حسان خان

لائبریرین
اِس دھاگے کے بانی اور قندِ پارسی کی شیرینیوں کی فی سبیل اللہ ترویج کرنے والے محترم محمد وارثِ گرامی کو اپنے معظّم و مفخّم صفحے 'نقش ہائے رنگ رنگ' پر دس ہزار پسندیدگیاں حاصل کرنے پر تبریکات پیش ہیں۔ ہم محبانِ فارسی کے لیے یہ امر باعثِ شادمانی ہے کہ آپ کے انتخاب کردہ فارسی اشعار اور اُن کے ترجمے روزانہ ہزاروں اردو داں تشنگانِ ادبیاتِ فارسی تک پہنچتے اور اُن کو سیراب کرتے ہیں اور اُنہیں اُن کی میراثِ گم گشتہ سے بہرہ مند ہونے کا موقع فراہم کرتے ہیں۔
 
حسان خان

لائبریرین
صبر بر جورِ رقیبت چه کنم گر نکنم
همه دانند که در صحبتِ گل خاری هست
(سعدی شیرازی)

اگر میں تمہارے رقیب کے ستم پر صبر نہ کروں تو کیا کروں؟ سب جانتے ہیں کہ گُل کی ہمراہی میں ایک خار موجود ہوتا ہے۔
× یہاں لفظِ 'رقیب' شاید 'نگہبان' کے معنی میں استعمال ہوا ہے۔
 
آخری تدوین:

محمد وارث

لائبریرین
اِس دھاگے کے بانی اور قندِ پارسی کی شیرینیوں کی فی سبیل اللہ ترویج کرنے والے محترم محمد وارثِ گرامی کو اپنے معظّم و مفخّم صفحے 'نقش ہائے رنگ رنگ' پر دس ہزار پسندیدگیاں حاصل کرنے پر تبریکات پیش ہیں۔ ہم محبانِ فارسی کے لیے یہ امر باعثِ شادمانی ہے کہ آپ کے انتخاب کردہ فارسی اشعار اور اُن کے ترجمے روزانہ ہزاروں اردو داں تشنگانِ ادبیاتِ فارسی تک پہنچتے اور اُن کو سیراب کرتے ہیں اور اُنہیں اُن کی میراثِ گم گشتہ سے بہرہ مند ہونے کا موقع فراہم کرتے ہیں۔
ذرہ نوازی ہے آپ کی برادرِ من، گو آپ مجھ سے کم و بیش آدھی عمر کے ہیں، لیکن آپ کی یہ تبریک میرے لیے باعثِ صد افتخار ہے، آپ سے صاحبِ علم و ہمت کا جتنا بھی شکریہ ادا کیا جائے کم ہے۔ :)

اور نقش ہائے رنگ رنگ کی پسندیدگیاں تو خیر کیا معانی رکھتی ہیں، میں اُس وقت بھی ترجمہ کرتا تھا جب ان کو صرف تین یا چار لوگ پسند کرتے تھے اور شاید دس بیس بھی نہیں پڑھتے تھے۔ صحیح "گرمیِ بازار" تو آپ کے آنے سے پیدا ہوئی ہے اور اُس کے ثمرات بھی ظاہر ہو رہے ہیں۔

فارسی شاعری میرا عشق ہے، اور ٹھانی تو یہی ہے کہ تا دمِ واپسیں میں "عاشق" ہی رہونگا :)
ع - وہی اٹھانا ہے پتھر جو سب سے بھاری ہے
 
سید عاطف علی

لائبریرین
:congrats:
دس ہزاری پذیرائیوں پر تو طغرہ آویزاں ہونا چاہیئے۔
میں اللہ کے حضور علم و حکمت کے لازوال الماس و مروارید اور محبتوں و شوخیوں کے موتیوں کی قدردانی کی توفیق کے لیے سر بسجود ہوں ۔ اور اپنے عزیز و مشفق دوست محمد وارث صاحب کو اس سنگ میل پر خراج تحسین پیش کرتا ہوں اور دیگرتمام شارکین خصوصاً حسان خان کے لیے بھی نیک اور پر خلوص خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے دعاگو ہوں کہ اللہ تعالی علم کے سفر میں ہم سب کے لیے تادم مرگ برکت و ترقی عطا فرمائے۔
 
نوازش آپ کی برادرم، بہت شکریہ آپ کا۔

آپ بھی تو ہماری اس "جماعت" کے صفِ اول کے رکن ہیں، ماشاءاللہ۔
 
سید عاطف علی

لائبریرین
نوازش آپ کی برادرم، بہت شکریہ آپ کا۔
آپ بھی تو ہماری اس "جماعت" کے صفِ اول کے رکن ہیں، ماشاءاللہ۔
آپ کی محبت ہے ۔ورنہ خوشہ چینوں میں ہے اپنا نام تو ، جہاں ٹھنڈی چھاؤں دیکھی غریب الوطنی کا غم غلط کرنے بیٹھ گئے۔
دلا نزد کسے بنشیں ،کہ او از دل خبر دارد
بہ زیر آں درختے رو کہ او گل‌ہا ئے تر دارد
 
حسان خان

لائبریرین
رقیب اندر بلای هَجر اگر یک شب بصُبحیدی
بشرمیدی، دگر از عشقِ مه‌رویان نلافیدی
(عبدالقادر خواجه سودا بخارایی)

اگر رقیب بلائے ہجر میں ایک شب صبح تک گذار لیتا تو وہ شرمندہ ہو جاتا، اور پھر دوبارہ ماہ رُویوں کے عشق کی لاف (ڈینگ) نہ مارتا۔
× 'شرمیدن' اور 'لافیدن' تو فارسی میں استعمال ہوئے ہیں، لیکن 'صُبحیدن' شاعر کا اپنا ساختہ مصدر ہے۔
 
حسان خان

لائبریرین
(رباعی)
زاهد که مُدام توبه فرمود مرا
می‌خواند گناه‌کار و مردود مرا
فردا که عطای دوست بیند گوید
ای کاش بجز گنه ‌نمی‌بود مرا
(جعفر کاشی)

زاہد کہ جو ہمیشہ مجھے توبہ کی نصیحت کرتا تھا اور مجھے گناہ کار و مردود پکارتا تھا، وہ کل جب دوست کی عطا دیکھے گا تو کہے گا کہ اے کاش میرے پاس گناہوں کے سوا کچھ نہ ہوتا۔
 
حسان خان

لائبریرین
تا مرد سخن نگفته باشد
عیب و هنرش نهفته باشد
(سعدی شیرازی)

جب تک انسان نے تکلم نہیں کیا ہوتا، اُس کے عیب و ہنر پوشیدہ رہتے ہیں۔
 
اس ناچیز کی طرف سے بھی محمد وارث صاحب کو گلدستہء تبریک۔ایزد تعال آپ کی شروع کردہ اس رشکِ صد گل کوشش کو اوجِ فلک سے زیادہ بلندی اور ژرفِ بحر سے زیادہ عمق عطا فرمائے اور وطن داراں کو اسلاف کی اس میراثِ گم گشتہ زبانِ فارسی سے دوبارہ بہرہ یاب ہونے کا جذبہ عطا فرمائے۔آپ کا فیس بک پیج اور آپ کی آغازیدہ یہ لڑی تمام وطن داروں کے لئے صدائے بازگشت ہے۔
 
آخری تدوین:
اگر خواهی که گل بینی رخِ خود را تماشا کن
وگر میلِ خزان داری نگاهی جانبِ ما کن
(موالی تویی)

اگر تو خواہاں ہے کہ گل دیکھے، اپنے چہرے کو دیکھ
اور اگر خزاں کا میل رکھتا ہے تو نگاہ میری جانب کر۔
 
فارسی شاعری میرا عشق ہے، اور ٹھانی تو یہی ہے کہ تا دمِ واپسیں میں "عاشق" ہی رہونگا
فارسی کا حسن ہی ایسا ہے کہ اس لڑی میں موجود اکثر احباب اس کے عاشق ہیں بلکہ بقولِ حافظ
ہزارش عاشقِ شیدا چو ما ہست
 
حسان خان

لائبریرین
به حجاب اندرون شود خورشید
گر تو برداری از دو لاله حِجیب
(رودکی سمرقندی)

اگر تم دو لالہ [جیسے رخساروں] سے حجاب اٹھا لو تو خورشید حجاب کے اندر ہو جائے۔
 
حسان خان

لائبریرین
بس بگشتم که بپُرسم سببِ دردِ فراق
مُفتیِ عقل در این مسئله لایعقِل بود
(حافظ شیرازی)

میں دردِ فراق کا سبب پوچھنے کے لیے بسیار (بہت) گھوما، [لیکن] مفتیِ عقل اِس مسئلے میں بے عقل و نادان تھا۔
× ایک جگہ پڑھا ہے کہ مفتی اور عقل کے درمیان 'اضافتِ تشبیہی' ہے، یعنی اِس شعر میں عقل کو مفتی (فتوا دہندہ) سے تشبیہ دی گئی ہے۔
 
آخری تدوین:

محمد وارث

لائبریرین
اس ناچیز کی طرف سے بھی محمد وارث صاحب کو گلدستہء تبریک۔ایزد تعال آپ کی شروع کردہ اس رشکِ صد گل کوشش کو اوجِ فلک سے زیادہ بلندی اور ژرفِ بحر سے زیادہ عمق عطا فرمائے اور وطن داراں کو اسلاف کی اس میراثِ گم گشتہ زبانِ فارسی سے دوبارہ بہرہ یاب ہونے کا جذبہ عطا فرمائے۔آپ کا فیس بک پیج اور آپ کی آغازیدہ یہ لڑی تمام وطن داروں کے لئے صدائے بازگشت ہے۔
نوازش آپ کی آغا صاحب، بہت شکریہ آپ کا :)
 
صد ہزاران صورت است اما ہمہ تمثال دوست
غیرِ یک صورت نسازد خامہ تصویرِ ما

صد ہزار صورتیں ہیں لیکن تمام تمثالِ دوست۔ ہمارا خامہ ایک صورت کے سوا کچھ نہیں بناتا۔

عرفی شیرازی
 
آخری تدوین:

محمد وارث

لائبریرین
صد ہزاران صورت است اما ہمہ تمثال دوست
غیرِ یک صورت نسازد خامہ تصویرِ ما

صد ہزار صورتیں ہیں لیکن تمام تمثالِ دوست۔ ہمارا خامہ ایک صورت کے سوا کچھ نہیں بناتا۔

عرفی شیرازی
میرے خیال میں ما کی اضافت تصویر کی طرف راجع ہے یعنی ہماری تصویر اور خامہ کے ساتھ بھی اضافت ہے یعنی خامہء، سو دوسرے مصرعے کا مطلب ہو سکتا ہے کہ کچھ یوں ہو کہ "کوئی بھی خامہ ہماری تصویر ایک ہی صورت کے سوا کچھ نہیں بناتا"۔ :)
 
ایسی صورت میں خامہ ای نہیں لکھا جائے گا خامہء کی جگہ؟
 
Top