صحافت اردو خصوصا ً اخبار نویسی نے آزادی اور قومی اتحاد کی سرگرم تحریک میں جو نمایاں رول ادا کیا ہے وہ تاریخ کا ایک روشن ترین باب ہے۔
صحافت نگاری کی اسی روایت کے ایک وطن پرست سچے صحافی مولانا فضل الحسن حسرت موہانی تھے جن کے اصول صحافت نے ملک کے ادبی سماجی سیاسی اور تہذیبی اقدارکی صحیح ترجمانی کی ہے۔
حسرت موہانی ایک بلند خیال شاعر، ایک عظیم سیاستداں،متحرک اور فعال مجاہدآزادی اور بااصول نڈر صحافی تھے۔ان کی بے باک صحافت نگاری نے ہندوستان کی سیاسی فضا میں اپنی وسعت النظری اور بلند نگہی کا لوہا منوایا۔ان کی صحافتی زندگی حق پرستی، صداقت پسندی اور صاف گوئی کا آئینہ دار ہے۔