سندباد
لائبریرین
فضاگٹ پارک
[align=justify:8c372a1460]منگورہ کے مشرق کی طرف مدین، بحرین روڈ پر ’’فضا گٹ‘‘ کے مقام پر ایک خوب صورت پارک واقع ہے۔ یہ پارک بلدیہ منگورہ کے سابق چیئرمین اور سوات کی مشہور سیاسی و سماجی شخصیت ملک بیرم خان کے متنوع ذہن کی تخلیق ہے جو دل کشی، رعنائی اور فطری مناظر کے لحاظ سے اپنی مثال آپ ہے۔ اُسے باقاعدہ پارک کی شکل 1984ء میں دی گئی۔یہ پارک قدرت کی بے پناہ رنگینیوں کا مظہر ہے اور دریائے سوات کے عین کنارے پر واقع ہونے کی وجہ سے اس کی اہمیت دوچند ہو جاتی ہے۔ کیوں کہ اس کے دونوں جانب دریائے سوات سے نکلی ہوئی شفاف ندیاں رواں دواں ہیں جن کے بیچ میں پارک از حدخوب صورت اور پُر کیف منظر پیش کرتا ہے۔ ہرطرف سبزہ ہی سبزہ ہے اور حسین پھول خوشبو بکھیرتے نظر آتے ہیں۔فضا گٹ کا پُرانا نام ’’قضا گٹ‘‘ ہے ۔ پشتو میں ’’قضا‘‘ موت اور’’گٹ‘‘ چٹان کو کہتے ہیں یعنی موت والی چٹان۔ اس کی وجہ تسمیہ یہ ہے کہ ریاستِ سوات کے قیام سے پہلے دریائے سوات کے کنارے کوئی سڑک نہیں تھی جس کی وجہ سے لوگ دریائے کے ساتھ واقع بلند پہاڑ کی چوٹی پر سفر کرکے بالائی سوات سے منگورہ اور منگورہ سے بالائی سوات جایا کرتے تھے۔ راستہ بڑا پُر پیچ اور تنگ تھا، پاؤں کی معمولی سی لغزش سے آدمی سینکڑوں فٹ بلندی سے نیچے گر کر دریائے سوات کی تند و تیز لہروں کا شکار ہو جاتا، اس لئے لوگ اُسے قضا گٹ کے نام سے پکارنے لگے۔ فضا گٹ کا پُرانا نام ’’کومبڑ‘‘ بھی ہے جب کہ اسے ’’فرنجل‘‘ کے نام سے بھی پکارا جاتا ہے۔
مِنگورہ سے فضا گٹ جاتے ہوئے پارک سے پہلے سڑک کی دوسری جانب سوات(منگورہ)کی مشہور زمردکی کان نظر آتی ہے۔ اس کے علاوہ راستے میں دریائے سوات سے نکلی ہوئی ندی کے سنگ سنگ، جدید آبادی کے خوب صورت بنگلے اور ان سے متصل سرسبز و شاداب کھیت بڑی دل آویزی اوررعنائی کا باعث ہیں۔[/align:8c372a1460]