راما جھیل پر کچھ پاکستانی سیاح ملے۔ اپنی ٹوپیوں، داڑھیوں اور لباس سے سب مولوی لگ رہے تھے۔ اچھے لوگ تھے۔ علاقے کی خوبصورتی پر گپ شپ ہوئی۔ ان کے استفسار پر بتایا کہ ہم امریکہ سے ہیں۔ پوچھنے لگے کہ امریکہ میں ایسی خوبصورتی ہے۔ میں نے جواب دیا کہ خوبصورت پہاڑ، سبزہ، برف، گلیشیر، جھیلیں سب ادھر ہیں لیکن پہاڑ اتنے بلند نہیں جیسے ہمالیہ اور قراقرم کے۔
پھر انہوں نے ایک عجیب سوال کیا کہ میں مسلمان ہوں یا کرسچین۔ میں نے کہا کہ میں مذہبی نہیں ہوں۔ اس پر وہ کچھ گڑبڑا سے گئے جیسے ان کے نزدیک یہ ممکن نہ تھا۔
بہرحال ان سے اچھی گفتگو رہی۔ ہم سے ملنے کے بعد وہ راما جھیل اور پہاڑوں کے ساتھ سیلفی بنانے میں مصروف ہو گئے۔