السلام علیکم
وعلیکم السلام
عید مبارک
خیر مبارک(کون سی والی) !
اب تک آپ کی زندگی میں سب سے یادگار عید جسے آپ منفرد کہیں ؟
انگلینڈ آنے کے بعد فقط ایک مرتبہ پاکستان میں عید منائی تھی ، میرے لیئے آج تک وہی یادگار و منفرد عید ہے۔
کوئی ایسی عید جب کوئی دکھ پہنچا ہو ؟
پچھلے سال کی عید۔
کیا آپ نے کبھی عید پر کوئی شعر یا جملہ لکھا ؟
ایک عید پر کچھ لکھا تھا لیکن وہ بات نہیں بنی جو میں نے چاہا،
باقی رہا جملے کا سوال تو ہم ہم ہم مممممم
آپ ایڈریس دیجئے اگلی عید تک شاید کوئی جملہ آپ تک پہنچ ہی جائے !
آپ نے عید پر سب سے پہلے کسی خاص ہستی کو مبارک باد کہی یا جو بھی سامنے آیا سب سے پہلے اسی کو مبارکباد دے دی ؟
ہمارے یہاں بہت روایتی انداز ہے عید ملنے کا، سب سے پہلے گھر کے بڑوں سے عید ملتے ہیں اور پھر اسی طرح باری باری مراتب کے ساتھ باقی لوگوں سے عید ملی جاتی ہے،سو میں بھی یہی کرتی ہوں۔
عید کے حوالے سے اپنی یا کسی کی بھی کوئی بات ، واقعہ یا تحریر جو آپ شئیر کرنا چاہیں۔۔۔۔ جس نے آپ کو متاثر کیا ہو ؟
نہیں،میرے پاس کوئی ایسا واقعہ نہیں ہے جسے میں عید کے حوالے سے تحریر کرسکوں۔
اگر کسی نے آپ سے بات چیت بند کی ہوئی ہو تو کیا اس عمل سے آپ کو تکلیف پہنچتی ہے ، کس حد تک ؟ کیا آپ نے خود کبھی کسی سے بات چیت بند کی؟ کیا آپ عید کے موقع پر اگر بات چیت بند ہو تو دوبارہ شروع کرنے میں پہل کرتی ہیں ؟
ظاہر ہے یہ ایک بیحد تکلیف دہ بات ہوگی کہ کسی سے بات چیت بند ہوجائے اور پھر مجھ جیسی حساس شخصیت کے لئے، اگر میری غلطی ہو تو میں غصہ ٹھنڈا ہونے پر یقینا خود پہل کرلوں گی، ویسے عید کے موقع پر تو کسی سے کبھی بات چیت بند نہیں ہوئی!
بات چیت کسی بھی بنا پر بند کرنے کی نوبت ہی کیوں آئے؟
ایسا ہونا ہی نہیں چاہیئے، میں نے اگر کسی سے کبھی بات چیت بند کی ہے تو اس کا ٹھوس سبب ہوتا ہے اور ایک بار اگر ایسا ہوجائے تو پھر دوبارہ بول چال چہ معنی دارد۔
کیا کبھی ایسا ہوا کہ آپ نے اپنا عید کا لباس کسی دوست یا کسی اور فرد کو دے دیا ہو۔۔۔ وجہ ؟
ایسا کبھی نہیں ہوا، البتہ میں ایسی ہوں کہ اگر کسی ضرورت مند کے بارے میں علم ہوگا تو بلا تاخیر اپنا قیمتی سے قیمتی لباس دے دوں گی، کسی کی ضرورت سے زیادہ ملبوسات کی بھلا کیا اہمیت ہوسکتی ہے!!!۔
بچپن کی عید اور موجودہ عید میں فرق ، عیدی کے علاوہ ؟
زمین آسمان کا فرق ہے۔
محفل کے کئی ممبران نے جو لکھا ہے بچپن کی عید کے بارے میں وہی میری عیدوں کا بھی حال تھا،
جب ایک سے ایک نت نئے کپڑوں کی تیاری،
اب کوئی سا بھی نیا سوٹ پہن لیتی ہوں۔
جب خاص عید کے لئے،چاند رات پر ہی جاکر چوڑیاں پہننا یہاں وہ تصور ہی نہیں ہے،کانچ کی چوڑیاں پھر بھی پہنتی ہوں۔
مہندی لگانا، وہ شوق اب بھی ہے۔
سہیلیوں کو عید کارڈز میں چن چن کر اشعار لکھنا اب کارڈوں میں فارمل سی عبارت ہوتی ہے۔
جب ڈھیر ساری عیدی جمع کرنا، اب صرف دینا دینا اور دینا!
بچپن میں چٹ پٹے کھانوں کے لیئے عید کی شام سب مل کر باہر جاتے تھے جس کا جو جی چاہے منگوائے،اس وقت یہ ناولٹی لگتی تھی بڑی فراخدلی ہوتی تھی، اب سب کچھ فراوانی سے میسر ہے لیکن وہ ذائقہ وہ لطف کہاں!
اب ایسا کچھ نہیں ہوتا اور بھی بہت کچھ ہے جو کھوچکا ہے لیکن اس کی وجہ پردیس ہے، ہم لاکھ چاہے وطن جیسی یا اس سے بڑھ کر بھی تیاریاں کر لیں لیکن جو بات اپنے وطن اپنے ماحول اور کلچر کی ہے وہ کبھی پیدا نہیں ہوئی نہ آئندہ کبھی ہوسکے گی، کم از کم میرے لئے تو نہیں۔
مجھے اب عید کی کوئی خوشی نہیں ہوتی، آنے والی عیدوں کی خوشی کے لیئے دعاگو ہوں۔
آپ کے خیال میں عید کیا سب سے اچھی بات سکھاتی ہے ؟
ملک اور مذہب کے حوالے تو بیشمار باتیں ہیں لیکن چونکہ ہم بیرون ملک مقیم ہیں لہذا اس حوالے سے عید میل جول،باہمی محبت، یگانگت اور حسن سلوک کا اچھا مظاہرہ دکھاتی ہے،یہاں زیادہ تر لوگ عید والے دن وقت نکال کر کسی نہ کسی طرح اس روز گھر آ ہی جاتے ہیں اور پورا خاندان جمع ہوتا ہے، بقیہ دوست احباب سے اس روز ملنے ملانے سلسلہ پاکستان کی طرح تو نہیں ہوتا لیکن فون کالز کا تانتا بندھا ہوتا ہے۔
اب ایک اہم کام !
عید کے حوالے سے کوئی ایک ایسا سوال اب آپ کو یہاں کرنا ہے جو آپ یہاں اردو محفل کے کسی بھی رکن سے کرنا چاہیں ۔ یعنی اب آپ محفل میں کسی بھی رُکن کے نام سوال لکھیں اور اس رکن کو یہاں بلائیں جواب دینے کے لئے۔
شگفتہ،اب تو رات گئی بات گئی والا معاملہ ہے۔
‘‘عید قرباں‘‘ کی تیاریاں کرلیں، پھر سوچتے ہیں!