بہت بہت شکریہ مقدس آپ کا۔
صدر محفل کی اجازت سے۔۔۔۔
سب سے پہلے صدر محفل و میر محفل کو آداب اور سلام عرض ہے۔
جملہ محفلین، اراکین، قارئین، ناظرین، حاضرین، وابستگان اور مہمانان کو ہماری ہر دل عزیز اور بہت ہی پیاری "اردو محفل" کی گیارہویں سالگرہ بہت بہت مبارک ہو۔
؎ پھلا پھولا رہے یا رب چمن ہماری امیدوں کا
دعا ہے باری تعالی ہماری اس اردو محفل کو اسی طرح شاد آباد اور پر رونق رکھے ہمیں اس محفل سے اور آپس میں محبت عطا کرے۔
اجازت کے ساتھ۔۔۔۔
اس شعر سے آغاز کرتا ہوں، عرض کیا ہے کہ۔۔۔
؎ لکھا نہیں جو مقدر میں دینے والے نے
ملا نہیں تو پھر اس پر ملال کیسا ہے
ایک قطعہ ملاحظہ فرمائیں۔
؎ ہاں دل کی تسلی کے لیے بات ٹھیک ہے
یہ اور بات خوف سا چھایا ہے آپ پر
دامن ہمارا چھوڑ کے جی لیں گے آپ بھی
لیکن ہمارا آج بھی سایہ ہے آپ پر
اس قطعہ اور غزل کے ساتھ اجازت۔۔۔۔۔
؎ وسعت ذات میں کھویا ہوں تجھے پایا ہے
جس جگہ دیکھتا ہوں یہ ترا سایہ ہے
میں کہ افلاک کی گردش کو کہاں چھو سکتا
یہ ترا لمس افق پار تلک لایا ہے
لے کے حسن و خمار پہلو میں
کب سے بیٹھا ہے یار پہلو میں
قتل کرنے کو ایک کافی ہے
کر سلیقے سے وار پہلو میں
اُن سے پہلو تہی نہیں ہوتی
جن کا رہتا ہو پیار پہلو میں
عشق کرنے کا ہے مزہ جب ہی
ہو رقابت کا خار پہلو میں
زندگی دیر تک نہیں چلتی
ہجر کا لےکے بار پہلو میں
آگ نفرت کی کیا جلائےہمیں
تیرے غم کی ہے نار پہلو میں
جب محبت کو ہم نےدفنایا
اک بنایا مزار پہلو میں
ہم حسن شوق سے جھکائیں گے سر
وہ سجائے جو دار پہلو میں
والسلام شکریہ
حسن محمود جماعتی