شاعر، ناول نگار ،مترجم ،ڈرامہ نگار،مورخ ،جناب مولاناعبدالحلیم شرر بحثیت مدیر اپنی ایک منفردپہچان رکھتے ہیں مگرسب سے بڑھکربطورناول نگار اُن کی ایک خاص پہچان ہے۔انھوں نے اُردومیں کم وبیش 42 ناول تخلیق کیے ۔اُردومیں تاریخی ناول نگاری کاسہراشررہی کے سرہے۔۔۔شرر ایک پختہ کہانی کارتھے اس لیے انھوں نے تاریخ کو بھی افسانوی اندازمیں پیش کیاہے اوراسلامی تاریخ کوبھی عشقیہ داستان کے طورپرپیش کرتے ہیں ۔اُن کے اسی طرزبیان کے حوالے سے سید وقارعظیم ناول "فردوسِ بریں "کے مقدمے میں رقم طراز ہیں ۔
"شررنے جو بہت سے ناول لکھے ان میں سے زیادہ تاریخی ہیں اوربقول شخصے "اسلامی تاریخی”ہیں۔دوسرے یہ کہ دوسرے یہ کہ یہ”اسلامی تاریخی”ناول تاریخی ہونے کے علاوہ "عاشقانہ” ہیں ۔یہ دونوں باتیں عوام کے من بھاتے موضوع ہیں اوران موضوعات کو شررنے اپنی شاعرانہ انشاپردازی سے عوام کا من بھاتا کھاجابنادیا ہے۔”