سندباد
لائبریرین
مدین
(تیراتھ، جونو سر، شاہ گرام، چیل)
[align=justify:2e61eb0b45]حسین سبزہ زاروں، گھنے جنگلات اور برف کی سپید فرغل پہنی ہوئی فلک بوس چوٹیوں کے دامن میں واقع مدین کی وادی، سوات کے مرکزی شہر منگورہ سے 52 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے۔ یہ پختہ سڑک کے ذریعے منگورہ سے منسلک ہے اور سطح سمندر سے اس کی بلندی 4334 فٹ ہے۔مدین سوات کی حسین ترین وادیوں میں سے ایک ہے۔ جہاں ہرطرف رنگینی، دل کشی، رعنائی اور حُسن کا راج ہے۔ دریائے سوات کے کنارے واقع یہ خوب صورت مقام دلوں میں نئی اُمنگ پیدا کرتا ہے۔ جو لوگ اس وادی کا رُخ کرتے ہیں یہاں کے دل فریب مناظر میں کھو کر رہ جاتے ہیں۔
مدین کی حدود پیا خوڑ (پیاندی) سے لے کر مشکون گٹ تک پھیلی ہوئی ہیں۔ یہاں کی کل آبادی قریباً50 ہزار نفوس پرمشتمل ہے۔ یہاں کے لوگ اپنی قدیم تہذیب میں رنگے ہوئے ہیں۔ مذہبی لحاظ سے پکے مسلمان ہیں۔ جنگ و جدل کو پسند نہیں کرتے اور امن و آشتی سے رہنے والے یہ لوگ بڑے مہمان نواز ہیں۔
مدین کا پُرانا نام ’’چوڑڑئی‘‘ ہے۔ یہ نام وادئ سوات میں بُدھ مت کے دورِ عروج میں اُسے دیا گیا تھا۔ بعد میں والئی سوات میاں گل عبدالحق جہان زیب نے اُسے مدین کے نام سے تبدیل کیا۔مدین کے قرب وجوار میں کئی خوب صورت علاقے موجود ہیں۔ جن میں بیلہ، بشی گرام،شنڑکو، تیراتھ، قندیل، دامانہ، آریانہ، مورپنڈئ، چورلکہ، شاہ گرام، الکیش، کالاگرام، شیگل اور گڑھی نامی گاؤں کافی مشہور ہیں۔ ان علاقوں کی خوب صورتی اور حسین مناظر دیکھنے سے تعلق رکھتے ہیں مگران میں بعض علاقوں تک پختہ سڑک کی غیر موجودگی نے ان خوب صورت مقامات کوسیاحوں کی نظروں سے پوشیدہ رکھا ہواہے۔ ان علاقوں میں تیراتھ ایک حسین و جمیل علاقہ ہے جو مدین سے جنوب کی طرف دریائے سوات کی مغربی سمت واقع ہے۔ اس مقام تک جانے والی سڑک دریائے سوات پر بنائے گئے ایک خوب صورت پُل کے ذریعے جرنیلی سڑک کے ساتھ منسلک ہے۔[/align:2e61eb0b45]