا خیال آئے فوراً یہ تصور کریں کہ اس کا چہرہ مرنے کے بعد بے رونق اور پیلا ہوگیا ہے، لاش پر ہزاروں کیڑے مکوڑے لپٹے ہوئے کلبلا رہے ہیں، جنہیں دیکھنے سے گھن آرہی ہے۔ ارے ایک دن ایسا تو سب پر آنا ہے۔ ابھی علاج کی غرض سے یہ تصور کریں۔ چند دن اس پر عمل کرنے کے بعد پھر اطلاع دیں۔
دوسرا خط:
حال:
حضرت والا آپ کی ہدایت پر عمل کرکے اس لڑکی سے ہر قسم کا تعلق توڑ دیا۔ اس پر وہ بہت ناراض ہوئی۔ اگرچہ اس دوران بہت مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ اور مراقبہ بھی جو حضرت نے بتایا تھا اس پر عمل کیا۔ الحمد للہ اب دل میں سرکشی کی وہ کیفیت نہیں رہی، دل میں جو ہر وقت آگ لگی رہتی تھی اس میں بھی کمی آگئی۔ لگتا ہے ایک بوجھ تھا دل پر وہ اتر گیا۔ سکون بے حد محسوس ہوتا ہے۔
جواب: ماشاء اللہ، الحمد للہ۔ حال سن کر خوشی ہوئی۔ جب تک اس کا خیال دل سے بالکل زائل نہیں ہوجاتا ان ہدایات پر عمل کرتے رہیں۔ اس کے بعد پھر اطلاع دیں۔
(جاری ہے)
 

سید عمران

محفلین
(۲)
حال: کل بازار میں ایک عورت پر نظر پڑی تو نظر ہٹانی مشکل ہوگئی۔ گھر آکر بہت توبہ استغفار کی مگر دل کی حالت بہتر نہیں ہوئی۔
جواب: آئندہ ایسا نہ کرنے کے عزم کے ساتھ اگر توبہ کی گئی تو گناہ تو معاف ہوجائے گا مگر دل کی کُدورت اس وقت تک نہیں جائے گی جب تک بار بار نظر بچانے کا نور دوبارہ دل میں نہیں آئے گا۔ حدیث پاک میں ہے:
اِنَّ النَّظْرَۃَ سَہْمٌ مِنْ سِہَامِ اِبْلِیْسَ مَسْمُومٌ، مَنْ تَرَكَہَا من مَخَافَتِی اَبْدَلْتُہُ اِیمَانًا یَجِدُ حَلاوَتَہُ فِی قَلْبِہِ (کنز العمال، ج:5، ص:32 )
نظر ابلیس کے تیروں میں سے زہر میں بجھا ہوا ایک تیر ہے۔ جس نے میرے خوف سے (بدنظری) کو ترک کیا اس کے بدلے میں اس کو ایسا ایمان دوں گا جس کی مٹھاس وہ اپنے دل میں پائے گا۔حلاوتِ ایمانی کی شرح میں ملا علی قاری رحمۃ اللہ علیہ فرماتے ہیں:
وَ قَدْ وَرَدَ اَنَّ حَلَاوَۃَ الْاِیْمَانِ اِذَا دَخَلَتْ قَلْبًا لَا تَخْرُجُ مِنْہٗ اَبَدًا فَفِیْہِ اِشَارَۃٌ اِلٰی بَشَارَۃِ حُسْنِ الْخَاتِمَۃِ لَہٗ (مرقاۃ، ج:1، ص: 74)
حلاوت ایمانی جس دل کو اللہ دیتا ہے پھر کبھی واپس نہیں لیتا۔ لہٰذا اس میں اس شخص کے لیے حسنِ خاتمہ کی بشارت بھی ہے۔ (کیونکہ جب اللہ کا عطا کردہ نور دل سے کبھی نہیں نکلے گا تو ان شاء اللہ اس کا خاتمہ بھی ایمان پر ہوگا۔)
لہٰذا بدنظری کرنے سے اس گناہ کا جو زہر دل میں اترا ہے اس کا تریاق یہی ہے کہ آئندہ نظر کی حفاظت کرکے ایمان کی حلاوت کا نور دل میں حاصل کیا جائے۔ بس یہی صورت ہے دل کی حالت دوبارہ بہتر بنانے کی۔
(۳)
حال: طلباء کو پڑھاتے وقت کلاس میں لڑکے پیچھے ہوتے ہیں اور لڑکیاں سامنے بیٹھتی ہیں جن پر بار بار نظر پڑتی ہے اور آیت ’’یَغُضُّوْا مِنْ اَبْصَارِھِمْ ‘‘پر چاہتے ہوئے بھی عمل نہیں کرپاتا۔
جواب: اگرنظر کا چشمہ لگاتے ہیں تو طلباء کی طرف رخ کرتے وقت اتار دیا کریں تاکہ چہرے واضح نظر نہ آئیں اور بدنظری کے مرتکب نہ ہوں۔
دوسرا خط:
حال:
حضرت والا کی ہدایت کے بموجب چشمہ اتار دیتا ہوں مگر خاطر خواہ فائدہ اس لیے نہیں ہوا کہ طلباء سے درمیانی فاصلہ بہت کم ہے۔
جواب: ایسی صورت میں لڑکیوں کو دائیں یا بائیں بٹھا دیا کریں تاکہ براہ راست نظر نہ پڑے۔ انہیں متن نہ بنائیں حاشیہ بنادیں جو دِکھتا تو ہے پر بغور دیکھے پڑھا نہیں جاتا۔
(۴)
حال: بازار جاتے ہوئے حسین عورتوں پہ نظر پڑتی ہے تو نظر ہٹانی بہت مشکل محسوس ہوتی ہے۔
جواب: آئندہ ہر بدنظری پر نفس کو جرمانے کے طور پر بیس رکعات نفل پڑھائیں۔
دوسرا خط:
حال:
حضرت کے جواب سے نفس بہت مطمئن تھا کہ گویا بدنظری کی اجازت مل گئی۔ اب ہر بدنظری پر بیس رکعات پڑھ لوں گا۔ لیکن جب بدنظری پر بیس رکعات پڑھیں تو ہوش ٹھکانے آگئے کہ یہ بدنظری کی اجازت نہیں ملی اس کا پتا صاف ہوگیا۔ اب بدنظری کے لیے نظر اٹھنے سے پہلے بیس رکعات یاد آجاتی ہیں۔ سو ابھی تک تو بدنظری سے بچنے کی توفیق ہورہی ہے۔
جواب: کامل حفاظتِ نظر حاصل ہونے تک بیس رکعات کے جرمانے کو یاد رکھیں اور لغزش ہونے پر ادا کریں۔ آئندہ لغزش ہونے کی صورت میں اطلاع بھی دیں۔
تیسرا خط:
حال:
حضرت جب سے والا نامہ موصول ہوا ہے بدنظری کے جرم میں بیس رکعات کی ادائیگی اور حضرت والا کو اس حماقت کی اطلاع دینے کے خوف کے باعث نظر اٹھانے کی ہمت ہی نہیں ہوتی۔ بازار جانا ہوتا ہے تو نظر خوب نیچے جما کر چلتا ہوں کہ بے ارادہ بھی بدنظری نہ ہوجائے۔ ایسا کرنے سے بدنظری کرنے کا ارادہ بھی بہت کمزور ہوگیا ہے۔
جواب: ماشاء اللہ۔ آج برائی کا ارادہ کمزور ہوا ہے۔ کل قریب قریب جاتا ہی رہے گا۔
(جاری ہے)
 

سید عمران

محفلین
خط ببابت ریا کاری
(۱)
حال: کبھی نماز پڑھتا ہوں اور ایسا لگتا ہے کہ کوئی دیکھ رہا ہے تو اس خیال سے کہ کہیں میری نماز میں ریا نہ پیدا ہوجائے یہ سوچتا ہوں کہ بھلا اس کے دیکھنے سے دین یا دنیا کا کیا فائدہ ہوگا۔ اور یہ نیت کرتا ہوں کہ اللہ کے لیے ہی نماز پڑھتا ہوں۔
جواب: درست۔ مگر نماز کے اعمال میں تغیر نہ ہو۔ یعنی کسی کے دیکھنے کی وجہ سے معمول سے ہٹ کر نہ طویل نماز پڑھیں نہ مختصر۔
(۲)
حال: نماز یا ذکر کے دوران یہ احساس ہوجائے کہ کوئی دیکھ رہا ہے تو دل بے چین ہوجاتا ہے کہ کہیں ریا میں ملوث تو نہیں ہورہا۔ بار بار دھیان ہٹاتا ہوں کہ دیکھ رہا ہے تو دیکھنے دو مگر دل کی وہ کیفیت نہیں رہتی جو پہلے تھی۔
جواب: ریا کہتے ہیں کہ اللہ کی عبادت دنیا کی غرض سے کسی کو دِکھانے کے لیے کی جائے کہ یہ ہمیں دیکھ کر دین دار سمجھے گا اور تعریف کرے گا یا کچھ دنیا کی دولت یا عہدہ دے گا۔ اور دین کے لیے دِکھانا ریا نہیں۔ جیسے حضور صلی اللہ علیہ وسلم نے حضرت ابو موسیٰ اشعری رضی اللہ عنہ سے فرمایا کہ فلاں وقت میں نے تمہاری تلاوت سنی تھی۔ حضرت ابو موسیٰ اشعری رضی اللہ عنہ نے عرض کیا کہ اگر مجھے علم ہوتا کہ آپ سن رہے ہیں تو میں اور اچھی طرح تلاوت کرتا۔تو اپنے استاد یا شیخ یا والدین کو دکھانے کے لیے اچھی طرح عبادت کرنا کہ یہ خوش ہوکر دعا دیں گے ریا نہیں۔
ہر آدمی کو بخوبی علم ہوتا ہے کہ میں عبادت کس نیت سے کررہا ہوں۔ لہٰذا کسی کے دیکھنے سے ریا نہیں ہوتی، جان بوجھ کر دکھانے سے ریا ہوتی ہے۔ اگر دکھانے کی نیت نہیں تو یہ ریا کا صرف وسوسہ ہے ریا نہیں۔
خط ببابت وسوسے
حال: کبھی کبھی اللہ اور رسول کے متعلق شیطان ایسے وسوسے اور برے خیالات دل میں ڈالتا ہے کہ زبان پر لا نہیں سکتا۔ ہزار خیال اِدھر اُدھر کرتا ہوں مگر لاحاصل۔ دل کو بہت بے چینی اور پریشانی رہتی ہے۔
جواب: ان وسوسوں سے دل کا پریشانی ہونا عین ایمان کی علامت ہے کیونکہ کافر کو ان خیالات سے پریشانی نہیں ہوتی۔ صحابہ نے حضور سے عرض کیا کہ بعض اوقات ہمیں ایسے وسوسے آتے ہیں جنہیں زبان پر لانے سے بہتر ہم جل کر کوئلہ ہوجانے کو پسند کرتے ہیں۔ آپ نے فرمایا ’’ذاک صریح الایمان‘‘یہ تو عین ایمان کی علامت ہے۔یعنی ان وسوسوں پر دل کی پریشانی عین ایمان کی علامت ہے۔ لہٰذا ایسے وسوسوں پر بالکل توجہ نہ دیں۔ یہ چند دن بعد خود ہی غائب ہوجاتے ہیں۔
خط ببابت حسد
حال: کسی کے پاس کوئی نعمت دیکھتا ہوں تو بہت برا لگتا ہے۔ دل چاہتا ہے کہ اس کی نعمت زائل ہوجائے۔ ہر وقت اسے نیچا دکھانے کی تدبیریں کرتا رہتا ہوں۔ دل کو کسی صورت قرار نہیں آتا۔
جواب: محسود یعنی جس سے حسد ہو، دل نہ چاہتے ہوئے بھی اس سے اچھی طرح ملیں۔ استطاعت ہو تو اس کو کوئی ہدیہ وغیرہ دیں۔ جاننے والوں میں بتکلف اس کی اچھائیاں بیان کریں۔ اور دل سے اس کے حق میں دعا بھی کریں۔ اور ساتھ ہی اپنے لیے بھی دعا کریں کہ یا اللہ یہ نعمت ہمیں بھی عطا کردیں۔کچھ عرصہ اس پر عمل کرتے رہنے سے ان شاء اللہ اس کے خلاف دل سے حسد کی برائی جاتی رہے گی۔
خط ببابت مکائدِ نفس
حال: عرصہ ایک ماہ ہوا کہ فدوی کی بہو کا انتقال ہوگیا جس کی عمر ۱۶ یا ۱۷ برس کی تھی اور نہایت نیک بخت اور میری فرماں بردار تھی۔ اس کے انتقال کا مجھ کو بہت صدمہ ہوا حالانکہ میرا خیال تھا کہ دنیاوی محبت مجھے کسی قدر نہیں رہی لیکن یہ غلط نکلا ہزار کوشش کرتا تھا کہ نہ روؤں لیکن قلب پر ایسا اثر ہوتا تھا کہ آنسو روکے نہیں رکتے تھے اور ایک ہفتہ تک سخت تکلیف رہی لیکن پھر حضور والا کی خواب میں زیارت ہوئی اور حضور نے تسکین فرمائی اس روز سے واقعی تسکین ہوگئی اور خیال تکلیف دہ جاتا رہا۔
تحقیق: بیوی یا اولاد کی محبت میں یہ حالت ہوتی تو مضائقہ نہ تھا، لاحول و لا قوۃ الا باللہ، بہو سے ایسا علاقہ ایں چہ معنی؟ مجھ کو تو سخت ہی ناگوار ہوا۔ اس کا جو ضرر دین پر پہنچنے والا ہے ذرا اس سے بچو اور فکر کرو، لا الٰہ الا اللہ، کیا واہیات ہے، نفس میں ضرور چھپا چور ہے، نکالو جلد نکالو ورنہ یہ رنگ لائے گا گو دوسرے ہی موقع پر سہی۔ افسوس یہ ثقاہت اور یہ خیانت۔ (تربیت السالک، ج:۱، ص: ۲۷۹)
(جاری ہے)
 
آخری تدوین:

سید عمران

محفلین
خط ببابت تکبر
(۱)
حال: قرآن میں تکبر کے بارے میں کہاں آیا ہے؟ اور اپنے اندر کیا علامات دیکھیں کہ معلوم ہو یہ مرض تکبر کا ہے؟ اور اس سے بچنے کا طریقہ بھی عنایت فرما دیں۔
جواب: اللہ تعالیٰ فرماتے ہیں:
تِلْكَ الدَّارُ الْاٰخِرَۃُ نَجْعَلُہَا لِلَّذِیْنَ لَا یُرِیْدُوْنَ عُلُوًّا فِی الْاَرْضِ وَ لَا فَسَادًاؕوَ الْعَاقِبَۃُ لِلْمُتَّقِیْنَ
(سورۃ القصص،آیت:۸۳)
آخرت کا گھر ہم ان لوگوں کے لیے بناتے ہیں جو زمین میں تکبر اور فساد نہیں چاہتے اور اچھا انجام پرہیزگاروں ہی کے لیے ہے۔​
تکبر کی پہچان کی دو علامات اللہ تعالیٰ بیان فرماتے ہیں:
وَلَا تُصَعِّرْ خَدَّكَ لِلنَّاسِ۔ وَلَا تَمْشِ فِی الْأَرْضِ مَرَحًا۔ إِنَّ اللہَ لَا یُحِبُّ كُلَّ مُخْتَالٍ فَخُورٍ
(سورۃ لقمٰن، آیت: ۱۸)
اپنے کو بڑا سمجھتے ہوئے تکبر کے ساتھ لوگوں سے منہ نہ پھیر۔ خود پسندی کے ساتھ اتراتا ہوا زمین پر نہ چل۔ اللہ کسی خود پسند متکبر کو پسند نہیں کرتا۔​
تکبر کی پہچان کی دو علامات حدیث میں بھی بیان کی گئی ہیں:
بَطَرُ الْحَقِّ وَغَمْطُ النَّاسِ
( صحیح مسلم: ج 1 ، ص:65)​
یعنی جب کوئی حق بات پیش کرے تو اس کو اپنی ہٹ دھرمی یا انا یا ذاتی مفادات کی وجہ سے نہ مانے۔ اور دوسروں کو اپنے سے حقیر و کمتر سمجھے۔ چاہے کسی معاملہ میں ہو، علم میں، دولت میں، وجاہت میں، رتبہ میں، ذہانت میں، دین میں۔ اور علاج اس کا یہ ہے کہ دل میں اپنے کو سب سے حقیر سمجھے اور سب کو اپنے سے بہتر جانے۔
حکیم الامت مولانا اشرف علی تھانوی فرماتے تھے کہ اشرف علی ہر مسلمان سے خود کو حقیر سمجھتا ہے فی الحال کہ نہ جانے کس مسلمان کا کون سا عمل، کون سی ادا خدا کو پسند ہے اور وہ خدا کے نزدیک اشرف علی سے بہتر ہو۔ اور کتے اور سور اور کافر سے خود کو حقیر سمجھتا ہے فی المآل کہ جانور سے قیامت کے دن پوچھ گچھ نہیں ہوگی اور اگر مجھ سے حساب ہوا اور دوزخ کا فیصلہ ہوگیا تو اس وقت جانور مجھ سے بہتر ہوں گے۔ اور کافر سے اس لیے خود کو کمتر سمجھتا ہوں کہ جانے کون کافر مرنے سے پہلے اسلام قبول کرکے نجات پا جائے اور اللہ کے نزدیک اشرف علی سے آگے بڑھ جائے۔سہروردیہ سلسلہ کے شیخ اوّل حضرت شہاب الدین سہروردی رحمۃاللہ علیہ فرماتے تھے ؎
یکے آں کہ برغیر بد بیں مباش
دویم آں کہ بر خویش خوش بیں مباش
ایک یہ کہ دوسرے کو حقارت کی نظر سے مت دیکھو ، اور دوسرے یہ کہ خود کو اچھی نظر سے مت دیکھو۔​
بس یہ خیال ذہن میں رکھ کر خود کو سب سے حقیر سمجھیں۔اور دوسرا علاج یہ ہے کہ عموماً تو سب سے اور خصوصاً جس کے لیے دل میں حقارت ہے آگے بڑھ کر اس کو سلام کرنے میں پہل کریں۔ حدیث میں آتاہے:
اَلْبَادِئُ بِالسَّلَامِ بَرِيءٌ مِنَ الْكِبْرِ
( رواه البيہقی فی شعب الايمان، كتاب الآداب، باب السلام،‌‌ الفصل الثالث، ٣٢٢؍٣)
سلام میں پہل کرنے والا تکبر سے بری ہوتا ہے۔
(جاری ہے)​
 

سید عمران

محفلین
(۲)
حضرت تھانوی کی خانقاہ میں ایک صاحب اپنی اصلاح کروانے آئے۔ چند دن بعد دوسروں کی اصلاح کرنے لگے۔ ہر وقت دوسروں کو ڈانٹ ڈپٹ کہ یہ چیز یہاں کیوں رکھی ہے۔ کبھی دین سِکھانے لگتے کہ یہ کام کیوں نہیں کیا یا کیوں کیا۔
حضرت تھانوی نے ان کو بلا کر فرمایا کہ کیا آپ کو میری اصلاح پر اعتماد نہیں جو میرے متعلقین کی اصلاح خود کرنے لگے؟ یہ ساری علامات تکبر کی ہیں۔ آپ خود کو ان سے افضل سمجھنے لگے ہیں۔ آج سے علاج اور سزا کے طور پر آپ کے سارے ذکر و شغل پر پابندی۔ میری مجلس میں بیٹھنے پر پابندی۔ بس پانچ وقت کی نماز پڑھیں اور ہر نماز کے بعد نمازیوں کے جوتے سیدھے کرکے رکھیں۔ نمازیوں کے وضو کے لوٹوں میں پانی بھریں۔ مسجد میں جھاڑو دیں۔ اور اگر کوئی منع نہ کرے تو اس کے پاؤں دبایا کریں۔
چند دن اس علاج پر عمل کرنے سے ان کے تکبر کا سارا مرض جاتا رہا اور طبیعت میں انکساری آگئی۔ پھر انہوں نے حضرت تھانوی کو اپنا حال عرض کرنے کے لیے خط لکھا جو درج ذیل ہے:

حال: حالت اپنی یہ ہے کہ اکثر کاموں کے انجام دینے میں یہ خوف رہتا ہے کہ کہیں اس میں تکبر نہ ہو۔ جس شخص پر نظر پڑتی ہے یہ معلوم ہوتا ہے کہ اس میں تو تکبر نہیں ہے اور مجھ میں ہے۔ کفار پر نظر پڑتی ہے تو فوراً سوائے اس کے دل میں نہیں آتا ہے کہ اگرچہ یہ کافر ہیں مگر جو کچھ ان کی حالت ہے انہوں نے ظاہر میں بھی ویسی ہی بنا رکھی ہے غرضکہ اُن کا ظاہر و باطن یکساں ہے اور میرے دل میں کچھ ہے اور ظاہر صورت کچھ اور ہے اس لیے میں اُن سے بدتر ہوں۔ علاوہ ازیں یہ خیال خوب جم گیا ہے کہ کوئی شخص دنیا میں ایسا نہیں ہے جو اپنے آپ کو اچھا سمجھتا ہو اور سب کے خلاف میں ایسا کمینہ ہوں کہ اپنے آپ کو اچھا سمجھتا ہوں۔ لہٰذا میں دنیا میں سب سے بدتر ہوں کوئی مجھ سے بدتر نہیں ہے۔ سب کو سلام کرنے میں سبقت کرتا ہوں۔ سب سے نرمی سے بات چیت کرتا ہوں۔ قلب پر خود بخود ایک ہیبت سی رہتی ہے۔ ہر شخص کے پیچھے نماز پڑھ لیتا ہوں۔ پہلے یہ خیال ہوا کرتا تھا کہ اہلِ کمال کے پیچھے ہی نماز پڑھنی چاہئے۔ مگر اب اس کے خلاف کسی کے پیچھے نماز پڑھنے میں عار نہیں ہوتی۔ اگر کبھی سخت مجبوری میں محلہ کی مسجد میں جبکہ کوئی اور نہ ہو نماز پڑھانی پڑتی ہے تو زبان سے آواز بہت آہستہ نکلتی ہے۔ خوف کے مارے آواز بلند نہیں ہوتی۔ اپنا وہی شیوہ ہے کہ جہاں جانا مسجد میں وہاں جوتے سیدھے کر دینا اور پانی لوٹوں میں بھر دینا اور جھاڑو اگر موقع ہوا تو دے دینا۔ بعض موقع پر بعض لوگوں سے میں نے پیر دابنے کے لیے عرض کیا مگر کوئی منظور نہیں کرتا۔ کسی پر حقارت سے نظر نہیں پڑتی۔

تحقیق: مبارک ہو خدا تعالیٰ کا فضل ہو گیا۔ چونکہ معالجہ ضرورت کی چیز ہے اور وہ ضرورت رفع ہوگئی، اب یہ معالجہ چھوڑ دیا جاوے۔ ان شاء اللہ تعالیٰ صحت مستحکم ہوگئی۔ اب اُسی حالتِ سابقہ کا اعادہ کر لیجیے (یعنی سزا سے پہلے والے معاملات دوبارہ شروع کردیجیے۔) وہی مجلس، خُم وہی ہے۔

حال: ذکرِ جہر کو دل ترستا ہے۔
تحقیق: کیجئے اور مزے لیجیئے۔

حال:یہ تو پکا عہد کر لیا ہے اور اس پر بفضلہٖ تعالیٰ اب تک عمل بھی کیا ہے کہ کسی سے کوئی پابندی دین کے متعلق نہ کہوں گا خواہ کوئی شخص کیسا ہی خلاف کام کرتا ہے۔ اپنی پہلی نالائق حرکتوں سے توبہ کرتا رہتا ہوں۔ آیندہ کے لیے پکا ارادہ کر لیا ہے کہ ہرگز کبھی کسی سے یہ نہ کہوں گا کہ یہ کام کرو اور یہ نہ کرو۔ مجھے کسی سے کچھ مطلب نہیں۔
تحقیق: ہاں چند روز یعنی جب تک آپ کا مربی اجازت نہ دے ایسا ہی کیجئے۔

حال: اس بات کا خیال آکر بہت افسوس ہوتا ہے کہ میں نے ذکر اللہ کی قدر نہ کی۔ اگر ذکر کی قدر کرتا تو کسی سے کچھ واسطہ نہ رکھتا۔ کچھ قدر نہ ہونے کی یہ ہی وجہ ہوئی کہ ذکر کسی دن ناغہ نہ ہوا تھا۔ اس وجہ سے ناغہ کے افسوس سے واقفیت نہ تھی۔ اب قدر نعمت بعد از زوال کا لطف حاصل ہوا ؎
مزه وصال کا کیا گر فراقِ یار نہ ہو
نشہ کی قدر نہیں اس میں گر خمار نہ ہو​
تحقیق: یہ بھی ایک حکمت ہوئی۔ (یعنی ذکر کی قدر معلوم ہوگئی۔) (تربیت السالک، جلد۱، ص:۲۹۱)
 
Top